سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے دہلی میں مقیم  جموں کے میڈیکل الیومنائی کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا، جی ایم سی جموں میں بطور پروفیسر اپنے ایام کو یاد کیا


ابنائے قدیم، جو اب اپنے کریئر میں سینئر ڈاکٹر اور طبی ماہرین ہوچکے ہیں، وہ  دہلی میں اپنے استاد سے دوبارہ ملے

جی ایم سی،  جموں کے ابنائے قدیم ملک کے معروف اسپتالوں اور طبی اداروں میں اہم عہدوں پر خدمات کے لیے مامور ہیں

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے عوامی سیاسی زندگی میں مکمل طور پر آنے سے پہلے طب اور ذیابیطس کے شعبے سے اپنے پرانے تعلق کو یاد کیا

ابنائے قدیم نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا ذکر کیا اور جموں میں اپنے استاد سے کلاس روم میں پڑھنے کے دنوں کو یاد کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 04 OCT 2026 4:54PM by PIB Delhi

سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر جموں سے تعلق رکھنے والے دہلی میں میڈیکل الیومنائی  کے ایک گروپ کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا۔ ان میں زیادہ تر سابق طلبہ گورنمنٹ میڈیکل کالج، جموں سے تعلق رکھتے ہیں اور ان میں سے متعدد ایسے ہیں جو ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے طب اور ذیابیطس کے پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے عرصے دوران ان کے شاگرد  رہے تھے۔

اس اجتماع میں ایسے ابنائے قدیم شامل ہوئے جو طبی شعبے میں کامیاب پیشہ ورانہ زندگی بنا چکے ہیں اور آج دہلی-این سی آر اور خطے کے دیگر علاقوں کے اسپتالوں اور طبی اداروں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے  عوامی سیاسی زندگی میں مکمل طور پر آنے سے پہلے گورنمنٹ میڈیکل کالج، جموں کے ساتھ اپنے تعلق کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اپنے سابق طلبہ سے ملاقات کرنا اور یہ دیکھنا خاص طور پر خوشی کی بات ہے کہ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں کتنی ترقی کی ہے۔ ڈاکٹروں نے اپنے تجربات بیان کیے اور طالب علمی کے دنوں کو یاد کیا، جس سے ظہرانے کی یہ تقریب اپنے سابق استاد کے ساتھ پُرخلوص   ملاقات میں تبدیل ہوگئی۔

اس ملاقات میں طب، اعصابی امراض، پھیپھڑوں کے امراض، سرطان، نفسیات، علم الادویہ،  امراض اطفال، معدہ و آنتوں کے امراض، جگر کے امراض، تشخیصی شعاعی طب، امراض چشم، پلاسٹک سرجری اور اسپتال کی انتظامیہ سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ طبی ماہرین شامل ہوئے۔ سابق طلبہ میں سے بہت سارے آج معروف اسپتالوں اور طبی اداروں میں اعلیٰ طبی، تدریسی اور انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ملاقات میں موجود افراد میں لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر شیخ یاسر اسلام، نوئیڈا میں نجی طور پر طبابت کرنے والی ڈاکٹر سمبل ارم، آر ایم ایل اسپتال کی پروفیسر ڈاکٹر سجاتا تھاپا، آر ایم ایل اسپتال کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر پدمہ لہڈول، لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر (نیورولوجی) ڈاکٹر اکھل، میکس اسپتال نوئیڈا کے سرطان کے ماہر ڈاکٹر اتل، جی آئی ایم ایس کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ایکتا اروڑہ، روہتک کے پروفیسر( پلمونری میڈیسن)  ڈاکٹر سنجے فوتیدار، ایس ایچ کے ایم گورنمنٹ میڈیکل کالج میوات کی پروفیسر ڈاکٹر شکھا مہاجن، انڈین اسپائنل انجریز سینٹر وسنت کنج کی ڈاکٹر پلاسٹک سرجن) حنا کُد یار اور گڑگاؤں کے متعدد تشخیصی مراکز سے وابستہ پیتھالوجسٹ ڈاکٹر ہمانی کُد یار شامل تھیں۔

ان کے علاوہ بی ایل کے اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر اور سرجیکل آنکولوجسٹ ڈاکٹر اشونی، ایمس کے پروفیسر نفسیات ڈاکٹر گگن، آرمی میڈیکل کالج دہلی کی پروفیسر علم الادویہ ڈاکٹر نیوی گپتا، اپولو اسپتال گڑگاؤں کی سینئر کنسلٹنٹ، بچوں کے معدہ و آنتوں کے امراض کی ماہر، جگر کے امراض کی ماہر اور جگر کی پیوند کاری کی ماہر ڈاکٹر شوانی دیسوال، نوح کے مہاجن ڈائگناسٹک سینٹر اور گڑگاؤں کے پرتھم ایم آر آئی کے چیف ریڈیولوجسٹ اور ڈائریکٹر ڈاکٹر آشیش مہاجن، میکس سپر اسپیشلٹی اسپتال ویشالی کی ماہر امراض چشم اور آئی کیئر کی ڈائریکٹر ڈاکٹر رنکی آنند گپتا، حکومت ہند کی وزارت خزانہ کے ڈاکٹر ابھیشیک چندر گپتا، ایمس اسپتال انتظامیہ سے وابستہ ڈاکٹر انکش شرما، سر گنگا رام اسپتال کے ڈاکٹر ایس پی بیوترا اور میدانتا اسپتال نوئیڈا کی سینئر نیورولوجسٹ ڈاکٹر نَمیتا کول بھی موجود تھیں۔

سابق طلبہ نے ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی کلاسوں میں پڑھنے کے دنوں کو یاد کیا اور گورنمنٹ میڈیکل کالج، جموں میں اپنی تعلیمی زندگی کی یادیں تازہ کیں۔ ظہرانے کی اس تقریب میں انہیں کئی برسوں بعد دوبارہ ایک دوسرے سے ملنے، اپنے پیشہ ورانہ سفر کے تجربات بانٹنے اور اپنے استاد کا شکریہ ادا کرنے کا موقع فراہم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تعلیمی دور میں انہیں جو علمی بنیاد اور رہنمائی حاصل ہوئی، اس نے ان کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔

خصوصی طبی خدمات سے لے کر طبی تعلیم اور صحت عامہ کے نظم تک، سابق طلبہ نے مختلف پیشہ ورانہ شعبوں کا انتخاب کیا ہے اور مختلف مناصب پر طبی شعبے میں اپنا تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے پیشہ ورانہ سفر میں طب کے کئی شعبے شامل ہیں اور وہ دہلی-این سی آر اور آس پاس کے علاقوں کے معروف اسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ کسی استاد کے لیے یہ دیکھنا کہ ان کے شاگرد زندگی میں ترقی کرے، اعلیٰ عہدوں تک پہنچے اور معاشرے کے لیے بامعنی خدمات انجام دے، اس پیشے کے سب سے زیادہ اطمینان بخش پہلوؤں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے اپنے سابق طلبہ کی کامیابیوں اور طبی شعبے میں ان کے مسلسل تعاون پر خوشی کا اظہار کیا۔

ظہرانے کی اس تقریب میں استاد اور ان کے سابق طلبہ ایک پُرخلوص ملاقات کے لیے ایک ساتھ جمع ہوئے، جہاں گورنمنٹ میڈیکل کالج، جموں کے زمانۂ طالب علمی کی مشترکہ یادوں اور اس کے بعد اختیار کیے گئے ان کے پیشہ ورانہ سفر کو یاد کیا گیا۔

ش ح۔ م ش ع۔ ج

uno-4612


(ریلیز آئی ڈی: 2318930) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी