ارضیاتی سائنس کی وزارت
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اوڈیشہ کے سمبل پور میں بھارت کے 51ویں ڈوپلر موسم ریڈار کا افتتاح کیا،انہوں نے کہاکہ مشن موسم بھارت کی موسم سے متعلق تیاری کو مضبوط بنا رہا ہے
2014 میں بھارت کے ڈوپلر موسم ریڈار نیٹ ورک میں 14 ریڈار تھے، اب یہ تعداد بڑھ کر 51 ہوگئی ہے؛ مشن موسم کے تحت مزید تقریباً 40 ریڈار نصب کئے جائیں گے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
سمبل پور کا ریڈار مغربی اوڈیشہ اور ملحقہ علاقوں میں موسم کی نگرانی کو مضبوط بنائے گا: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
بھارت مزید گھریلو سطح پر موسم کی پیش گوئی اور قبل از وقت انتباہ کے لیے کثیر سطحی موسمیاتی مشاہداتی نیٹ ورک قائم کر رہا ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
آئی ایم ڈی ‘پڑوسی مقدم’ کے جذبے کے تحت 13 پڑوسی ممالک کو موسم اور قبل از وقت انتباہ کی سہولت فراہم کر رہا ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 SEP 2026 1:33PM by PIB Delhi
ارضیاتی سائنسزکے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج اوڈیشہ کے وزیر اعلی جناب موہن چرن ماجھی کی موجودگی میں اوڈیشہ کے سمبل پور میں بھارت کے 51ویں جدید ترین ڈوپلر موسم ریڈار کا ورچوئل طور پر افتتاح کیا۔ اس ریڈار کا افتتاح بھارت کے موسمیاتی مشاہداتی بنیادی ڈھانچے میں ایک اہم اضافہ ہے اور اس کا مقصد مغربی اوڈیشہ اور ملحقہ علاقوں میں موسم کی پیش گوئی اور قبل از وقت انتباہ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔
سمبل پور ریڈار کے فعال ہونے کے ساتھ ہی اوڈیشہ میں اب تین ڈوپلر موسم ریڈار ہوگئے ہیں۔ اس سے پہلے گوپال پور اور پارادیپ میں یہ ریڈار نصب کیے گئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں ڈوپلر موسم ریڈار کی تعداد بڑھ کر 51 ہوگئی ہے۔یہ نئی سہولت مغربی اوڈیشہ میں موسمیاتی مشاہدات کو مضبوط بنائے گی اور جنوبی جھارکھنڈ، شمالی چھتیس گڑھ اور شمالی آندھرا پردیش اور مغربی بنگال کے کچھ حصوں میں موسم سے متعلق بہتر معلومات فراہم کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران بھارت کے موسمیاتی مشاہداتی بنیادی ڈھانچے میں تیزی سے ہونے والی توسیع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں ملک میں صرف 14 ڈوپلر موسم ریڈار تھے، جبکہ اب یہ نیٹ ورک بڑھ کر 51 ریڈار تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشن موسم کے تحت مزید تقریباً 40 ریڈار لگانے کا منصوبہ ہے، جس کے بعد ملک میں ڈوپلر موسم ریڈار کی مجموعی تعداد تقریباً 81 ہوجائے گی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ یہ توسیع، شدید موسم کے حالات کی نگرانی، اسےسمجھنے اور نمٹنے کی بھارت کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کی حکومت کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی مشاہدے کی بہتر صلاحیتیں ان علاقوں کے لیے خاص طور پر اہم ہیں جو گرج چمک، آسمانی بجلی، شدید بارش اور موسم سے متعلق دیگر خطرات سے متاثر ہونے کے خدشے سے دوچار ہیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سمبل پور کا ریڈار اس لحاظ سے اہم ہے کہ اس سے خطے میں موسمیاتی مشاہدے کی ایک اہم کمی کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ ریڈار سے حاصل ہونے والے اضافی مشاہدات سے موسمیاتی اداروں کی موسم کے نظام پر نظر رکھنے کی صلاحیت مضبوط ہوگی اور انتظامیہ اور مقامی آبادی کو زیادہ بروقت اور درست معلومات فراہم کی جا سکیں گی۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ موسم سے متعلق تیاریوں کا انحصار صرف ریڈار کے بنیادی ڈھانچے پر نہیں ہوسکتا، ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ حکومت زمینی سطح پر موسمیاتی مشاہداتی نظام کے نیٹ ورک کو بھی بیک وقت وسعت دے رہی ہے۔ مقامی موسم سے متعلق اعداد و شمار کی دستیابی بہتر بنانے کے لیے اوڈیشہ بھر میں خودکار موسمیاتی مراکز اور بارش ناپنے والے آلات نصب کیے جا رہے ہیں، جن میں ضلعی اور اسکول کی سطح کے مقامات بھی شامل ہیں۔
وزیرموصوف نے جامع اور کثیر سطحی موسمیاتی مشاہداتی نیٹ ورک قائم کرنے کی کوششوں کے تحت ریڈیو آواز مراکز اور مائیکرو ویو ریڈیومیٹرز سمیت جدید مشاہداتی نظام کی تنصیب کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ حتمی مقصد بتدریج مقامی سطح پر اور زیادہ درست پیش گوئی کی جانب بڑھنا ہے، تاکہ موسم سے متعلق معلومات کو زمینی سطح پر بروقت کارروائی میں تبدیل کیا جا سکے۔ پیش گوئی کی بہتر صلاحیتیں زراعت، آفات سے نمٹنے، بجلی اور توانائی کے نظام اور موسم کی صورتحال پر منحصر دیگر شعبوں کے لیے براہ راست اہمیت رکھتی ہیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اوڈیشہ میں موسمیاتی بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کا بھی اعلان کیا اور بتایا کہ بالاسور، پوری اور بھونیشور کے لیے مزید ڈوپلر موسم ریڈار لگانے کا منصوبہ زیر عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانچی، کولکاتا، جگدل پور اور پٹنہ سمیت علاقائی مراکز اور ملحقہ علاقوں میں خودکار موسمیاتی نگرانی کے نظام کو بھی وسعت دی جا رہی ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت کی موسمیاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے سے ملک کا علاقائی کردار بھی بڑھ رہا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے قیام کے 150سال مکمل ہونےکا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ بھارت کی موسمیاتی صلاحیتیں بتدریج خطے کے لیے ایک اہم وسیلہ بن رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘پڑوسی مقدم’ اور ‘وشو بندھو بھارت’ کے جذبے کے تحت آئی ایم ڈی 13 پڑوسی ممالک کو موسم، سمندری طوفان اور اچانک آنے والے سیلاب کی پیش گوئی اور قبل از وقت انتباہ سے متعلق تعاون فراہم کر رہا ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اس لیے جدید موسمیاتی بنیادی ڈھانچے میں بھارت کی سرمایہ کاری نہ صرف ملک کے اندر موسمیاتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کو مضبوط بنا رہی ہے بلکہ خطے میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافے میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سمبل پور ریڈار کے قیام میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اوڈیشہ حکومت کی جانب سے فراہم کیے گئے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی اور تکنیکی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں مرکز اور ریاست کے درمیان شراکت داری شدید موسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے ریاست کی تیاری کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
وزیرموصوف نے اوڈیشہ کو ‘‘موسم کے لیے تیار اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مضبوط ریاست’’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے ریاست کے تجربے کو جدید سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ جوڑنا انتہائی اہم ہے۔
ارضیاتی سائنسز کی وزارت کے سکریٹری ڈاکٹر ٹی سری نواس کمار تومالا نے ریڈار کے لیے درکار زمین کے حصول اور تعمیراتی کام میں سہولت فراہم کرنے پر اوڈیشہ حکومت کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی مشاہدات کے بہتر نیٹ ورک سے ریاست بھر میں زراعت، آفات سے نمٹنے اور بجلی و توانائی کے انتظام کے لیے اہم معلومات حاصل ہوں گی۔
اس موقع پر راجیہ سبھا کے رکن جناب منموہن سامال، رکن اسمبلی جناب جے نارائن مشرا، اوڈیشہ کے ریاستی وزیر جناب سریش پجاری، بھارتی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مرتیونجے مہاپاترا اور مرکزی و ریاستی حکومتوں کے سینئر افسران موجود تھے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ مشن موسم کے تحت ملک کے موسمیاتی مشاہداتی نیٹ ورک کی مسلسل توسیع حکومت کے اس نقطہ نظر کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کو بروقت قبل از وقت انتباہ کے نظام کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے، تاکہ موسم سے متعلق معلومات ان لوگوں اور اداروں تک پہنچ سکیں جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے اور شدید موسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیاری کو مضبوط بنایا جا سکے۔


تصویر –اوڈیشہ کے سمبل پور میں ڈوپلر موسم ریڈار کے افتتاح کی تقریب سے ورچوئل وسیلے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ
*****
ش ح۔ م ع - ف ر
U-no-3703
(ریلیز آئی ڈی: 2311468)
وزیٹر کاؤنٹر : 12