وزارت خزانہ
ڈی آر آئی نے ممبئی ہوائی اڈے پر سونے کی اسمگلنگ کے دو طرفہ سنڈیکیٹ کا پردہ فاش کیا
تقریباً 8.5 کلو گرام غیر ملکی نژاد سونا اور 1,100 قیراط سے زائد ہیرے ضبط کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت 13.5 کروڑ روپے سے زیادہ ہے؛ 8 افراد گرفتار
ہوائی اڈے کا عملہ ہندوستان میں سونے کی اسمگلنگ اور دبئی کو ہیروں کی غیر قانونی برآمد، دونوں میں سہولت فراہم کرتے پایا گیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 OCT 2026 9:59PM by PIB Delhi
منظم اسمگلنگ کے خلاف اپنی مسلسل کارروائی جاری رکھتے ہوئے، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے، ممبئی کے ذریعے کام کرنے والے ایک جدید طرز کے دو طرفہ اسمگلنگ سنڈیکیٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس کارروائی کے نتیجے میں 8.564 کلو گرام 24 قیراط غیر ملکی نژاد سونا، جس کی مالیت 12.64 کروڑ روپے ہے، اور 1,168.97 قیراط ہیرے، جن کی مالیت 1.09 کروڑ روپے ہے، برآمد اور ضبط کیے گئے۔ ہوائی اڈے کے ایک اہلکار، چھ ٹرانزٹ مسافروں اور ایک باہر جانے والے ہندوستانی مسافر سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ضبط کیے گئے ہیرے
30ستمبر 2026کو مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پرکارروائی کرتے ہوئے، ڈی آر آئی کے افسران نے روانگی کے علاقے میں ہوائی اڈے کے ایک اہلکار کو اس وقت روکا جب وہ ہندوستان سے غیر قانونی برآمد کے لیے دبئی جانے والےایک ہندوستانی مسافر کو ہیرے حوالے کر رہا تھا۔ اس کی ذاتی تلاشی کے دوران، ہوائی اڈے کے اہلکار کے قبضے سے موم کی شکل میں غیر ملکی نژاد سونے کی دھول پر مشتمل تین کیپسول بھی برآمد ہوئے، جو ایک ٹرانزٹ مسافر نے اسے حوالے کیے تھے۔
مزید پوچھ گچھ کے دوران، ہوائی اڈے کے اہلکار نے اس ٹرانزٹ مسافر کی شناخت ظاہر کی جس نے اسے سونا سونپا تھا۔ بعد ازاں مذکورہ مسافر کو بھی روک لیا گیا۔ ہوائی اڈے کے اہلکار نے مزید انکشاف کیا کہ دبئی، دوحہ، جدہ اور فجیرہ سے مختلف پروازوں کے ذریعے آنے والے مزید پانچ ٹرانزٹ مسافر بھی اسے اسمگل شدہ سونا پہنچانے والے تھے۔
سونے کے 23 کیپسول برآمد
ڈی آر آئی کے افسران نے خفیہ نگرانی جاری رکھی اور ان پانچوں مسافروں کو اس وقت روک لیا جب وہ ٹرانزٹ ایریا میں ہوائی اڈے کے اہلکار کو سونے کے کیپسول حوالے کر رہے تھے۔ اسمگل شدہ سونا حوالے کرنے کے بعد یہ مسافر سنگاپور اور ڈھاکہ کے لیے آگے روانہ ہونے والے تھے۔ تمام آٹھ افراد کو کسٹمز ایکٹ، 1962 کی متعلقہ دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
مجموعی طور پر، موم کی شکل میں 24 قیراط غیر ملکی نژاد سونے کی دھول پر مشتمل 23 کیپسول، جن کا مجموعی (گراس ) وزن 8.564 کلو گرام اور مالیت تقریباً 12.64 کروڑ روپے ہے، برآمد اور ضبط کیے گئے۔ اس کے علاوہ، 1,168.97 قیراط ہیرے، جن میں 132.17 قیراط قدرتی ہیرے اور 1,036.80 قیراط لیب میں تیار کردہ ہیرے شامل ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 1.09 کروڑ روپے ہے، برآمد اور ضبط کیے گئے۔
اس کارروائی نے ایک بار پھر ہوائی اڈوں کے ذریعے سونے کی اسمگلنگ کو آسان بنانے میں ہوائی اڈے کے سمجھوتہ شدہ اہلکاروں سے لاحق اندرونی خطرے کو اجاگر کیا ہے۔
اس کارروائی سے اسمگلنگ کے ایک مخصوص دو طرفہ طریقۂ واردات کا بھی انکشاف ہوا ہے، جس میں ہوائی اڈے کا ایک ہی اہلکار مبینہ طور پر دونوں سمتوں میں ممنوعہ اشیا کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کر رہا تھا—بین الاقوامی ٹرانزٹ مسافروں سے ہندوستان میں خفیہ طور پر لانے کے لیے اسمگل شدہ غیر ملکی نژاد سونا وصول کرنا، جبکہ بیک وقت ایک باہر جانے والے مسافر کے ذریعے دبئی کو ہیروں کی غیر قانونی برآمد میں سہولت فراہم کرنا۔
***
UR-4570
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2318572)
وزیٹر کاؤنٹر : 7