وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

ڈی آر آئی نے جنگلی حیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کی؛ ہاتھی کے دانتوں، تیندوے کی کھال، زندہ پینگولین اور شیر کے اعضا ضبط؛ 11 افراد گرفتار


مہاراشٹر بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائیوں میں محفوظ جنگلی حیات اور جنگلی حیات سے حاصل شدہ اشیا کی تجارت کی کوششوں کا پردہ فاش

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 OCT 2026 10:02PM by PIB Delhi

جنگلی حیات کی غیر قانونی اسمگلنگ اور محفوظ جنگلی حیات سے حاصل شدہ مصنوعات کی غیر قانونی تجارت سے نمٹنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھتے ہوئے، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی تین کارروائیوں میں ہاتھی کے دانتوں کی چار اشیا ضبط کی ہیں، جن میں پیچیدہ نقش و نگار سے مزین ہاتھی دانت کی اشیا، ایک تیندوے کی کھال، دو زندہ پینگولین، 3 کلو شیر کی ہڈیاں اور شیر کے دو کینائن دانت شامل ہیں۔ تینوں کارروائیوں میں گیارہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ضبط شدہ ہاتھی کے دانت اور ان سے بنی اشیا

ہاتھی کے دانتوں کی غیر قانونی تجارت کو نشانہ بنانے والی ایک کارروائی میں، ڈی آر آئی کے افسران نے ہاتھی کے چار دانتوں کو غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کی کوشش کے بارے میں موصول ہونے والی مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ایک ڈیکائے آپریشن کیا۔ ان دانتوں میں پیچیدہ نقش و نگار سے مزین ہاتھی دانت کی اشیا بھی شامل تھیں۔ اس کارروائی کے نتیجے میں جنگلی حیات کی چار اشیا برآمد ہوئیں اور اس لین دین میں ملوث تین افراد کو حراست میں لیا گیا۔ وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ، 1972 کی دفعہ بی ۔ 49 کے تحت لائسنس کے بغیر ہاتھی کے دانت اور ان سے بنی اشیا کا قبضہ، تجارت اور لین دین ممنوع ہے۔ ضبط شدہ اشیا اور زیرِ حراست افراد کو بعد ازاں مزید تفتیش اور ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ فاریسٹ رینج آفیسر کے حوالے کر دیا گیا۔

29ستمبر 2026کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی ایک اور کارروائی میں، ڈی آر آئی کے افسران نے نگرانی کے بعد مہاراشٹر کے گونڈیا ضلع کے پورادا گاؤں کے قریب دو افراد کو روکا، جن پر شبہ تھا کہ انہوں نے ایک تیندوے کو ہلاک کرکے اس کی کھال فروخت کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس کارروائی کے نتیجے میں تیندوے کی ایک کھال برآمد ہوئی۔ تیندوا (پینتھیرا پارڈس) وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ، 1972 کے شیڈول I میں درج ہے اور برآمد شدہ کھال کو ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا۔ دونوں افراد کو ضبط شدہ تیندوے کی کھال سمیت مزید ضروری کارروائی کے لیے فاریسٹ رینج آفیسر، دیوریا رینج، گونڈیا کے حوالے کر دیا گیا۔

برآمد شدہ تیندوے کی کھال

مہاراشٹر کے الاپلی جنگلاتی علاقے میں 26-27.09.2026 کو کی گئی ایک بڑی مشترکہ کارروائی میں ڈی آر آئی نے محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو (ڈبلیو سی سی بی)، ممبئی اور یو ایس ٹی آر اینٹی پوچنگ یونٹ کے ساتھ مل کر خطرے سے دوچار جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت میں ملوث چھ مشتبہ افراد کو روکا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں ایک زندہ بالغ پینگولین، ایک زندہ پینگولین کا بچہ، 3 کلو شیر کی ہڈیاں اور شیر کے دو کینائن دانت برآمد کیے گئے۔

پینگولین وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ، 1972 کے تحت محفوظ ہیں اور شیڈول I میں درج ہیں۔ انہیں کنونشن آن انٹرنیشنل ٹریڈ اِن اینڈینجرڈ اسپیشیز آف وائلڈ فانا اینڈ فلورا (سی آئی ٹی ای ایس )کے اپینڈکس I میں بھی درج کیا گیا ہے، جس کے تحت ان کی بین الاقوامی تجارت ممنوع ہے۔ شیر اور ان کے اعضا بھی وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ، 1972 کے شیڈول I کے تحت محفوظ ہیں۔

تحقیقات اور بعد ازاں کی گئی تلاشی کے نتیجے میں مبینہ غیر قانونی شکار، قبضے، نقل و حمل اور شیر کے اعضا کی مجوزہ فروخت سے متعلق مجرمانہ شواہد برآمد ہوئے۔ ان افراد کے زیرِ استعمال دو زندہ پینگولین، شیر کی ہڈیاں، شیر کے کینائن دانت اور دو موٹر سائیکلیں محکمہ جنگلات نے وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ، 1972 کی دفعات کے تحت مزید ضروری کارروائی کے لیے ضبط کر لیں۔

ضبط کیا گیا پینگولین اور اس کا بچہ، شیر کے دو کینائن دانت اور شیر کی ہڈیاں

 

یہ تینوں کارروائیاں جنگلی حیات کے نفاذ سے متعلق خصوصی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے محفوظ انواع اور ان سے حاصل شدہ مصنوعات کے غیر قانونی قبضے، نقل و حمل اور فروخت کی کوشش کے مقامات پر جنگلی حیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو متاثر کرنے کے لیے ڈی آر آئی کی مسلسل توجہ کو اجاگر کرتی ہیں۔

***

UR-4571

(ش ح۔اس ک  )


(ریلیز آئی ڈی: 2318592) وزیٹر کاؤنٹر : 4