دیہی ترقیات کی وزارت
محکمہ اراضی وسائل نے ’سوچھتا ہی سیوا‘ مہم کا آغاز کیا، صفائی کو اجتماعی ذمہ داری قرار دیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 SEP 2026 9:47PM by PIB Delhi
دیہی ترقی کی وزارت کے محکمہ اراضی وسائل (ڈی او ایل آر) نے 17 ستمبر 2026 سے ’سوچھتا ہی سیوا‘ مہم کا آغاز کیا ہے، جس کے ذریعے صفائی، ذمہ دارانہ طور پر کچرے کے انتظام اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
اس مہم میں صفائی کو اجتماعی ذمہ داری بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ اس کے تحت افسران اور عملے کو اپنے دفاتر اور اطراف کے علاقوں کو صاف رکھنے اور صاف ستھرے ماحول کے قیام میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ اس کا دائرہ صرف دفتری صفائی تک محدود نہیں ہے بلکہ انفرادی اور کمیونٹی سطح پر ایسےطریقہ کار اپنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، جن سے کچرا پھیلانے کے رجحان کو کم کرنے اور صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
صفائی اور عوامی شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے محکمہ اراضی وسائل کے سکریٹری جناب نریندر بھوشن نے کہا، ’’سوچھتا صرف اپنے اردگرد کی صفائی کرنے کا نام نہیں ہے، بلکہ ان جگہوں کی ذمہ داری اٹھانے کا نام ہے جنہیں ہم سب استعمال کرتے ہیں۔ ’سوچھتا ہی سیوا‘ کا حقیقی اثر اسی وقت سامنے آئے گا جب ہم میں سے ہر شخص صفائی کو اپنے روزمرہ کے طرز عمل کا حصہ بنائے گا۔ کچرا پھیلانے سے گریز کرکے، اپنے کام کی جگہوں اور محلوں کو صاف رکھ کر اور کچرے کا ذمہ داری کے ساتھ انتظام یقینی بنا کر ہم صاف ستھرے اور صحت مند بھارت کی تعمیر میں بامعنی کردار ادا کر سکتے ہیں۔‘‘
محکمہ نے اپنے افسران اور عملے سے صفائی کی سرگرمیوں میں فعال طور پر حصہ لینے اور روزمرہ زندگی میں آسان اور پائیدار طریقے اپنانے کی اپیل کی ہے۔ اس مہم کے تحت افراد کو اپنے اردگرد کے ماحول کی صفائی کی ذمہ داری خود اٹھانے کی ترغیب دی جا رہی ہے، بجائے اس کے کہ صفائی کی پوری ذمہ داری صرف صفائی کارکنوں پر چھوڑ دی جائے۔
پروگرام میں پلاسٹک کے کچرے اور ای ویسٹ کو ذمہ داری کے ساتھ ٹھکانے لگانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ ملازمین کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ گھروں اور دفاتر میں غیر استعمال شدہ اشیا کی نشاندہی کریں اور ان کے دوبارہ استعمال، مرمت، ری سائیکلنگ یا ذمہ دارانہ طریقے سے تلف کرنے کے امکانات تلاش کریں، جس سے سرکلر اکانومی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
اس مہم میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ صفائی کا عوامی خدمت سے گہرا تعلق ہے۔ اس کا پیغام ہے کہ کچرے کی پیداوار کو کم کیا جائے، کچرا ادھر ادھر پھینکنے سے گریز کیا جائے اور ایسے نظاموں کی حمایت کی جائے جن کے ذریعے کچرے کو ری سائیکل اور دوبارہ استعمال کیا جا سکے۔ خطاب میں پلاسٹک کے کچرے کو ری سائیکل کرکے مفید اشیا میں تبدیل کرنے کی مثالیں بھی پیش کی گئیں، جو ذمہ دارانہ کچرا انتظام اور سرکلر طریقہ کار کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہیں۔
محکمہ نے اپنے اہلکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ صاف ستھری کام کی جگہ برقرار رکھ کر، اپنے اردگرد کے ماحول کو کچرے سے پاک رکھ کر اور اپنے گھروں اور برادریوں میں بھی اسی طرح کے طریقے اپنانے کی ترغیب دے کر دوسروں کے لیے مثال قائم کریں۔
’سوچھتا ہی سیوا‘ کا مقصد اس تصور کو مزید مضبوط کرنا ہے کہ صفائی ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور جب چھوٹی چھوٹی انفرادی کوششیں اجتماعی طور پر اپنائی جاتی ہیں تو وہ بڑی تبدیلی کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔ یہ مہم ذمہ دار شہری ہونے، عوامی خدمت اور پائیدار طرز عمل کو فروغ دینے کے وسیع تر وژن سے ہم آہنگ ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح –ش ت-ع ن)
U. No. 3840
(ریلیز آئی ڈی: 2312899)
وزیٹر کاؤنٹر : 18