وزارت دفاع
حکومت نے ایئر مارشل آشوتوش دکشت، پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، وی ایم، وی ایس ایم کو چیف آف دی ایئر اسٹاف (سی اے ایس) مقرر کیا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 OCT 2026 8:39PM by PIB Delhi
حکومت نے موجودہ وائس چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر مارشل آشوتوش دکشت، پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، وی ایم، وی ایس ایم کو 29ویں چیف آف دی ایئر اسٹاف کے طور پر ایئر چیف مارشل کے عہدے پر مقرر کیا ہے۔ ان کی تقرری 31 اکتوبر 2026 کے سہ پہر سے نافذ العمل ہوگی۔ موجودہ چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ 31 اکتوبر 2026 کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوں گے۔
_20261006203952_793821.jpeg)
9 دسمبر 1966 کو پیدا ہونے والے ایئر مارشل آشوتوش دکشت کو 6 دسمبر 1986 کو بھارتی فضائیہ کی فائٹر اسٹریم میں کمیشن دیا گیا تھا۔ وائس چیف آف دی ایئر اسٹاف کا عہدہ سنبھالنے سے قبل ایئر مارشل دکشت ہیڈکوارٹرز انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف (ایچ کیو آئی ڈی ایس) میں چیئرمین، چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی آئی ایس سی)کے چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف اور ایئر آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، سینٹرل ایئر کمانڈ کے عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ایئر مارشل دکشت، نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، ڈیفنس سروسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج، بنگلہ دیش اور نیشنل ڈیفنس کالج کے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں مختلف طیاروں پر 3500 گھنٹے سے زیادہ پرواز کا وسیع تجربہ حاصل ہے، جن میں میراج-2000، مگ کے مختلف طیارے، کرن، جیگوار، آئی ایل-78، ہاک اور تیجس قابل ذکر ہیں۔ وہ تجرباتی ٹیسٹ پائلٹ اور کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹر بھی ہیں۔ تقریباً چار دہائیوں پر محیط اپنی سروس کے دوران وہ آپریشن سیفد ساگر، آپریشن رکشک اور آپریشن سندور سمیت متعدد آپریشنز اور مشقوں میں فعال طور پر شامل رہے ہیں۔
اپنے شاندار کیریئر کے دوران ایئر مارشل نے مختلف اہم فیلڈ اور اسٹاف عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے مغربی سیکٹر میں ایک اہم فائٹر ایئر بیس اور جنوبی سیکٹر میں ایک ممتاز فائٹر ٹریننگ بیس کی کمان سنبھالی۔ ایئر آفیسر نے مختلف حیثیتوں میں اپنی خدمات کے ذریعے بھارتی فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی مثالی اور نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں 2006 میں وایو سینا میڈل، 2011 میں وششٹ سیوا میڈل، 2023 میں اتی وششٹ سیوا میڈل اور 2026 میں پرم وششٹ سیوا میڈل سے نوازا گیا ہے۔
*******
) ش ح – م م ع-ش ا )
اردو ریلیز نمبر : 4740
(ریلیز آئی ڈی: 2319930)
وزیٹر کاؤنٹر : 7