PIB Backgrounder
ویوز او ٹی ٹی اور مائی ویوز
عوامی نشریات سے عوام شراکت داری تک
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 SEP 2026 12:02PM by PIB Delhi
|
ویوز، پرسار بھارتی کی روایتی نشریات سے ایک مربوط ڈیجیٹل عوامی خدمت کے ماحولیاتی نظام کی جانب منتقلی کی عکاسی کرتا ہے۔ ویوز او ٹی ٹی لائیو ٹیلی وژن، ریڈیو، مانگ پر مبنی پروگرام، آرکائیوز، تعلیمی اور مذہبی مواد اور مطبوعات کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر پیش کرتا ہے۔ 1.2 کروڑ رجسٹرڈ صارفین، 1.5 کروڑ سے زیادہ ڈاؤن لوڈز اور 24,000 سے زائد پروگراموں کے ساتھ یہ مختلف آلات اور زبانوں میں رسائی کو وسیع کر رہا ہے۔ مائی ویوز تخلیق کاروں کو مواد جمع کرانے، تلاش کرنے اور پیش کرنے کے لیے ایک ادارہ جاتی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جبکہ جیمز آف انڈیا ضلع سطح کی کہانیوں اور صلاحیتوں کو فروغ دیتا ہے۔ مواد حاصل کرنے اور تقسیم کرنے کے نئے طریقہ کار عوامی شراکت داری کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔ ویوز سمٹ کے ماحولیاتی نظام کے ساتھ مل کر یہ اقدامات ہندوستان کے نشریاتی ورثے اور ابھرتے ہوئے تخلیق کاروں کو وسیع تر ناظرین اور عالمی منڈیوں سے جوڑ رہے ہیں۔
|
ڈیجیٹل نسل کے لیے عوامی نشریات
کئی دہائیوں سے دوردرشن اور آکاش وانی نے کہانیوں، خبروں، ثقافت اور موسیقی کے ذریعے کروڑوں لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑے رکھا ہے۔ آج ناظرین اسمارٹ فون، اسمارٹ ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مواد تک تیزی سے رسائی حاصل کر رہے ہیں۔ اسی لیے عوامی نشریات نے بدلتے ہوئے ذرائع، زبانوں اور دیکھنے- سننے کی عادات کے مطابق ڈیجیٹل، اوور دی ٹاپ یا او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے طور-طریقوں کو اپناتے ہوئے خود کو تیار کیا ہے۔ اس نظام کے تحت ویڈیو، آڈیو اور پیغام رسانی پر مبنی مواد کیبل، سیٹلائٹ اور سروس فراہم کنندگان کی ضرورت کے بغیر انٹرنیٹ کے ذریعے براہ راست ناظرین تک پہنچایا جاتا ہے۔ پرسار بھارتی کی جانب سے 20 نومبر 2024 کو شروع کیا گیا ویوز او ٹی ٹی اسی تبدیلی کا نتیجہ ہے۔ یہ ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے آرکائیو نادر مواد، موجودہ پروگراموں اور براہ راست نشریات کو ایک کثیر لسانی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے۔ مائی ویوز اس منتقلی کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے شہریوں کو اپنا اصل مواد تخلیق کرنے اور ان کا اشتراک کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
یہ تبدیلی ہندوستان کی تخلیقی معیشت کو مضبوط بنانے اور میڈیا و تفریح کے شعبے میں مواقع بڑھانے کی وسیع تر قومی کوشش کا حصہ ہے۔ اس سمت میں ویوز سمٹ کو ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر تصور کیا گیا ہے جو دنیا بھر کے تخلیق کاروں، صنعت کے رہنماؤں، پالیسی سازوں اور سرمایہ کاروں کو ایک جگہ جمع کرتا ہے اور شراکت داری، کاروباری مواقع اور بین الاقوامی مکالمے کو فروغ دیتا ہے۔ ویوز سمٹ کا پہلا ایڈیشن 2025 میں منعقد ہوا تھا۔ اس سمٹ نے اپنے مختلف پلیٹ فارموں کے ذریعے تخلیق کاروں اور نئے کاروباری اداروں کی معاونت، سرمایہ کاری میں سہولت اور میڈیا و تفریح کے پورے ماحولیاتی نظام میں عالمی تعاون کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔
ویوز او ٹی ٹی: عوامی نشریات کو ڈیجیٹل شکل دینا
نشریاتی آرکائیوز سے ڈیجیٹل رسائی تک
ویوز او ٹی ٹی کا آغاز 20 نومبر 2024 کو گوا میں منعقدہ 55ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے موقع پر کیا گیا تھا۔ اسے پرسار بھارتی کے عوامی خدمت پر مبنی او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا گیا۔ اس کے آغاز کے ساتھ ہندوستان کی نشریاتی روایت کو جدید ڈیجیٹل دنیا سے جوڑا گیا۔ تجارتی او ٹی ٹی پلیٹ فارموں کے برعکس، ویوز او ٹی ٹی صرف تفریح تک محدود نہیں ہے۔ اس پر قابل اعتماد معلومات، تعلیم، ثقافت، خبریں اور منتخب تفریحی مواد ایک ساتھ دستیاب ہے۔ یہ عوامی نشریات کو مقررہ اوقات اور روایتی ٹیلی ویژن سیٹوں کی حدود سے آگے لے جاتا ہے۔ ناظرین اپنی سہولت کے مطابق قومی اور علاقائی مواد تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ پرسار بھارتی کے وسیع آرکائیو مواد کو نوجوانوں اور وسیع تر ناظرین تک بھی پہنچاتا ہے۔ اس تک آسان رسائی بڑے شہروں اور معاوضہ لے کر فراہم کی جانے والی اسٹریمنگ خدمات سے باہر کے لوگوں تک بھی پہنچنے میں مدد دیتی ہے۔ شراکت داری، ذیلی عنوانات اور بہتر تلاش کی سہولتیں علاقائی مواد کو تلاش کرنا مزید آسان بناتی ہیں۔ اس کا آغاز تین بڑے مقاصد: وسیع تر ڈیجیٹل رسائی، ثقافتی ورثے کا تحفظ اور لسانی تنوع کی تکمیل میں معاونت کرتاہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایک قومی ادارہ اپنی عوامی خدمت کی ذمہ داری برقرار رکھتے ہوئے خود کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال سکتا ہے۔
لہٰذا، ویوز او ٹی ٹی محض ایک اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم نہیں ہے۔ یہ اس وسیع تر تبدیلی کی نمائندگی کرتا ہے کہ پرسار بھارتی کس طرح مواد تقسیم کرتا ہے، ناظرین تک پہنچتا ہے اور تخلیق کاروں، پروڈیوسروں اور مواد کے شراکت داروں کے ساتھ کام کرتا ہے۔
ایک پلیٹ فارم، متعدد تجربات
ویوز او ٹی ٹی ٹیلی وژن، ریڈیو، اسٹریمنگ، تعلیمی مواد اور ڈیجیٹل مطبوعات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے۔ اس کی مسلسل وسیع ہوتی لائبریری میں اب 24,000 سے زائد پروگرام اور 15,000 گھنٹے کا مواد شامل ہے۔
- مانگ کے مطابق دیکھیں:فلمیں، ٹیلی وژن پروگرام، ویب سیریز، دستاویزی فلمیں اور آرکائیو پروگرام۔
- براہ راست نشریات سنیں اور دیکھیں: 140سے زائد ٹیلی وژن چینل اور 220 ریڈیو خدمات۔
- اہم تقریبات ملاحظہ فرمائیں:قومی تقریبات، کھیلوں کے مقابلے، ثقافتی پروگرام اور مذہبی نشریات۔
- سیکھیں اور تیاری کریں:پی ایم ای -ودیا کے چینل اور تعلیمی پروگرام طلبہ اور سیکھنے والوں کی معاونت کرتے ہیں۔
- پڑھیں اور دریافت کریں:ای -کتابیں، تصویری مجموعے اور یوجنا اور کُروکشیتر جیسے رسائل۔
- کھیلیں اور خریداری کریں:کھیل اور او این ڈی سی سے مربوط خریداری کی سہولتیں ویوز کو روایتی اسٹریمنگ سے آگے لے جاتی ہیں۔
یہ پلیٹ فارم تفریح کو تعلیم، ثقافت، ورثے اور مفید عوامی معلومات کے ساتھ یکجا کرتا ہے۔ پرسار بھارتی کے محفوظ شدہ مواد میں موجود ہزاروں گھنٹے کا مواد نئی نسل کے ناظرین کو ہندوستان کی نشریاتی تاریخ سے مزید جوڑتا ہے۔
مختلف زبانوں اور ذرائع پر وسیع رسائی
ویوز او ٹی ٹی کے اس وقت 1.2 کروڑ رجسٹرڈ صارفین ہیں اور اسے 1.5 کروڑ سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے، جو پرسار بھارتی کی ڈیجیٹل خدمات کے بڑھتے ہوئے استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔ اب یہ 130 سے زائد ممالک میں ناظرین تک پہنچ رہا ہے۔
- اس کا انٹرفیس 10 سے زائد زبانوں میں خدمات فراہم کرتا ہے، جبکہ اس پر 26 سے زائد زبانوں میں مواد دستیاب ہے۔
- اسے موبائل ایپلی کیشنز، ویب سائٹس اور منسلک ٹیلی وژن کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
- اس پر دیگر نشریاتی اداروں کے ساتھ دوردرشن کے تمام 35 سیٹلائٹ چینل بھی دستیاب ہیں۔
- اس کی ریڈیو خدمات آکاش وانی کے قومی اور علاقائی نیٹ ورک سے استفادہ کرتی ہیں۔
- علاقائی مواد اور ذیلی عنوانات مختلف زبانوں اور علاقوں کے ناظرین تک رسائی میں مدد دیتے ہیں۔
ویوز او ٹی ٹی پورے ہندوستان کے ناظرین، بالخصوص نوجوانوں اور ڈیجیٹل ذرائع کو ترجیح دینے والے صارفین، علاقائی اور لسانی برادریوں، اور ثقافتی، روحانی و محفوظ شدہ مواد کے متلاشی افراد کی ضروریات پوری کرتا ہے۔ یہ بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں اور دنیا بھر کے ناظرین تک ہندوستانی مواد، ثقافت اور عوامی نشریاتی خدمات کی رسائی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ اس بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل رسائی سے ہندوستان کے بدلتے ہوئے عوامی نشریاتی نظام میں ویوز او ٹی ٹی کی اہمیت مزید مضبوط ہو رہی ہے، جبکہ یہ ایسا پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے جو ملک کے ثقافتی ورثے، علمی روایات، علاقائی تنوع اور تخلیقی اظہار کو نمایاں کرتا ہے۔
مزید مواد کے لیے پلیٹ فارم کو وسعت دینا
ویوز او ٹی ٹی اس طریقہ کار میں بھی تبدیلی لا رہا ہے جس کے ذریعے مواد عوامی نشریات کا حصہ بنتا ہے۔ پے- پر- ویو مواد حاصل کرنے کی پالیسی پروڈیوسروں اور حقوق کے مالکان کو پلیٹ فارم کے لیے معیاری مواد پیش کرنے کا شفاف اور قابل توسیع طریقہ کار فراہم کرتی ہے۔
ویوز نے او این ڈی سی انضمام اور ریلوے سے متعلق ڈیجیٹل تقسیم کے اقدامات بھی متعارف کرائے ہیں۔ ان اقدامات سے مواد کی تقسیم کے دائرے کو وسیع کرنے، مواد کی شراکت داری کو فروغ دینے اور ہندوستانی و علاقائی مواد کو ناظرین تک پہنچانے کے لیے مزید راستے پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
مائی ویوز: ناظرین کو تخلیق کاروں میں تبدیل کرنا
مائی ویوز کا آغاز 23 مارچ 2026 کو ویوز او ٹی ٹی کے اندر کیا گیا۔ اس کے ذریعے پلیٹ فارم کو صرف مواد دیکھنے کے دائرے سے آگے بڑھا کر عوام کی فعال شمولیت کا ذریعہ بنایا گیا ہے۔ شہری ایک منظم قومی پلیٹ فارم کے ذریعے اپنا اصل مواد تخلیق، اپ لوڈ اور شیئر کر سکتے ہیں۔ مائی ویوز مختصر ویڈیوز، ورٹیکل ویڈیوز اور سلسلہ وار مواد پیش کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کا کثیر لسانی انٹرفیس تخلیق کاروں کو ہندوستانی زبانوں میں اپنی کہانیاں بیان کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ یہ کریئیٹ اِن انڈیا چیلنج سمیت قومی پروگراموں میں شرکت کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔
یہ پلیٹ فارم بالخصوص ان ابھرتے ہوئے تخلیق کاروں کے لیے اہم ہے جو قائم شدہ میڈیا نیٹ ورکس سے وابستہ نہیں ہیں۔ اس کے ذریعے علاقائی کہانیاں، مقامی صلاحیتیں اور برادریوں کے تجربات وسیع تر ناظرین تک پہنچ سکتے ہیں۔ اس طرح مائی ویوز عوامی شمولیت کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی تخلیق کار معیشت کو بھی مضبوط کرتا ہے۔
مائی ویوز شہریوں کو محض ناظرین کے بجائےہندوستان کے ڈیجیٹل کہانی بیان کرنے کے سفر میں فعال شرکاء میں تبدیل کرتا ہے۔
جیمز آف انڈیا: عملی طور پر مائی ویوز
جیمز آف انڈیا چیلنج اس بات کی مثال ہے کہ مائی ویوز ملک بھر کے تخلیق کاروں کی کس طرح معاونت کر سکتا ہے۔ اس کے آزمائشی مرحلے کا آغاز 21 جولائی 2026 کو چھ آزمائشی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کیا گیا۔ تخلیق کار ویوز او ٹی ٹی کے مائی ویوز سیکشن کے ذریعے ایک سے تین منٹ کی اصل ویڈیوز جمع کرا سکتے تھے۔ آزمائشی مرحلے کے لیے اندراجات یکم اگست سے 31 اگست 2026 تک جمع کئے گئے ہیں۔
اس چیلنج کے تحت شہریوں کو اپنے اضلاع سے متعلق کہانیاں بیان کرنے کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے موضوعات میں درج ذیل شامل ہیں:
- ثقافت، وراثت اور تاریخی مقامات۔
- سیاحت، قدرتی مقامات اور کم مشہور سیاحتی مقامات۔
- لوک روایات، تہوار اور فنون لطیفہ۔
- دست کاری، ہینڈ لوم اور علاقائی پکوان۔
- مقامی شخصیات، اختراعات اور حصولیابیاں۔
اس پہل میں پرسار بھارتی، مائی بھارت اور ریاستی و ضلع انتظامیہ شامل ہیں۔ ثقافتی اور تعلیمی ادارے تخلیق کاروں کی شرکت اور مواد کی تیاری میں معاونت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، یوٹیوب اور میٹا بھی اپنے تخلیق کاروں کی برادریوں کے ذریعے اس کی تشہیر میں معاونت کر رہے ہیں۔
اس پروگرام کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک وسعت دینے کی توقع ہے۔ اس کا وسیع تر مقصد زمینی سطح پر کام کرنے والے ڈیجیٹل تخلیق کاروں کا ملک گیر نیٹ ورک قائم کرنا ہے۔ اس کے ذریعے ہندوستان کی مختلف مقامی شناختوں کا ایک ڈیجیٹل مجموعہ بھی تیار کیا جا سکتا ہے۔
مواد، تخلیق کاروں اور تخلیقی معیشت کو جوڑنا
ہندوستان میں ڈیجیٹل میڈیا کی جانب منتقلی صرف مواد کو آن لائن منتقل کرنے تک محدود نہیں ہے۔ اس کا مقصد رسائی کو وسیع کرنا، عوامی شمولیت کی حوصلہ افزائی کرنا اور باصلاحیت افراد کے لیے مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔
ہر اقدام ہندوستان کے تخلیقی سفر کے ایک مختلف پہلو کو تقویت دیتا ہے۔ ویوز او ٹی ٹی نشریاتی آرکائیو کو محفوظ رکھتے ہوئے انہیں نئے ناظرین کے لیے قابل رسائی بناتا ہے۔ اس کا کثیر لسانی مواد مختلف علاقوں اور آلات پر معلومات، تعلیم اور تفریح تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
مائی ویوز اس رسائی کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے شہریوں کو اپنی آواز پیش کرنے کا موقع دیتا ہے۔ اس کے ذریعے علاقائی تخلیق کار مقامی ثقافتوں، روایات، مقامات اور حصولیابیوں کو دستاویزی شکل دے سکتے ہیں۔ جو کہانیاں پہلے صرف مقامی لوگوں تک محدود تھیں، اب انہیں قومی سطح پر نمایاں ہونے کا موقع مل سکتا ہے۔
|
ویوز کا وسیع تر ماحولیاتی نظام
|
|
عالمی آڈیو ویژول اور تفریحی اجلاس (ویوز) ہندوستان کا ذرائع ابلاغ اور تفریح کے شعبے میں عالمی پلیٹ فارم ہے۔ اس کا پہلا اجلاس یکم سے 4 مئی 2025 تک ممبئی میں منعقد ہوا، جس میں تخلیق کاروں، کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس میں نشریات اور معلوماتی و تفریحی مواد، اے وی جی سی-ایکس آر، ڈیجیٹل میڈیا اور فلموں سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔
ویوز 2025 ایک نظر میں
اس میں 100 سے زائد ممالک| 10,000 سے زائد مندوبین| 1,000 تخلیق کار| 300 سے زائد کمپنیاں| 350 سے زائد اسٹارٹ اپ| ایک لاکھ سے زائد شرکاء کی شرکت۔
اہم پلیٹ فارم
گلوبل میڈیا ڈائیلاگ نے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا، جبکہ کریئٹو اسفیئر اور کریئیٹ ان انڈیا چیلنجز کے ذریعے تخلیقی صلاحیتوں کی شناخت اور انہیں نمایاں کیا گیا۔ ویوز بازار نے منصوبوں کو خریداروں اور سرمایہ کاروں سے جوڑا، جبکہ ویو ایکس نے رہنمائی، انکیوبیشن اور سرمایہ کاری کے مواقع کے ذریعے میڈیا ٹیک اسٹارٹ اپس کی معاونت کی۔ بھارت پویلین اور معلوماتی اجلاسوں میں ہندوستان کی کہانی سنانے کی روایات اور ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو پیش کیا گیا۔
اہم نتائج
- ویوز اعلامیہ کو 77 ممالک نے منظور کیا۔
- کریئیٹ ان انڈیا چیلنجز میں 60 سے زائد ممالک سے تقریباً ایک لاکھ رجسٹریشن ہوئیں، جن میں سے 750 سے زائد فائنلسٹ اور 150 سے زائد ایوارڈ یافتگان منتخب ہوئے۔
- ویوز بازار میں 3,000 سے زائد ملاقاتوں کے ذریعے 1,328 کروڑ روپے کے کاروباری لین دین ہوئے۔
- ویونگ روم میں آٹھ ممالک کی 100 فلمیں پیش کی گئیں، جبکہ 30 سے زائد اسٹارٹ اپس نے ویو ایکس کے ذریعے اپنے منصوبے پیش کیے۔
ویوز اجلاس تک محدود نہیں ہے بلکہ اپنے تخلیق کاروں، کاروباری اداروں اور اسٹارٹ اپ پلیٹ فارم کے ذریعے سال بھر سرگرم رہتا ہے۔ یہ اقدامات پورے سال تخلیقی صلاحیتوں کو منڈیوں، سرمایہ کاری اور عالمی مواقع سے جوڑتے ہیں۔
|
ویوز اجلاس نے ان کوششوں کو عالمی تخلیقی صنعت کے ایک ماحولیاتی نظام سے جوڑ دیا ہے، جہاں تخلیق کاروں کا رابطہ کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے رہنماؤں سے ہوتا ہے۔ اپنے کاروباری پلیٹ فارم، تخلیق کاروں کے چیلنجز اور اسٹارٹ اپ پلیٹ فارم کے ذریعے یہ باصلاحیت افراد کو پیشہ ورانہ روابط، ناظرین اور عالمی مواقع تک رسائی کے راستے فراہم کرتا ہے۔ ان اقدامات کی اصل طاقت ان کے باہمی ربط میں ہے۔ آرکائیوزہندوستان کی ثقافتی یادداشت کو محفوظ رکھتے ہیں، علاقائی پلیٹ فارم متنوع کہانیوں کو نمایاں کرتے ہیں اور نئے ٹیلنٹ کو تخلیق اور اختراع کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ یہ سب مل کر ہندوستان کے مالا مال ثقافتی ورثے کو اس کے بدلتے ہوئے تخلیقی مستقبل سے جوڑتے ہیں، جس سے عوامی نشریات زیادہ قابل رسائی اور مواد کی تخلیق زیادہ جامع بنتی ہے۔
موجودہ کہانیوں اور بیانیوں کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ نئی آوازوں کو موقع فراہم کرتے ہوئے یہ اقدامات عالمی میڈیا اور تفریحی منظرنامے میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ ایسی تخلیقی معیشت کی تشکیل میں مدد دے رہے ہیں جو مقامی ثقافتی شناختوں میں جڑی ہوئی، قومی پلیٹ فارم کے ذریعے ایک دوسرے سے مربوط اور عالمی سطح پر مسلسل نمایاں ہو رہی ہے۔
حوالہ جات
وزارت اطلاعات و نشریات
https://prasarbharati.gov.in/waves/
https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2243949®=3&lang=1
https://www.pib.gov.in/waves/2025/index.aspx?reg=48&lang=2
https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2154230®=48&lang=2
https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2268091®=48&lang=2
https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2286946®=48&lang=2
https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2126844&utm®=48&lang=2
https://www.pib.gov.in/PressReleaseIframePage.aspx?PRID=2125495&utm®=48&lang=2
https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2125725®=48&lang=2
https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2209982®=3&lang=1
پی آئی بی بیک گراونڈر
https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2229463®=48&lang=2
https://www.pib.gov.in/FeaturesDeatils.aspx?NoteId=154360&ModuleId=2®=48&lang=2
پی ڈی ایف کے لیے یہاں کلک کریں:
****
ش ح۔ م ش۔ خ م
U N-3974
(ریلیز آئی ڈی: 2314072)
وزیٹر کاؤنٹر : 7