قانون اور انصاف کی وزارت
آئی آئی اے سی میں قانون و انصاف کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب ارجن رام میگھوال کی زیر قیادت شجرکاری مہم کا انعقاد
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 OCT 2026 7:38AM by PIB Delhi
خصوصی مہم 6 اور ’سوچھتا ہی سیوا‘ (ایس ایچ ایس) 2026 کے تحت وزارت قانون و انصاف کے محکمہ قانونی امور نے گاندھی جینتی کی مناسبت سے یکم اکتوبر 2026 کو نئی دہلی کے وسنت کنج میں واقع انڈیا انٹرنیشنل آربیٹریشن سینٹر (آئی آئی اے سی) میں ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ موضوع کے تحت شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔
شجرکاری مہم کی قیادت قانون و انصاف کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب ارجن رام میگھوال نے کی۔ محکمہ قانون سازی اور محکمہ قانونی امور کے سکریٹری اور آئی آئی اے سی کے چیئرمین ڈاکٹر راجیو منی کے ساتھ محکمہ اور آئی آئی اے سی کے سینئر افسران و عہدیداران نے بھی خصوصی پروگرام میں شرکت کی۔ وزیر موصوف، محکمہ قانون کےسکریٹری و آئی آئی اے سی کے چیئرمین اور محکمہ و آئی آئی اے سی کے سینئر افسران نے آئی آئی اے سی کے احاطے میں پودے لگائے۔
وزیر موصوف نے مہاتما گاندھی کے چمپارن کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ’’حقیقی صفائی ذہن کی صفائی سے شروع ہوتی ہے‘‘۔
وزیر موصوف نے اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی صرف سڑکوں اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اس کا آغاز صاف ذہن، پاکیزہ خیالات اور معاشرے کے تئیں فرض کے احساس سے ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ’سوچھتا ہی سیوا‘ ایک عوامی تحریک ہے، جس میں ہر فرد کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 اکتوبر کو مہاتما گاندھی کی سالگرہ ملک کو یاد دلاتی ہے کہ صفائی، نظم و ضبط اور خدمت بابائے قوم کے آزاد اور خود کفیل ہندوستان کے تصور کا لازمی حصہ تھے۔
چمپارن میں 1917 میں مہاتما گاندھی کے قیام کو یاد کرتے ہوئے وزیر موصوف نے بتایا کہ مہاتما گاندھی نے وہاں صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے لیے کوششیں شروع کی تھیں، جو بعد میں ایک وسیع عوامی تحریک کا حصہ بنیں اور نیل کے کاشتکاروں کی شکایات کے ازالے میں بھی معاون ثابت ہوئیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ چمپارن سے ملنے والا سبق آج بھی معنی دار ہے۔ سوچھتا محض ایک مہم نہیں بلکہ ہمدردی اور مشترکہ ذمہ داری کا مشن ہے۔
جناب ارجن رام میگھوال نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ فریقوں کی اجتماعی کوششوں سے آئی آئی اے سی ایک عالمی، مؤثر اور معتبر ثالثی مرکز کے طور پر ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بھی شفافیت، نظم و ضبط اور خدمت کی وہی اقدار نظر آنی چاہئیں جن کی نمائندگی ’سوچھتا ہی سیوا‘ کرتی ہے۔
محکمہ قانون سازی اور محکمہ قانونی امور کے سکریٹری اور آئی آئی اے سی کے چیئرمین ڈاکٹر راجیو منی نے کہا کہ صفائی کے دو پہلو ہیں، ایک ہمارے اردگرد کے ماحول کی صفائی اور دوسرا ذہن کی صفائی، اور ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے آئی آئی اے سی کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پائیدار طریقے اختیار کریں اور ’سوچھ بھارت مشن‘ کے مقاصد میں بامعنی تعاون کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی آئی اے سی خود کو عالمی، مؤثر اور معتبر ادارے کے طور پر قائم کرنے اور بین الاقوامی ثالثی کے لیے ہندوستان کو ترجیحی مرکز بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے عہد بندہے۔
آئی آئی اے سی کے چیف ایگزیکٹو افسر جناب نوین کمار سنگھ نے وزیر موصوف، سکریٹری اور دیگر معزز شخصیات کا پروگرام میں شرکت کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ماحولیات کے تئیں ذمہ داری اور پائیدار طریقوں کے لیے آئی آئی اے سی کے عزم کا اعادہ کیا۔
پروگرام کا اختتام صفائی کی مہمات کو مسلسل جاری رکھنے اور زیادہ سرسبز اور پائیدار ماحول کو فروغ دینے کے تئیں عہد بندی کے ساتھ ہوا۔
************
ش ح ۔ م ش ع ۔ م ص
(U : 4523 )
(ریلیز آئی ڈی: 2318217)
وزیٹر کاؤنٹر : 9