سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
وزارتِ سڑک نقل و حمل و شاہراہیں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ، محفوظ اور اعلیٰ معیار کے شاہراہ بنیادی ڈھانچے کی تشکیل کے لیے ’’چنتن شِور 2026‘‘ کا انعقاد کرے گی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 OCT 2026 12:14PM by PIB Delhi
وزارتِ سڑک نقل و حمل و شاہراہیں 5 اور 6 اکتوبر 2026 کو گجرات کے نرمدا ضلع کے ایکتا نگر میں ’’چنتن شِور 2026‘‘ کا انعقاد کرے گی۔ اس موقع پر مرکزی حکومت، ریاستی حکومتوں اور عمل درآمد کرنے والے اداروں کے اعلیٰ عہدیداران ایک جگہ جمع ہوں گے اور ملک میں شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مؤثر تکمیل سے متعلق اہم امور پر غور و خوض کریں گے۔
5 اکتوبر کو افتتاحی اجلاس سے سڑک نقل و حمل و شاہراہوں کے وزیر جناب نتن گڈکری اور وزرائے مملکت جناب اجے ٹمٹا اور جناب ہرش ملہوترا خطاب کریں گے۔
ریاستوں کے سڑک نقل و حمل اور تعمیراتِ عامہ کے وزرا کے علاوہ ریاستی تعمیراتِ عامہ کے محکموں، عمل درآمد کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے اعلیٰ عہدیداران کو بھی ’’چنتن شِور‘‘ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ان کی شرکت سے مرکز اور ریاستوں کے درمیان بہتر تال میل، نیز زمینی سطح کے تجربات، بہترین طریقۂ کار اور عملی حل کے تبادلے میں مدد ملے گی۔
دو روزہ اجتماع میں شاہراہوں کے شعبے میں منصوبوں کی بروقت اور مؤثر تکمیل، معیار، سلامتی اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے عمل درآمد سے متعلق اہم چیلنجوں کی نشاندہی اور اختراعی و قابلِ تقلید طریقۂ کار پر غور کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ پالیسی اور ادارہ جاتی سطح پر ضروری اقدامات پر بھی غور و خوض کیا جائے گا۔
’’چنتن شِور‘‘ میں پانچ اہم موضوعاتی اجلاس منعقد کیے جائیں گے، جن میں وزیرِ اعظم گتی شکتی اور مربوط بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی، اراضی کے حصول اور بھومی راشی، نمونہ رعایتی معاہدے اور درجہ بندی، محفوظ شاہراہوں کی منصوبہ بندی، اور معیار کی یقین دہانی و منصوبوں کی نگرانی شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم گتی شکتی اور مربوط بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی سے متعلق اجلاس میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے باہمی تال میل پر مبنی اور مربوط منصوبہ بندی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اراضی کے حصول اور بھومی راشی سے متعلق اجلاس میں منصوبوں کے نفاذ کو متاثر کرنے والے امور اور منصوبوں پر ہموار انداز میں عمل درآمد کو یقینی بنانے کے طریقوں پر غور و خوض کیا جائے گا۔ نمونہ رعایتی معاہدوں اور درجہ بندی سے متعلق اجلاس میں متعلقہ معاہداتی اور عملی نفاذ کے پہلوؤں پر توجہ دی جائے گی، جبکہ محفوظ شاہراہوں کی منصوبہ بندی کے اجلاس میں شاہراہوں کی منصوبہ بندی اور ترقی کے دوران سڑکوں کی سلامتی سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ معیار کی یقین دہانی اور منصوبوں کی نگرانی سے متعلق اجلاس میں معیار کو مستحکم کرنے، نگرانی کو مؤثر بنانے اور منصوبوں کے بہتر نتائج کے حصول کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
’’چنتن شِور‘‘ کو مرکوز، نتائج پر مبنی غور و خوض اور قابلِ عمل حل پیش کرنے کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد مرکز اور ریاستوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور زیادہ محفوظ، اعلیٰ معیار کی اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں معاونت کرنا ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-4604
(ریلیز آئی ڈی: 2318859)
وزیٹر کاؤنٹر : 6