سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

آج مالی مدد، کل خود انحصاری


منیکالا درگا کا معاشی خودطور پر خود کفیل بننے کی جانب سفر

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 OCT 2026 6:00PM by PIB Delhi

روزگار سے متعلق سرگرمیوں کے لیے بروقت مدد آمدنی بڑھانے، خاندان کا مالی تحفظ مضبوط بنانے اور باوقار و خود کفیل زندگی کو فروغ دینے کے مواقع فراہم کر سکتی ہے۔ مالی امداد پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو پائیدار روزگار قائم کرنے اور اپنی معاشی حالت بہتر بنانے میں اہم رول ادا کر سکتی ہے۔

39 سالہ محترمہ منیکالا درگا درج فہرست قبائلی برادری سے تعلق رکھتی ہیں اور گزشتہ 15 برس سے گنٹور میونسپل کارپوریشن میں کچرا چننے کا کام کر رہی ہیں۔ مالی طور پر کمزور خاندان سے تعلق رکھنے کی وجہ سے وہ اسکول نہیں جا سکیں اور ناخواندہ رہ گئیں۔ امداد حاصل کرنے سے پہلے ان کا روزگار بنیادی طور پر کچرا چننے کے کام پر منحصر تھا، جس سے انہیں ماہانہ تقریباً 8,000 روپے کی آمدنی ہوتی تھی۔ محدود آمدنی کے باعث ان کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا اور اپنے بچوں کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا مشکل تھا۔

محترمہ درگا نے تین دیگر افراد کے ساتھ مل کر نیشنل صفائی کرمچاریز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی ’سوچھتا ادیمی یوجنا‘ (ایس یو وائی) کے تحت نو جیون تنظیم کے ذریعے مالی امداد حاصل کی۔ یہ امداد کھلے نالوں کی صفائی کے لیے گاد نکالنے والی مشین (بیک ہو بالٹی سے لیس کھدائی مشین) خریدنے کے لیے ابتدائی سرمایہ جاتی سبسڈی کی شکل میں فراہم کی گئی۔ اس اجتماعی منصوبے کی مجموعی لاگت 35,03,500 روپے تھی، جس میں 21,27,624 روپے کا قرض اور 13,75,876 روپے کی سرمایہ جاتی سبسڈی شامل تھی۔ یہ مالی معاونت 19 جون 2023 کو فراہم کی گئی۔

مالی امداد کے مؤثر استعمال سے محترمہ درگا کو ماہانہ تقریباً 8,000 روپے کی اضافی آمدنی حاصل ہونے لگی ہے، جس سے ان کی کل ماہانہ آمدنی بڑھ کر تقریباً 16,000 روپے ہو گئی ہے۔ آمدنی میں اس اضافے سے ان کی گھریلو ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت  بہتر ہوئی ہے اور وہ اپنے کنبے کی زیادہ مستحکم اور محفوظ طریقے سے کفالت کر پا رہی ہیں۔

ایس یو وائی اسکیم کے تحت فراہم کی گئی مالی امداد نے محترمہ درگا کی معاشی حالت میں نمایاں بہتری لانے کے ساتھ انہیں زیادہ پائیدار روزگار اختیار کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ آمدنی میں اضافے سے ان کا مالی تحفظ اور اعتماد بڑھا ہے، جبکہ وہ اپنے خاندان کی فلاح و بہبود اور اپنے بچوں کی تعلیم و بہتر مستقبل کے لیے زیادہ مؤثر انداز میں اپنا رول ادا کر پا رہی ہیں۔

محترمہ درگا نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’مالی امداد سے میری آمدنی بڑھانے اور میرے کنبے کی مالی حالت بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ اس سے میرے اعتماد اور مالی استحکام میں اضافہ ہوا ہے اور مجھے اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنے کا موقع ملا ہے۔‘‘

محترمہ منیکالا درگا کی زندگی کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بروقت مالی امداد اور روزگار کے لیے معاونت پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی آمدنی بڑھانے اور معاشی خود انحصاری کی جانب بڑھنے کے قابل بنا سکتی ہے۔ ان کا تجربہ اس امر کو اجاگر کرتا ہے کہ ہدف پر مبنی مالی معاونت پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے، کنبوں کو مضبوط بنانے اور زیادہ باوقار و خود انحصار معاشرے کے فروغ میں اہم رول ادا کر سکتی ہے۔

********

 (ش ح ۔ش ب  ۔ص ج )

U. No.4785


(ریلیز آئی ڈی: 2320312) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Telugu