لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

مکالمہ، متنوع خیالات اور عوامی شمولیت مضبوط جمہوریت کی بنیاد: لوک سبھا اسپیکر


ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی شمولیت جمہوریت کو نئی جہت دے سکتی ہے: لوک سبھا اسپیکر

لوک سبھا اسپیکر نے اختراعات کو اپنانے میں ریاستی قانون ساز اداروں کے درمیان صحت مند مسابقت پر زور دیا

گوا نے اپنے ورثے اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے ساتھ اقتصادی ترقی میں کامیاب توازن قائم کیا ہے: لوک سبھا اسپیکر

گوا اسمبلی کو نوجوانوں، خواتین اور شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کے ساتھ 25 سالہ روڈ میپ تیار کرنا چاہئے: لوک سبھا اسپیکر

لوک سبھا اسپیکر نے گوا قانون ساز اسمبلی کی عمارت کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر سلور جوبلی تقریبات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 06 OCT 2026 8:42PM by PIB Delhi

گوا کے گورنر جناب پسوپتی اشوک گجپتی راجو نے آج گوا اسمبلی کی عمارت کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ سلور جوبلی تقریب کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا نے زور دیا کہ مضبوط جمہوریت مکالمے، متنوع خیالات اور بامعنی عوامی شراکت داری سے پروان چڑھتی ہیں -انہوں نے کہا کہ قانون ساز ادارے بحث، مکالمے، مباحثے اور متنوع خیالات کے تبادلے کے پلیٹ فارم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اس وقت مزید مضبوط ہوتی ہے، جب اتفاق رائے کے ساتھ ساتھ اختلاف رائے کے لیے بھی جگہ ہو اور قانون سازی کے عمل میں مختلف نقطہ ہائے نظر کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جمہوری طاقت مختلف خیالات اور نقطہ ہائے نظر کو اپنے اداروں میں سمو لینے کی صلاحیت پر استوار ہوئی ہے۔

عالمی سطح پر ہندوستان کے بڑھتے ہوئے قد کا ذکر کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ ہندوستان کے جمہوری تجربے اور آئینی اقدار سے وابستگی نے دنیا میں ملک کی آواز کو مضبوط کیا ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان ’وسودھیو کٹم بکم‘ کی تہذیبی اقدار کو اپناتے ہوئے عالمی چیلنجوں کے حل تلاش کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی طاقت کا حقیقی اظہار اس بات سے ہونا چاہئے کہ عوام کی توقعات اور امنگوں کو پالیسیوں، قوانین اور موثر حکمرانی میں کس طرح تبدیل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے گوا جیسی چھوٹی ریاستوں میں منتخب نمائندوں کی خصوصی ذمہ داری کو بھی اجاگر کیا، جہاں نمائندوں اور شہریوں کے درمیان براہ راست مکالمہ ہوتا ہے۔ انہوں نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹروں کی امنگوں، مشکلات اور چیلنجوں کے تئیں حساس رہیں اور ان کے بروقت حل کے لیے کام کریں۔

ٹیکنالوجی قانون سازی کے عمل سے متعلق عوامی سمجھ بوجھ کو نمایاں طور پر بہتر بنا سکتی ہے، کیونکہ اس کے ذریعے شہری ضابطے، قوانین، پالیسیوں، قانون ساز مباحثوں اور کمیٹیوں کے کام سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ لوک سبھا اسپیکر نے مزید شفافیت اور آسان رسائی کی ضرورت پر زور دیا، جس سے قانون ساز اداروں اور عوام کے درمیان تعلق مزید مضبوط ہو سکتا ہے۔ جناب برلا نے ریاستی قانون ساز اداروں کے درمیان اختراعات  کواپنانے میں صحت مند مسابقت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون ساز اداروں کو ایک دوسرے سے سیکھنا چاہئے اور ٹیکنالوجی، قانون سازی کے طریقہ کار اور ادارہ جاتی اصلاحات جیسے شعبوں میں بہترین طور طریقوں کا تبادلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مقصد قانون ساز اداروں کے درمیان ’ صحت مند مسابقت‘پیدا کرنا ہونا چاہئے، تاکہ جمہوری اداروں کو مضبوط بنایا جا سکے۔

لوک سبھا اسپیکر نے جمہوری اداروں میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوان ٹیکنالوجی، تعلیم، تحقیق اور اختراع کے میدان میں سب سے آگے ہیں اور قانون سازی کے عمل میں ان کی شرکت بہتر پالیسیوں اور قوانین کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے گوا قانون ساز اسمبلی کی جانب سے چار روزہ پروگرام منعقد کرنے کی پہل کا خیرمقدم کیا، جس میں گوا کی تحریک آزادی کی تاریخ اور ریاست کے قانون سازی کے سفر کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نوجوانوں کو قانون ساز اداروں سے جوڑنے اور جمہوری عمل کے بارے میں ان کی سمجھ کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

جناب برلا نے کہا کہ گوا کی ایک منفرد شناخت ہے، جو نہ صرف اپنی قدرتی خوبصورتی، ساحلی علاقے اور مالا مال ثقافتی ورثے کے لیے مشہور ہے بلکہ اپنے ہم آہنگ طرز زندگی کے لیے بھی جانی جاتی ہے۔ انہوں نے گزشتہ 25 برسوں کے دوران ریاست کی سماجی و اقتصادی ترقی میں تعاون دینے والے موجودہ اور سابق وزرائے اعلیٰ، اسپیکروں، وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور گوا قانون ساز اسمبلی کے ارکان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ان تمام منتخب نمائندوں کے تعاون کو بھی تسلیم کیا، جنہوں نے اپنی بحث، خیالات اور قانون سازی سے متعلق اقدامات کے ذریعے اسمبلی کےعزت و وقار کو مضبوط کیا ہے۔جناب برلا نے کہا کہ گوا کا ترقیاتی سفر منفرد رہا ہے، کیونکہ ریاست کو اپنے مالا مال ورثے اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے ساتھ ساتھ صنعت، تجارت، سیاحت اور تعلیم کو بھی بیک وقت فروغ دینا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس توازن کو برقرار رکھنا ایک چیلنجنگ لیکن اہم ذمہ داری رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوا نے آج سیاحت، صنعت اور تعلیم کے شعبوں میں اپنی ایک منفرد شناخت قائم کی  ہے اور ساتھ ہی اپنے عوام کے وقار اور بہترمعیار زندگی کو بھی برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں اور منتخب نمائندوں کی کوششوں کو سراہا، جنہوں نے پالیسیوں، قانون سازی اور عوامی مفاد پر مبنی اقدامات کے ذریعے اس سفر میں اپنا تعاون دیا ہے۔

جناب برلا نے کہا کہ سلور جوبلی محض اسمبلی کی گزشتہ 25 برسوں کی کامیابیوں کا جشن منانے کا موقع نہیں ہونا چاہئے، بلکہ اسے اگلے 25 برسوں کے لیے مستقبل کا تصور پیش کرنے کا موقع بھی بننا چاہئے۔ انہوں نے گوا قانون ساز اسمبلی پر زور دیا کہ وہ وکست بھارت کے وژن سے ہم آہنگ مستقبل کے لیے ایک روڈ میپ تیار کرے، جس میں شہریوں، نوجوانوں اور خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری، خصوصاً آخری صف میں موجود شخص کو یہ محسوس ہونا چاہئے کہ قانون ساز اسمبلی ایک ایسا فورم ہے جو اس کی امنگوں اور توقعات کی نمائندگی کرتا ہے اور ان کا جواب دیتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اگلے 25 برسوں میں جمہوری اداروں کو مزید مضبوط، زیادہ قابل رسائی، جواب دہ، عوامی ضروریات کے تئیں حساس اور نتائج پر مبنی بنانے پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قانون ساز اداروں کے کام کاج میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شمولیت سے جمہوری ادارے شہریوں کے تئیں مزید جواب دہ اور ذمہ دار بنیں گے۔

موجودہ عمارت میں 25 برس مکمل کرنے پر گوا قانون ساز اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جناب برلا نے اعتماد ظاہر کیا کہ اسمبلی ریاست کی منفرد ثقافت، ورثے اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے ساتھ ساتھ گوا کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے گوا کی ترقی اور ریاست کے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے میں تعاون دینے والے تمام موجودہ اور سابق ارکان، اسپیکروں، وزرائے اعلیٰ اور دیگر عوامی نمائندوں کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر جناب برلا نے گوا قانون ساز اسمبلی اور سیکریٹریٹ کی عمارت سے متعلق ’ ’کسٹمائزڈ مائی اسٹیمپ اینڈ اسپیشل کور ود اسپیشل کینسلیشن‘‘جاری کیا اور ممتاز شخصیات کو بھی اعزاز سے نوازا۔

گوا کے وزیر اعلیٰ جناب پرمود ساونت، گوا قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر گنیش گوانکر، گواحکومت میں قانون ساز امور  کے وزیرجناب موون گوڈینو، گوا قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف جناب یوری الیماو اور دیگر معززین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

گوا قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر گنیش گوانکر نے استقبالیہ خطاب کیا، جبکہ گوا قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر جناب جوشوا پیٹر ڈی سوزا نے اظہار تشکر پیش کیا۔

****

ش ح ۔م ع ن۔  ف ر

U. No.4739


(ریلیز آئی ڈی: 2319933) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati