کانکنی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزارتِ کان کنی انڈمان سمندر میں آف شور (سمندری حدود میں واقع) معدنی بلاکس کی نیلامی کا آغاز کرے گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 30 SEP 2026 6:15PM by PIB Delhi

حکومتِ ہند کی وزارتِ کان کنی کل آف شور معدنی بلاکس کی نیلامی کا آغاز کرے گی۔ یہ اقدام بھارت کی آف شور معدنی صلاحیت کو بروئے کار لانے اور ملک کی طویل مدتی معدنی وسائل کی حفاظت کو مستحکم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

آف شور معدنی وسائل تکنیکی ترقی، صاف توانائی کی طرف منتقلی اور مضبوط سپلائی چین کے تناظر میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ کوبالٹ، نکل، مینگنیز، تانبا اور نایاب زمینی عناصر جیسے معدنیات الیکٹرک موبلٹی، قابلِ تجدید توانائی کے نظام، جدید الیکٹرانکس اور اسٹریٹجک صنعتوں کے لیے اہم خام مال ہیں۔ لہٰذا، مقامی آف شور معدنی وسائل کی ترقی بھارت کے خود انحصاری، وسائل کی حفاظت اور پائیدار اقتصادی ترقی کے اہداف میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ نیلامی 'آف شور ایریاز منرل (ڈیولپمنٹ اینڈ ریگولیشن) ایکٹ، 2002' اور 'آف شور ایریاز منرل (نیلامی) رولز، 2024' (جن میں وقتاً فوقتاً ترامیم کی گئی ہیں) کے تحت منعقد کی جا رہی ہے۔ 2023 میں او اے ایم ڈی آر ایکٹ میں ترامیم کے بعد، وزارتِ کان کنی کو آف شور معدنی بلاکس کی نیلامی کا اختیار دیا گیا ہے، جس سے آف شور معدنی وسائل کی شفاف اور مسابقتی بنیادوں پر الاٹمنٹ ممکن ہو سکے گی۔

اس نیلامی میں انڈمان سمندر کے علاقے میں واقع دو آف شور معدنی بلاکس شامل ہیں، جنہیں 'کمپوزٹ لائسنس' (مشترکہ لائسنس) کے حصول کے لیے پیش کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اس سے منظم تلاش (ایکسپلوریشن) کی حوصلہ افزائی ہوگی، سرمایہ کاری آئے گی اور آف شور معدنیات کی تلاش اور ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کو فروغ ملے گا۔

یہ اقدام آف شور وسائل کی منظم تلاش اور ذمہ دارانہ ترقی کے ذریعے بھارت کے معدنی وسائل کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سے نجی شعبے کی زیادہ شرکت اور تکنیکی جدت طرازی کی بھی توقع ہے، خاص طور پر ایسے ابھرتے ہوئے شعبے میں جس میں مستقبل کی صنعتی اور اسٹریٹجک ضروریات کو پورا کرنے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔

نیلامی کا یہ آغاز بھارت کی آف شور معدنی دولت سے استفادہ کرنے اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، صنعتی ترقی اور طویل مدتی اقتصادی ترقی کے لیے ملک کی معدنی حفاظت کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔

ش ح ۔ ال ۔ ع ر

UR-4381

 

 


(ریلیز آئی ڈی: 2317283) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी