ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر ماحولیات نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کے ساتھ دہلی-این سی آر کے لیے اترپردیش کے فضائی آلودگی سے نمٹنے کے منصوبے کا جائزہ لیا


جناب بھوپیندر یادو نے مقررہ مدت میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے سختی سے عمل درآمد، تیز رفتار نفاذ اور پورے معاشرے کی شمولیت پر زور دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 SEP 2026 4:34PM by PIB Delhi

لکھنؤ/نئی دہلی، 18 ستمبر 2026

مرکزی وزیر ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی جناب بھوپیندر یادو نے آج لکھنؤ میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران کے ساتھ ایک جامع جائزہ اجلاس منعقد کیا، جس میں دہلی-این سی آر میں فضائی معیار کو بہتر بنانے کے مقصد سے جاری اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی جناب کیرتی وردھن سنگھ، اتر پردیش کے وزیر ماحولیات و جنگلات ڈاکٹر ارون کمار اور ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ (آزادانہ چارج) جناب دیا شنکر سنگھ بھی اجلاس میں موجود تھے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image001_20260918163553_6b119d.jpg

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جا رہے اقدامات کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ریاستی حکومت کے تمام افسران کو ہدایت دی کہ اجلاس میں زیر بحث مختلف اقدامات پر بروقت کارروائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس معاملے میں جائزہ اجلاس منعقد کرنے اور قیمتی رہنمائی فراہم کرنے پر مرکزی وزیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اجلاس کے دوران جناب بھوپیندر یادو نے موسم سرما کے آغاز سے قبل فضائی آلودگی کی سطح میں خاطر خواہ کمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کے تیز رفتار نفاذ، مختلف اداروں کے درمیان بہتر تال میل اور سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ بروقت کارروائی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ”موسم سرما کے آغاز سے قبل دستیاب وقت کا مکمل استعمال کرتے ہوئے آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کو مشن موڈ میں نافذ کیا جانا چاہیے۔ بروقت عمل درآمد، مؤثر تال میل اور سختی سے عمل درآمد دہلی-این سی آر کے فضائی معیار میں نمایاں بہتری لانے کے لیے انتہائی اہم ہوں گے۔“

سڑکوں سے اٹھنے والی گرد پر قابو پانے کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے جناب یادو نے ترجیحی بنیاد پر مانسون کے دوران سڑکوں کی مکمل پختہ کاری اور مقامی انواع کی جھاڑیوں/گھاس سے شادابی پیدا کرنے کے کام کو یقینی بنانے کی درخواست کی۔ انہوں نے گڑھوں کی نشاندہی اور مرمت، پیدل راستوں اور فٹ پاتھوں کی تعمیر، سڑکوں کے کنارے شادابی اور سڑکوں کی گہری صفائی پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے مکینیکل روڈ سویپنگ مشینوں (ایم آر ایس ایمز) کی تعیناتی میں موجود تمام خلا کو جلد از جلد دور کرنے پر زور دیتے ہوئے تمام ایم آر ایس ایمز کی جیو ٹیگنگ کی تجویز بھی دی، تاکہ سڑکوں کی صفائی کی کارروائیوں کی حقیقی وقت میں نگرانی کی جا سکے اور جواب دہی کو بہتر بنایا جا سکے۔

برقی نقل و حرکت کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر موصوف نے اتر پردیش میں این سی آر کی تمام میونسپل کارپوریشنوں میں برقی بسوں کی تعیناتی اور برقی گاڑیوں کی چارجنگ کے مراکز کی تنصیب کے کام میں تیزی لانے پر زور دیا، کیونکہ موجودہ بیڑے میں نمایاں کمی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے پوری ریاست میں درختوں سے ڈھکے رقبے میں تیزی سے اضافے کے لیے اتر پردیش حکومت کو مبارکباد دی۔مدت پوری کرچکی گاڑیوں (ای او ایل) کے معاملے پر جناب یادو نے متعلقہ حکام سے درخواست کی کہ این سی آر سے باہر منتقلی کے لیے اہل مدت پوری کرچکی گاڑیوں کے سلسلے میں عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سیز) جاری کرنے کے عمل میں تیزی لائی جائے، ساتھ ہی پرانی اور ناقابل استعمال گاڑیوں کو سائنسی طریقے سے ناکارہ بنانے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے پریورتن اسکیم کے تحت پرانی اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کی جگہ برقی گاڑیوں کو تیزی سے متعارف کرانے پر بھی زور دیا۔وزیر موصوف نے موثر طور پر ”پی یو سی سی نہیں، ایندھن نہیں“ اقدام نافذ کرنے کے لیے تمام ایندھن اسٹیشنوں پر خودکار نمبر پلیٹ شناخت (اے این پی آر) نظام نصب کرنے کی درخواست کی۔ شہری ٹریفک کے بہتر انتظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جناب یادو نے حکام سے کہا کہ ٹریفک کے شدید اژدحام والے مقامات کی مشن موڈ میں نشاندہی کی جائے اور ان کے تدارک کے لیے مناسب اقدامات جلد از جلد نافذ کیے جائیں۔

صنعتی آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے جناب یادو نے صنعتی یونٹوں میں آن لائن مسلسل اخراج کی نگرانی کے نظام (او سی ای ایم ایس) اور فضائی آلودگی پر قابو پانے والے آلات (اے پی سی ڈیز) کی تنصیب کے کام میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مرکزی وزیر نے تعمیرات اور انہدام کے ملبے کے انتظام میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور تعمیرات و انہدام کے ملبے کے لیے ثانوی جمع آوری مراکز کے قیام کے کام میں تیزی لانے کی درخواست کی۔ میونسپل ٹھوس فضلے (ایم ایس ڈبلیو) اور فصل کی باقیات جلانے کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرانے جمع شدہ کچرے کو جنگی پیمانے پر ٹھکانے لگانے کا کام کیا جانا چاہیے۔ پرالی جلانے کے معاملے میں جناب یادو نے ریاستی حکومت سے فصل کی باقیات کے انتظام (سی آر ایم) کے لیے درکار مشینری کی فراہمی میں موجود خلا کو دور کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے سی آر ایم آلات کے مؤثر استعمال کو فروغ دینے کے لیے وسیع پیمانے پر اطلاعات، تعلیم اور ابلاغی مہمات (آئی ای سی) اور کسانوں کے تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

عوامی شمولیت اور اداروں کے درمیان مربوط کارروائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جناب یادو نے کہا کہ فضائی آلودگی سے مؤثر طور پر صرف ’مکمل حکومتی‘ اور ’پورے معاشرے‘ کے نقطہ نظر کے ذریعے ہی نمٹا جا سکتا ہے۔ مرکزی وزیر نے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے آبادی کے تناسب کے مطابق صفائی کارکنوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیر موصوف  نے کہا کہ فضائی آلودگی پر قابو صرف قواعد کی پابندی، جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے جدت طرازی کے ذریعے ہی پایا جا سکتا ہے۔ وسیع پیمانے پر عوامی شمولیت کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ تمام شہری آگے آئیں، حکام کے ساتھ مل کر کام کریں اور فضائی آلودگی کے خلاف اس جدوجہد میں اہم کردار ادا کریں۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image002_20260918163612_e3d239.jpg

 

اجلاس میں ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کے سکریٹری جناب تنمے کمار، کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) کے چیئرمین جناب راجیش ورما، ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت اور اتر پردیش حکومت کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) اور اتر پردیش اسٹیٹ پولوشن کنٹرول بورڈ (یو پی ایس پی سی بی)  کے سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

 

***

 

ش ح۔ش ت ۔ م الف

U. No- 3810


(ریلیز آئی ڈی: 2312216) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी