زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
وزیر اعظم مودی کی ہدایت پر شیوراج سنگھ چوہان سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور فصلوں کے نقصان کا جائزہ لینے بہار پہنچے
شیوراج سنگھ چوہان نے وزیر اعلی سمراٹ چودھری کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ بہار کا دورہ کیا، موقع پر نقصانات کا جائزہ لیا
حاجی پور سے بھاگلپور اور مونگیر تک، شیوراج سنگھ چوہان نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور راحت کاری کا جائزہ لیا
مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے بہار میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا اورمرکز کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی
شیوراج سنگھ چوہان کشتی، ٹریکٹر اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ علاقوں تک پہنچے اور سیلاب متاثرین کو یقین دلایاکہ‘‘ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں’’
کیلے اور مکئی کی فصلیں زیر آب، لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں؛ مرکز اور ریاست ہر ممکن مدد فراہم کریں گے: شیوراج سنگھ چوہان
بہار کے ہر کسان اور سیلاب متاثرین کے ساتھ مرکز پوری مضبوطی سے کھڑا ہے، راحت اور بازآبادکاری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے: شیوراج سنگھ چوہان
بہار میں سیلاب کا بحران: راحت، فصلوں کے معاوضے اور بازآبادکاری کے لیے مرکز کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا: شیوراج سنگھ چوہان
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 SEP 2026 8:12PM by PIB Delhi
زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی ہدایت پر بہار کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور موقع پر صورتحال کا جائزہ لیا۔ بہار کے وزیر اعلی جناب سمراٹ چودھری، ریاستی وزرا اور مرکز و ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ جناب چوہان نے حاجی پور، ویشالی، مونگیر اور بھاگلپور میں سیلاب کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرہ گاؤں اور زرعی اراضی تک پہنچنے کے لیے موٹر بوٹ، دیسی کشتی اور ٹریکٹر کے ذریعے سفر کیا اور فضائی جائزہ بھی لیا۔ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے یقین دلایا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت بہار کے عوام کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑی ہے اور ریاست کو اس بحران سے نکلنے میں مدد دینے کے لیے ہر ممکن مالی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق تعاون فراہم کیا جائے گا۔
مرکزی حکومت سیلاب کی صورتحال کی قریبی نگرانی کر رہی ہے
مرکز بہار میں سیلاب کی صورتحال پر قریبی نظر رکھ رہا ہے۔ گنگا اور دیگر دریاؤں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اور کئی علاقوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر جناب شیوراج سنگھ چوہان منگل کے روز ایک اعلی سطحی مرکزی ٹیم کے ساتھ بہار پہنچے، جس میں زراعت و کسان بہبود کی وزارت، دیہی ترقی کی وزارت اور مختلف مرکزی اداروں کے اعلیٰ عہدیدار اور تکنیکی ماہرین شامل تھے۔ پٹنہ پہنچنے کے بعد انہوں نے وزیر اعلی جناب سمراٹ چودھری، ریاستی کابینہ کے ارکان اور اعلی انتظامی عہدیداروں کے ساتھ مل کر موقع پر صورتحال کا جائزہ شروع کیا۔
چوہان نے سیلاب سے متاثرہ گاؤں ، کھیتوں اور راحتی کیمپوں کا دورہ کیا
حاجی پور، ویشالی میں جناب چوہان نے شدید متاثرہ تیراسیا اور سری پور گاؤں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے موٹر بوٹ اور دیسی کشتی کے ذریعے سفر کرتے ہوئے زیر آب رہائشی علاقوں اور زرعی کھیتوں کا معائنہ کیا۔ کئی دشوار گزار مقامات تک پہنچنے کے لیے انہوں نے ٹریکٹر کے ذریعے سفر کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے راگھوپور سکس لین پل سے سیلاب کی شدت اور پانی کی سطح کا بھی جائزہ لیا۔ مونگیر میں مرکزی وزیر نے نواگڑھی راحتی کیمپ اور کوجیکرایا پشتے کا معائنہ کیا اور تحفظ اور پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ بھاگلپور میں انہوں نے راحتی کیمپوں کا دورہ کیا اور وہاں پناہ لینے والے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔
پانی کی سطح 2016 کے سیلاب کے مقابلے میں تقریباً ایک فٹ زیادہ
موقع پر دورے کے بعد جناب چوہان نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعلی اور مقامی باشندوں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پانی کی سطح 2016 کے تاریخی سیلاب کے دوران ریکارڈ کی گئی سطح سے تقریباً ایک فٹ زیادہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 دن سے زیادہ عرصے تک زیر آب رہنے کے باعث کیلے اور مکئی کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ تقریباً 50 لاکھ افراد سیلاب سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ بہت سے خاندانوں کو اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے، مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ جناب چوہان نے کہاکہ کسانوں کی وہ فصلیں، جن میں انہوں نے اپنی محنت اور روزی روٹی لگائی ہے، سیلابی پانی میں ڈوبی دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے۔ لیکن کسانوں کو حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے۔ حکومت ان کی روزی روٹی کے تحفظ اور اس مشکل وقت میں ان کی مدد کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
ریاستی حکومت کی راحت اور بچاؤ کی کوششوں کا جائزہ
جناب چوہان نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریاستی حکومت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعلی جناب سمراٹ چودھری کی قیادت میں انتظامیہ راحت اور بچاؤ کی کارروائیوں میں دن رات مصروف ہے۔ فوری امداد کے طور پر ریاستی حکومت نے ہر متاثرہ خاندان کے بینک کھاتے میں ڈی بی ٹی کے ذریعے براہ راست 7,000 روپے منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔ یہ عمل جنگی پیمانے پر انجام دیا جارہا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ان کے گھروں اور راحتی کیمپوں میں طبی امداد اور ادویات فراہم کرنے کے لیے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی ٹیموں کو کشتیوں کے ذریعے بھیجا جارہا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ، صاف پینے کا پانی، خشک راشن اور تیار کھانے کے پیکٹوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
مرکزی ٹیم تفصیلی نقصانات کا جائزہ لے گی
جناب چوہان نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنے ریاستی آفات سے نمٹنے کے فنڈ (ایس ڈی آر ایف) اور دستیاب وسائل کے ذریعے فوری امداد فراہم کر رہی ہے، جبکہ مرکزی حکومت راحت، بحالی اور تعمیر نو کے لیے تمام ضروری تعاون فراہم کرے گی۔ زراعت اور دیہی ترقی کے محکموں کے عہدیدار صورتحال کا ابتدائی جائزہ لے رہے ہیں۔ اس کے بعد نقصانات کی شدت کا جائزہ لینے کے لیے ایک تفصیلی بین الوزارتی مرکزی ٹیم بہار بھیجی جائے گی۔ یہ ٹیم متاثرہ اضلاع میں ہونے والے نقصانات، خاص طور پر زرعی فصلوں، سڑکوں، پلوں، مکانات اور مویشیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لے گی۔ جناب چوہان نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے قومی آفات سے نمٹنے کے فنڈ کے تحت مطلوبہ تجویز پیش کیے جانے کے بعد مرکز بغیر کسی تاخیر کے مناسب مالی اور مادی امداد فراہم کرے گا۔
کوئی بھی متاثرہ خاندان بے سہارا نہیں چھوڑا جائے گا
سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلاتے ہوئے جناب چوہان نے کہا کہ مرکز اور وزیر اعظم بہار کے عوام کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں مرکزی حکومت اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے بہار کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ اگرچہ بحران سنگین ہے، لیکن عوام کی خدمت کے لیے ہمارا عزم اس سے بھی زیادہ مضبوط ہے۔ بہار کو اس بحران سے نکالنے میں ہم ریاستی حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔ کسی بھی متاثرہ خاندان کو بے سہارا نہیں چھوڑا جائے گا۔
وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر اعلی سطحی جائزہ میٹنگ
ریاست بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں، پشتوں اور راحتی کیمپوں کے دن بھر کے دورے کے بعد جناب چوہان آج شام 6 بجے این مارگ پر واقع وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر اعلی سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے متعلقہ محکموں کے اعلی عہدیدار میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ جائزہ میٹنگ میں راحتی سامان کی تقسیم، صحت خدمات، فصلوں کے معاوضے کے منصوبے اور متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔
********
) ش ح ۔ ش آ۔ ن ع)
U.No.3704
(ریلیز آئی ڈی: 2311443)
وزیٹر کاؤنٹر : 15