الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت اے آئی مشن کے تحت آندھرا پردیش کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں اے آئی کوش یونیورسٹی انگیجمنٹ پروگرام کا انعقاد، بھارت کے اے آئی ٹیلنٹ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کی سمت  ایک اہم قدم ہے


آندھرا پردیش کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں اے آئی کوش یونیورسٹی انگیجمنٹ پروگرام کے ذریعے بھارت اے آئی مشن کی تعلیمی شعبے میں شمولیت مزید مستحکم ہوگی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 06 OCT 2026 8:37PM by PIB Delhi

حکومت ہند کی الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (ایم ای آئی ٹی وائی) کے تحت بھارت اے آئی مشن نے 5 اکتوبر 2026 کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، آندھرا پردیش کے تاڈیپلی گوڈیم میں اے آئی کوش یونیورسٹی انگیجمنٹ پروگرام (یو ای پی) کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام کا مقصد اے آئی کے بارے میں بیداری کو فروغ دینا، اے آئی وسائل تک رسائی کو عام کرنا اور طلبہ کو ضروری معلومات اور وسائل سے لیس کرنا تھا، تاکہ وہ بھارت میں تیزی سے فروغ پاتے مصنوعی ذہانت کے ایکو سسٹم میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

مارچ 2024 میں حکومت ہند کی جانب سے منظوری دیے جانے کے بعد سے بھارت اے آئی مشن ملک کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی رہنما بنانے کے وژن کو آگے بڑھا رہا ہے۔ اس کے تحت اختراع کو فروغ دینے، ذمہ دارانہ اے آئی کی ترقی کو ممکن بنانے، اندرون ملک  اے آئی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے کہ اے آئی کے فوائد معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچیں۔

مشن کے ایک اہم ستون کے طور پر اے آئی کوش بھارت کا متحدہ ڈیٹا پلیٹ فارم ہے، جو اعلیٰ معیار کے ڈیٹاسیٹس، اے آئی ماڈلز، ٹول کٹس، بینچ مارکس اور دیگر اہم وسائل تک رسائی فراہم کرتا ہے، جو تحقیق اور اے آئی پر مبنی ایپلی کیشنز کی تیاری میں معاون ہیں۔ اے آئی کوش یونیورسٹی انگیجمنٹ پروگرام کے ذریعے بھارت اے آئی مشن کا مقصد طلبہ اور تعلیمی اداروں کو ان قومی اے آئی وسائل سے روشناس کرانا، نیز عملی طور پر سیکھنے اور اختراع کو فروغ دینا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261006203801_d4eccd.jpg

اس پروگرام کے تحت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، آندھرا پردیش کے 160 سے زائد طلبہ نے ماہرین کے سیشنز، براہِ راست مظاہروں اور عملی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جن کا مقصد انہیں اے آئی کوش اور بھارت اے آئی کے وسیع تر ایکو سسٹم سے روشناس کرانا تھا۔ شرکا نے اے آئی کوش ایم سی پی (ماڈل کانٹیکسٹ پروٹوکول) اور اے آئی کوش ایس ڈی کے (سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کٹ) کا بھی جائزہ لیا، جو صارفین کو قدرتی زبان کے ذریعے ڈیٹاسیٹس اور اے آئی ماڈلز تلاش کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ اس سے قومی اے آئی وسائل تک رسائی آسان ہوتی ہے اور ڈیولپرز کے ساتھ ساتھ غیر ڈیولپرز کے لیے بھی رکاوٹیں کم ہوتی ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261006203809_c6c704.jpg

اس اقدام کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے بھارت اے آئی مشن کے ڈائریکٹر، جناب ایم ڈی وائی. صفیراللہ کے آئی اے ایس نے کہاکہ ‘‘ہمارے معزز وزیر اعظم کے اے آئی کو عام کرنے کے وژن سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے، بھارت اے آئی مشن اس عزم کو ملک بھر کے تعلیمی کیمپس تک پہنچا رہا ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، آندھرا پردیش میں ہم انہی تین ستونوں، یعنی عوام، کرۂ ارض اور ترقی، کو نئی نسل کے ان طلبہ کے ذریعے عملی شکل اختیار کرتے دیکھ رہے ہیں، جو بھارت کے اے آئی ایکو سسٹم سے وابستہ ہونے کے لیے تیار ہیں۔ اے آئی کوش یونیورسٹی انگیجمنٹ پروگرام  کے تحت طلبہ کے لیے حقیقی ڈیٹاسیٹس، حقیقی ماڈلز اور ملک کے اے آئی سفر میں اپنا کردار ادا کرنے کے حقیقی مواقع کو عملی شکل دینے کا ذریعہ ثابت ہوگا۔’’

اس تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، آندھرا پردیش کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کے وی کرشنا راؤ نے کہا کہ‘‘اے آئی کوش پلیٹ فارم کے ذریعے ہم ملک کے لیے علم کی منتقلی کا ایک مؤثر نظام تیار کر رہے ہیں، جس کی بنیاد بھارت جین جیسے بنیادی اقدامات پر استوار ہے۔ عالمی اے آئی دوڑ میں سبقت برقرار رکھنے کے لیے اے آئی کوش جیسے پلیٹ فارم ضروری ہیں، کیونکہ یہ ملک کی مثبت ترقی کے لیے اے آئی کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔’’

اے آئی کوش یونیورسٹی انگیجمنٹ پروگرام کے اگلے مرحلے کے تحت طلبہ کو اے آئی کوش اوپن سورس کمیونٹی اور اے آئی کوش سے متعلق  ادارے کے ادارہ جاتی پروفائل کے ذریعے ڈیٹاسیٹس فراہم کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ انہیں موجودہ ڈیٹاسیٹس کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی مفاد سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اے آئی ایپلی کیشنز کے تصور کے ثبوت(پروف آف کانسیپٹ)تیار کرنے کی بھی ترغیب دی جائے گی۔ طلبہ کی جانب سے نمایاں تعاون کو مستقبل میں اعزاز کے لیے زیر غور لایا جا سکتا ہے، جس سے اے آئی کی بنیادی سمجھ اور ڈیٹاسیٹس کی تلاش سے لے کر اختراع اور حقیقی دنیا کے مسائل کے حل تک ایک اہم راستہ ہموار ہوگا۔

اے آئی کوش یونیورسٹی انگیجمنٹ پروگرام ایک ملک گیر اقدام ہے، جس کا مقصد اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اے آئی کے استعمال کو فروغ دینا اور طلبہ، محققین اور فیکلٹی اراکین کو بھارت کے قومی اے آئی بنیادی ڈھانچے سے روشناس کرانا ہے۔ فی الحال اے آئی کوش پر 16,000 سے زائد ڈیٹاسیٹس، 350 سے زائد اے آئی ماڈلز اور 200 سے زائد استعمال کے معاملات دستیاب ہیں، جن کی مدد سے محققین، اسٹارٹ اپس، ڈیولپرز اور طلبہ قابلِ اعتماد قومی وسائل کا استعمال کرتے ہوئے اے آئی پر مبنی حل تیار کر سکتے ہیں۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، آندھرا پردیش میں اس پروگرام کا انعقاد ایک متحرک اور اے آئی کے لیے تیار افرادی قوت تیار کرنے اور ملک کے لیے ایک جامع، ذمہ دارانہ اور اختراع پر مبنی اے آئی ایکو سسٹم تشکیل دینے کے بھارت اے آئی مشن کے وژن کو آگے بڑھانے کی سمت ایک اور اہم قدم ہے۔ اے آئی کوش یونیورسٹی انگیجمنٹ پروگرام کے ذریعے مشن ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے ساتھ مسلسل وابستہ رہے گا اور کیمپس کی سطح پر اے آئی کمیونٹیز کو فروغ دے گا، جو ڈیٹاسیٹس، ماڈلز، ایپلی کیشنز، تحقیق اور ذمہ دارانہ اے آئی کے استعمال میں اپنا تعاون پیش کریں گی۔

*******

) ش ح – م م ع-ش ا )

اردو ریلیز نمبر :4744


(ریلیز آئی ڈی: 2319934) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Telugu