ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
نیشنل زولوجیکل پارک کی جانب سے شہری سائنس اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کو فروغ دینے کے لیے 15ویں سنڈے برڈ واک اور چوتھی بٹر فلائی اینڈ ڈریگن فلائی واک کا انعقاد کیا گیا
این زیڈ پی میں 2 سے 8 اکتوبر 2026 تک جنگلی حیات ہفتہ منایا جائے گا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 SEP 2026 7:53PM by PIB Delhi
نیشنل زولوجیکل پارک (این زیڈ پی)، نئی دہلی نے حیاتیاتی تنوع کی نگرانی، مختلف انواع کی دستاویز بندی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے بارے میں بیداری کے لیے عوامی شرکت کو فروغ دینے کی اپنی جاری کوششوں کے تحت ’بٹر فلائی اینڈ ڈریگن فلائی واک @ این زیڈ پی‘ کے چوتھے پروگرام کا انعقاد کیا۔ یہ بگ بٹر فلائی منتھ کے دوران منعقد ہونے والی دوسری واک بھی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ’سنڈے برڈ واک @ این زیڈ پی‘ کے 15ویں پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا۔ یہ واک صبح 6:30 بجے سے 10:30 بجے تک پرندوں کے ماہر جناب روہت شرما اور تتلیوں و ڈریگن فلائی کے ماہر جناب رام ویر کی ماہر رہنمائی اور وقف رضاکاروں کے تعاون سے منعقد کی گئی۔

اس پروگرام کو پرندوں اور تتلیوں کے شوقین افراد، فطرت سے محبت کرنے والوں، طلبہ، جنگلی حیات کے فوٹوگرافروں اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں دلچسپی رکھنے والے شہریوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ مجموعی طور پر 15 افراد نے اس سیر میں حصہ لیا۔ اس موقع پر نیشنل زولوجیکل پارک کے ڈائریکٹر، چڑیا گھر کے افسران اور ماہرین بھی موجود تھے، جنہوں نے پوری سرگرمی کے دوران شرکا کی رہنمائی کی اور ان سے بات چیت کی۔
سیر کے دوران شرکا نے پرندوں کی 47 انواع کی نشاندہی کی اور 750 سے زائد پرندوں کا مشاہدہ کیا۔ اس کے علاوہ سیر کے علاقے میں تتلیوں کی 8 انواع، ڈریگن فلائی کی 10 انواع اور ڈیم سیل فلائی کی 5 انواع بھی ریکارڈ کی گئیں۔ ان مشاہدات سے زمینی سطح پر اہم معلومات حاصل ہوئیں اور شرکا کو حیاتیاتی تنوع کی دستاویز بندی میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب ملی۔ ان مشاہدات سے نیشنل زولوجیکل پارک میں تتلیوں اور اوڈونیٹس کی بھرپور تنوع کا بھی پتہ چلا اور زمینی سطح پر حیاتیاتی تنوع کی باقاعدگی سے دستاویز بندی کی اہمیت مزید اجاگر ہوئی۔
_20260927204800_9f68b8.jpeg)
ماہرین نے پرندوں، تتلیوں اور ڈریگن فلائی کی ماحولیات، رویے اور تحفظ کے بارے میں اہم معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے جرگ افشانی، قدرتی طور پر کیڑوں پر قابو پانے اور ماحولیاتی نظام کی صحت کی نشاندہی کرنے میں ان جانداروں کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ اس پروگرام کے ذریعے شرکا کو فطرت سے جڑنے، مختلف انواع کی شناخت کی اپنی صلاحیت بہتر بنانے اور حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیات کے تحفظ کی اہمیت کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع بھی ملا۔
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل زولوجیکل پارک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سنجیت کمار نے کہا کہ اس طرح کی نیچر واک سے میدان میں مختلف انواع کی شناخت کی صلاحیت بہتر بنانے، غذائی جال کو سمجھنے، حیاتیاتی تنوع کی دستاویز بندی میں تعاون کرنے اور جنگلی حیات اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کی اہمیت کو مزید گہرائی سے سمجھنے کے قیمتی مواقع ملتے ہیں۔ پروگرام کا اختتام شرکا کے ساتھ باہمی تبادلہ خیال، ان کی رائے حاصل کرنے اور ماہرین و چڑیا گھر کے افسران کے ساتھ گروپ فوٹو کے ذریعے ہوا۔
_20260927204824_5bf957.jpeg)
ہر اتوار ہونے والی نیچر واک میں 20 سے 25 افراد ہی حصہ لے سکیں گے تاکہ انہیں سیکھنے اور معلومات حاصل کرنے کا بہتر اور مفید موقع مل سکے۔ اس کے لیے پہلے سے رجسٹریشن کرانا لازمی ہے اور رجسٹریشن پہلے آؤ، پہلے پاؤ کی بنیاد پر کی جائے گی۔ دلچسپی رکھنے والے افراد مقررہ گوگل فارم کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، جو ہر ہفتے پیر سے جمعہ تک کھلا رہے گا۔ رجسٹریشن کا لنک نیشنل زولوجیکل پارک، نئی دہلی کی سرکاری ویب سائٹ اور ’این زیڈ پی ساتھی‘ موبائل ایپلی کیشن پر دستیاب ہے۔
اس کے علاوہ، نیشنل زولوجیکل پارک، نئی دہلی کی جانب سے 2 اکتوبر سے 8 اکتوبر 2026 تک جنگلی حیات ہفتہ 2026 منایا جائے گا۔ اس دوران جنگلی حیات کے تحفظ کو فروغ دینے اور عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف تعلیمی، بیداری اور عوامی شرکت پر مبنی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

جنگلی حیات ہفتہ کے دوران مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں ٹری واک،برڈ واک، تتلیوں اور ڈریگن فلائی واک، مکڑیوں اور کیڑوں کی سیر، رینگنے والے جانوروں، حشرات الارض اور نرم جسم والے جانوروں کی سیر، جانوروں کے رکھوالوں سے گفتگو اور جانوروں کے باڑوں کو بہتر بنانے کی سرگرمیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مٹی سے ماڈل بنانے کا مقابلہ، جنگلی حیات پر پوسٹر بنانے کا مقابلہ، مباحثہ، مضمون نویسی، پرندوں کے گھونسلے بنانے، پرندوں کے لیے خوراک رکھنے کے برتن بنانے، پتوں سے دستکاری، ڈرائنگ، خزانے کی تلاش، رنگولی اور کوئز مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔ ماہرین کے خطابات کے علاوہ آن لائن فوٹوگرافی مقابلہ، آن لائن جنگلی حیات پوسٹر سازی مقابلہ اور آن لائن کوئز بھی 2 اکتوبر 2026 سے 8 اکتوبر 2026 تک منعقد کیے جائیں گے۔
مقابلوں اور دیگر پروگراموں سے متعلق تفصیلی معلومات نیشنل زولوجیکل پارک، نئی دہلی کی سرکاری ویب سائٹ اور این زیڈ پی ساتھی موبائل ایپلی کیشن پر دستیاب کرائی جائیں گی۔ جنگلی حیات ہفتہ کے موقع پر نیشنل زولوجیکل پارک نے دہلی-این سی آر کے سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبہ کو مختلف آف لائن اور آن لائن سرگرمیوں اور مقابلوں میں حصہ لینے کی دعوت دی ہے۔
جنگلی حیات ہفتہ کے دوران کسی بھی سرگرمی، سیر یا مقابلے کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ جنگلی حیات ہفتہ کی سرگرمیوں اور مقابلوں میں حصہ لینے والے تمام شرکا کے ساتھ ان کے اسکول کے اساتذہ، معاون عملہ اور والدین کو بھی 2 اکتوبر سے 8 اکتوبر 2026 تک نیشنل زولوجیکل پارک میں مفت داخلہ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، جنگلی حیات ہفتہ کی تقریبات کے تحت ان تاریخوں کے دوران 12 سال تک کی عمر کے بچوں کو بھی نیشنل زولوجیکل پارک میں مفت داخلہ دیا جائے گا۔
ان اقدامات کے ذریعے نیشنل زولوجیکل پارک کا مقصد عوام کی فطرت سے وابستگی کو مضبوط بنانا، شہری سائنس اور حیاتیاتی تنوع کی دستاویز بندی کو فروغ دینا اور جنگلی حیات کے تحفظ کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری اور عوامی شرکت کو فروغ دینا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ش ت۔ن م۔
U- 4204
(ریلیز آئی ڈی: 2315868)
وزیٹر کاؤنٹر : 5