سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی سائنسی معاونت فراہم کرے گا اور وشاکھاپٹنم میں بہتر اور محفوظ سڑکوں کے لیے وی ایم آر ڈی اے اور جی وی ایم سی کے ساتھ مل کر کام کرے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 SEP 2026 8:46PM by PIB Delhi

وشاکھاپٹنم کے رکن پارلیمنٹ جناب ایم بھرتھ گارو کی جانب سے بلائی گئی ایک اعلی سطحی میٹنگ آج وشاکھاپٹنم میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (وی ایم آر ڈی اے)، وشاکھاپٹنم کے دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں شہر کے لیے سائنسی بنیادوں پر سڑکوں کی بہتری کے پروگرام کا خاکہ تیار کرنے پر غور و خوض کیا گیا۔ نئی دہلی کے سی ایس آئی آر-سنٹرل روڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی ایچ روی شیکھر کی قیادت میں ادارے کے ایک اعلی سطحی وفد نے شہر اور میٹروپولیٹن خطے کے سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ میں شرکت کی۔

میٹنگ میں دیگر افراد کے علاوہ گریٹر وشاکھاپٹنم میونسپل کارپوریشن (جی وی ایم سی) کے میونسپل کمشنر جناب کیتن گرگ، آئی اے ایس؛ جی وی ایم سی کے چیف انجینئر جناب پی وی وی ستیہ نارائنا راجو اور وی ایم آر ڈی اے کے چیف انجینئر جناب ونئے کمار نے شرکت کی۔ سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کی جانب سے ڈاکٹر جی بھرت، ڈاکٹر سمپت کمار پی، ڈاکٹر پی ایس پرساد اور ڈاکٹر کے رویندر نے لچک دار سڑکوں کی تعمیر، سڑکوں کی کارکردگی کے جائزے، کمزور اور پانی سے متاثرہ زمین کی ذیلی سطح کو مضبوط بنانے اور شہری سڑکوں کی حفاظت سے متعلق ادارے کی ٹیکنالوجیز پیش کیں۔

یہ ملاقات شہر کے لیے ایک اہم موقع پر ہوئی ہے۔ وی ایم آر ڈی اے کی معاونت سے جی وی ایم سی نے آٹھ اسمبلی حلقوں میں بجری اور ڈبلیو بی ایم سڑکوں کو بی ٹی/سی سی معیار کی سڑکوں میں اپ گریڈ کرنے اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کے ساتھ مکمل سڑکیں تیار کرنے کا ایک بڑا پروگرام شروع کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت تقریباً 228 کلومیٹر سڑکیں، 34 کلومیٹر مرکزی ڈیوائیڈر، 1,550 سے زائد اسٹریٹ لائٹس اور اہم چوراہوں کی بہتری شامل ہے۔ توقع ہے کہ سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کی سائنسی مہارت ایسے کاموں کی منصوبہ بندی، معیار اور طویل مدتی پائیداری کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

میٹنگ میں متعلقہ معاملات پر غور و خوض کا آغاز کرتے ہوئے معزز رکن پارلیمنٹ نے شہر کی ترجیحات بیان کیں، جن میں پلوں کا جائزہ، سڑکوں کے منصوبوں میں معیار کی نگرانی، آئی-راسٹے جیسے ذہین سڑک حفاظتی نظام کی تنصیب، وشاکھاپٹنم کے لیے سڑکوں کا مکمل حل، اور سڑکوں سے متعلق مختلف امور پر ٹھیکیداروں اور انجینئروں کے لیے منظم تربیت شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وشاکھاپٹنم میں ایک بڑا بندرگاہ، صنعتی بنیاد، تیزی سے پھیلتا ہوا میٹروپولیٹن خطہ اور طویل و دشوار ساحلی پٹی موجود ہے، اس لیے یہاں پائیدار اور سائنسی اصولوں کے مطابق تیار کی گئی سڑکوں کی ضرورت ہے۔

تفصیلی بات چیت میں ایسے متعدد شعبوں کی نشاندہی کی گئی جن میں سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی مسائل کا سائنسی مطالعہ کرکے ان کے حل تجویز کرے گا۔ ان میں سڑکوں کی مکمل تعمیر نو کے ذریعے ازسرنو بچھانے، نئی سڑکوں کی تعمیر اور موجودہ سڑکوں کی بحالی؛ سڑکوں کے کٹاؤ، شہری سیلاب اور ساحلی کٹاؤ کا سائنسی مطالعہ اور ان کے تدارک کے اقدامات؛ پیدل چلنے والوں کے لیے ’پیدل چلنے کے حق‘ کے تحت سہولتیں؛ سڑکوں اور سڑکوں کی حفاظت سے متعلق جائزے؛ رفتار کم کرنے والے اسپیڈ بریکرز کو مناسب اور سائنسی بنیادوں پر ترتیب دینا؛ اور شہر کے سڑکوں کے نیٹ ورک کے لیے جدید ’روڈ اثاثہ مینجمنٹ نظام‘ تیار کرنا شامل ہے۔

اس تعاون کو مضبوط اور دیرپا بنیاد فراہم کرنے کے لیے سی آر آر آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی ایچ روی شیکھر اور چیف سائنس داں ڈاکٹر ونود کارار نے مجوزہ مفاہمتی معاہدوں اور مفاہمت ناموں (ایم او اے/ایم او یو) کی شرائط و طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دینے اور ان پر تیزی سے عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ ان میں ایک معاہدہ سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی اور جی وی ایم سی کے درمیان، جبکہ دوسرا سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی اور وی ایم آر ڈی اے کے درمیان ہوگا اور ان میں مذکورہ تمام شعبوں میں کام کا احاطہ کیا جائے گا۔ ان معاہدوں کے ذریعے سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کی سڑکوں پر تحقیق کے 75 سالہ تجربے کو براہ راست اور غیر جانب دارانہ طور پر شہر کی سڑکوں کی بہتری کے لیے بروئے کار لایا جا سکے گا۔

معزز رکن پارلیمنٹ جناب ایم بھرتھ گارو نے مجوزہ حلوں کی تفصیلی منصوبہ بندی اور ایک واضح، مقررہ مدت پر مبنی عملی منصوبے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ وشاکھاپٹنم میں ملک کی بہترین سڑکیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے وشاکھاپٹنم میں عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کے لیے تمام پہلوؤں کا جامع مطالعہ کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے شہری اداروں اور سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی پر زور دیا کہ وہ آج کی میٹنگ میں  غور و خوض  کیے گئے معاملات کو جلد از جلد عملی اقدامات میں تبدیل کریں۔

سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی ایچ روی شیکھر نے شرکا ءکو یقین دلایا کہ ادارہ جی وی ایم سی اور وی ایم آر ڈی اے کے ساتھ شراکت داری کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے اور نوڈل افسران کی نامزدگی، مشترکہ مقامات کے دوروں اور ترجیحی سڑکوں کی نشاندہی کے ذریعے فوری طور پر آئندہ کی کارروائی کرے گا۔

پہلے قدم کے طور پر سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کی ٹیم نے جی وی ایم سی کے ایگزیکٹو انجینئر جناب شانتی راجو کے ساتھ وشاکھاپٹنم کی منتخب سڑکوں کا سروے کیا۔ اس سروے کا مقصد سڑکوں کی حالت، ہندسی ڈیزائن، سڑکوں کی حفاظت کے پہلوؤں، سڑک کے اشاروں، چوراہوں کی بہتری، پیدل چلنے والوں کی سہولتوں اور سڑکوں میں پیدا ہونے والی خرابیوں سے متعلق مختلف اشاریوں کا جائزہ لینا تھا۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔م م ع ۔ع ن)

U. No. 3896


(ریلیز آئی ڈی: 2313310) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी