بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر سربانند سونووال ڈبرو گڑھ سے پہلے بین الاقوامی کارگو سفر کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے


بوگبیل سے نیشنل واٹر وے-2 کے ذریعے ڈھاکہ کے لیے میتھانول کی پہلی کھیپ کی روانگی، آزادی کے بعد آسام کی دریائی تجارت کے ایک نئے باب کا آغاز

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 04 OCT 2026 9:22PM by PIB Delhi

بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت(ایم او پی ایس ڈبلیو) کے مرکزی وزیر سربانند سونووال کل، 5 اکتوبر 2026 کو صبح 11 بجے ڈبرو گڑھ کے بوگبیل ٹرمینل سے پہلے بین الاقوامی کارگو سفر کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں ورچوئل طور پر شرکت کریں گے۔

پہلے سفر کے دوران آسام پیٹرو کیمیکلز لمیٹڈ (اے پی سی ایل)  میں تیار کیا گیا میتھانول، بوگبیل سے بنگلہ دیش کے ڈھاکہ میں واقع پانگاؤں بندرگاہ تک نیشنل واٹر وے-2 (دریائے برہم پتر) اور بھارت-بنگلہ دیش پروٹوکول روٹ(آئی بی پی آر) کے ذریعے پہنچایا جائے گا۔ آزادی کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب ڈبرو گڑھ سے کسی غیر ملکی بندرگاہ کے لیے کارگو کھیپ روانہ ہوگی۔

آزادی سے پہلے کئی نسلوں تک دریائے برہم پتر بالائی آسام کو دنیا کی منڈیوں سے جوڑنے والا اہم ترین ذریعہ تھا اور ڈبرو گڑھ خطے کی اہم ترین دریائی بندرگاہوں میں شمار ہوتا تھا۔ کل ہونے والی یہ روانگی اس تاریخی رابطے کی بحالی کی علامت ہے اور شمال مشرقی خطے میں اندرونِ ملک آبی گزرگاہوں کو نقل و حمل کے ایک سستے، ماحول دوست اور زیادہ مؤثر ذریعے کے طور پر فروغ دینے کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

تقریب میں آسام حکومت کے ٹرانسپورٹ کے وزیر چرن بورو، آسام حکومت کے لیبر ویلفیئر کے وزیر رامیشور تیلی اور آسام حکومت کے صنعت، تجارت اور سرکاری اداروں کے وزیر بمل بورا خصوصی مہمانوں کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ تریش گووالا؛ ارکان اسمبلی پرشانت پھوکن (ڈبرو گڑھ)، چکردھر گوگوئی (کھوانگ)، سنجے کشن (ماکم)، سورین پھوکن (ڈیگبوئی)، بنود ہزاریکا (چابوا-لاہووال)، بھاسکر شرما (ماریگاؤں)، ترنگا گوگوئی (نہرکٹیا) اور پلوک گوہین (تنسیوکیا)؛ بھارتی اندرونِ ملک آبی گزرگاہ اتھارٹی ( آئی ڈبلیو  اے آئی) کے چیئرمین سشیل کمار لوہانی؛ اور اے پی سی ایل کے چیئرمین بکل چندر ڈیکا کی بھی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔

اس تقریب کا انعقاد بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت اور آئی ڈبلیو اے آئی کی جانب سے آسام حکومت اور اے پی سی ایل کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

******

ش ح۔ ش ت۔رض

4621U-No.


(ریلیز آئی ڈی: 2319012) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Bengali