وزارت دفاع
نئی دہلی میں بھارت-فجی دوطرفہ مشترکہ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 SEP 2026 6:11PM by PIB Delhi
بھارت اور فجی کے درمیان دوطرفہ مشترکہ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس 28 ستمبر 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہوا۔ دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے وسیع امور پر تبادلہ خیال کیا، جن میں فوجی تربیت اور صلاحیت سازی، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی روابط، سمندری تحفظ، سائبر تربیت، دفاعی صنعت میں اشتراک اور بھارت اور فجی کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانا شامل تھا۔
بھارت نے 'آزاد، کھلے، سب کو شامل کرنے والے اور محفوظ انڈو پیسیفک' کے اپنے وژن میں فجی اور بحر الکاہل کے جزیروں والے ممالک کو دی جانے والی اہمیت کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے بڑھتے ہوئے دوطرفہ دفاعی روابط پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی فائدے کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس اجلاس کی مشترکہ صدارت وزارتِ دفاع کے جوائنٹ سیکریٹری (بین الاقوامی تعاون) جناب امیتابھ پرساد اور فجی کے دفاع اور سابق فوجیوں کے امور کے مستقل سیکریٹری مسٹر میسن سمتھ نے کی۔ مسٹر سمتھ نے بھارت-فجی دوطرفہ مشترکہ ورکنگ گروپ کے دوسرے اجلاس کے موقع پر سیکریٹری دفاع جناب راجیش کمار سنگھ سے بھی ملاقات کی۔ بات چیت کا مرکز دوطرفہ دفاعی اور سمندری تعاون کو مضبوط بنانا تھا، جس میں دفاعی صنعت میں وسیع تر اشتراک کے مواقع بھی شامل تھے۔
خصوصی فوجی تربیتی تعاون کو وسعت دینے کی کوششوں کے حصے کے طور پر، فجی کا وفد 29-30 ستمبر 2026 کو کوچی کا دورہ کرے گا۔ یہ وفد سدرن نیول کمانڈ میں سہولیات کا جائزہ لے گا تاکہ جدید بحری تربیتی تعاون اور پیشہ ورانہ ایوی ایشن ٹریننگ ماڈیولز کو باقاعدہ شکل دی جا سکے، جس سے دونوں سمندری افواج کے درمیان تکنیکی مہارت اور آپریشنل ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔
_20260928181214_9a2115.jpeg)
باضابطہ دو طرفہ مذاکرات کے آغاز سے قبل، جناب اسمتھ نے نئی دہلی میں واقع 'نیشنل وار میموریل' پر بھارت کے شہید فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فجی کے وفد نے نئی دہلی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں واقع 'ڈی پی ایس یو بھون' کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں بھارت کی مقامی دفاعی پیداواری صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس دورے میں 'آتم نربھر بھارت' (خود انحصار بھارت) اقدام کے تحت ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کیا گیا، جس میں نمائش اور جدید 'آگمینٹڈ رئیلٹی/ورچوئل رئیلٹی' (اے آر ، وی آر سیمولیشن سہولیات پر خصوصی توجہ دی گئی؛ یہ سہولیات میدانِ جنگ کے حقیقی حالات کی عکاسی کرتی ہیں۔
بھارت اور فجی کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات استوار ہیں جن کی بنیاد تاریخی، ثقافتی اور عوامی سطح کے روابط پر مبنی ہے۔ اس ملاقات نے موجودہ دفاعی شراکت داری کو مستحکم کرنے اور تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کا موقع فراہم کیا۔ دونوں فریقین نے باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی سمت میں کام کرنے پر اتفاق کیا۔
ش ح ۔ ال ۔ ع ر
UR-4247
(ریلیز آئی ڈی: 2316240)
وزیٹر کاؤنٹر : 8