راجیہ سبھا سکریٹریٹ
راجیہ سبھا کے معزز ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش کی قیادت میں ہندوستانی پارلیمانی وفد نے تنزانیہ کے شہر اروشا میں منعقدہ بین پارلیمانی یونین(آئی پی یو) کی 153ویں اسمبلی میں مسلسل تیسرے روز، یعنی 7 اکتوبر 2026 کو بھی شرکت کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 OCT 2026 1:01PM by PIB Delhi
راجیہ سبھا کے معزز ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش نے آئی پی یو کی 153ویں اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت کی اور ’’شمولیت، اعتماد اور سب کے لیے مواقع کے ذریعے بہتر حکمرانی اور بااختیار معاشروں کا فروغ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ عام بحث میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین نے ارکانِ پارلیمنٹ پر زور دیا کہ بہتر حکمرانی کے فروغ کے لیے شفافیت کو مستحکم کریں، جواب دہی کو یقینی بنائیں اور عوامی اعتماد کو فروغ دیں۔
لوک سبھا کے رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے جیسوال نے ’’مختلف نسلوں میں ذہنی صحت: ڈیجیٹل دباؤ، معاشی مشکلات اور غیر یقینی صورتِ حال سے نمٹنا‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ میں شرکت کی۔
لوک سبھا کی رکنِ پارلیمنٹ محترمہ اپراجیتا سارنگی نے اقوامِ متحدہ سے متعلق قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ’’تنزانیہ کی متحدہ جمہوریہ میں اقوامِ متحدہ کی ملکی ٹیم: اقوامِ متحدہ کے اصلاح شدہ نظام کی عکاسی‘‘ کے موضوع پر پینل مباحثے میں شرکت کی۔
لوک سبھا کی رکنِ پارلیمنٹ محترمہ بیجولی کلیتا میدھی نے سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق ورکنگ گروپ کے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے پائیدار ترقی سے متعلق قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بھی حصہ لیا، جہاں آئندہ قرارداد کے موضوع ’’پہاڑی اور سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور 2030 تک 30 فیصد تحفظ کے ہدف کے حصول کے لیے پارلیمانی قیادت‘‘ پر بحث ہوئی۔
لوک سبھا کی رکنِ پارلیمنٹ محترمہ کمل جیت سہراوت نے ’’امن کے وعدوں سے آگے: بین الاقوامی انسانی قانون اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے نفاذ میں پارلیمان کا رول‘‘ کے موضوع پر پینل مباحثے میں شرکت کی۔ انہوں نے ’’بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اخلاقی مصنوعی ذہانت(اےآئی) کے فروغ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ اور بین الاقوامی انسانی قانون کے احترام کے فروغ سے متعلق کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔
لوک سبھا کی رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر لتا وانکھیڑے نے ’’ہماری پلیٹ میں کیا ہے؟ بدلتی ہوئی آب و ہوا میں صحت بخش خوراک کی فراہمی‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ میں شرکت کی۔
راجیہ سبھا کے رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر سسمت پاترا نے امن اور بین الاقوامی سلامتی سے متعلق قائمہ کمیٹی کے ماہرین کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں آئندہ قرارداد کے موضوع ’’تنازعات کے دوران بحری سلامتی کو مضبوط بنانا اور اہم بنیادی ڈھانچے کا تحفظ: بین الاقوامی بحری آمدورفت اور عالمی اقتصادی استحکام کے تحفظ میں پارلیمان کا رول‘‘ پر غور کیا گیا۔
راجیہ سبھا کے معزز ڈپٹی چیئرمین کی قیادت میں ہندوستانی پارلیمانی وفد کے ارکان نے روسی فیڈریشن کی وفاقی اسمبلی کی فیڈریشن کونسل کے ڈپٹی چیئرمین عزت مآب کونسٹنٹِن کوساچیف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات بھی کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
راجیہ سبھا کے معزز ڈپٹی چیئرمین نے آئی پی یو کی سبکدوش ہونے والی صدر محترمہ ٹولیا ایکسن سے بھی ملاقات کی اور آئی پی یو کے کام کاج کو مزید جامع اور فعال بنانے کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اقوامِ عالم میں پارلیمانی جمہوریت کو مزید مستحکم اور وسیع تر بنانے کے لیے محترمہ ایکسن کی مسلسل اور مربوط کاوشوں کی بھی تعریف کی۔
راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل نے محترمہ اینڈا فلپ سے ملاقات کی، جنہیں ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقدہ آئی پی یو کی 152ویں اسمبلی میں بین پارلیمانی یونین(آئی پی یو) کی سکریٹری جنرل منتخب کیا گیا تھا۔ وہ آئی پی یو کی 137 سالہ تاریخ میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل نے جمہوریت اور امن کے فروغ کے لیے آئی پی یو کے مقاصد اور اقدار کو آگے بڑھانے میں پارلیمنٹ آف انڈیا کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ملاقات کے اختتام پر انہوں نے محترمہ فلپ کے لیے ان کے دورِ کار کی کامیابی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
راجیہ سبھا کے معزز ڈپٹی چیئرمین کی قیادت میں ہندوستانی پارلیمانی وفد نے اسمبلی کے ایجنڈے میں ہنگامی نوعیت کے ایک معاملے کو شامل کرنے کے لیے ہونے والی رائے شماری میں بھی حصہ لیا۔
رائے شماری کے بعد آئی پی یو کے صدر نے اعلان کیا کہ ’’موسمیاتی تبدیلی سے متعلق قدرتی آفات سے نمٹنے اور ہمالیائی خطے سمیت دیگر سہولیات سے محروم علاقوں میں موسمیاتی لچک کو مضبوط بنانے کے لیے فوری پارلیمانی اقدامات‘‘ کے عنوان سے پیش کیا گیا معاملہ، جس کی تجویز نیپال نے دی تھی اور ہندوستان سمیت دیگر ممالک نے اس کی حمایت کی تھی، اروشا میں منعقدہ بین پارلیمانی یونین کی 153ویں اسمبلی کے ہنگامی ایجنڈے کے طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔

_20261008130456_dbec93.jpeg)
) ش ح – ع ح-ت ا )
U.No.4831
(ریلیز آئی ڈی: 2320766)
وزیٹر کاؤنٹر : 3