نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
دفاع کے مرکزی وزیر مملکت رَکشا کھڑسے نے سائیتوال اور کولاسیب میں ضلعی جائزہ میٹنگوں کی صدارت کی؛ انہوں نے ترقیاتی ترجیحات، کھیلوں اور نوجوانوں کی شمولیت کا جائزہ لیا
زمینی سطح پر کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کو متحرک کرنے، منشیات کے استعمال کی روک تھام، زراعت، رابطے اور مرکزی حکومت کی اسکیموں کے مؤثر نفاذ پر توجہ مرکوز کی گئی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 SEP 2026 2:24PM by PIB Delhi
نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ رکشا کھڑسے نے 15 سے 16 ستمبر ، 2026 ء کو میزورم کے سرکاری دورے کے دوران سائیتوال اور کولاسیب کے لیے ضلعی سطح کے جائزہ میٹنگوں کی صدارت کی۔ ان میٹنگوں میں اہم ترقیاتی ترجیحات، مرکزی حکومت کی اسکیموں کے نفاذ، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، نوجوانوں کی شمولیت، زراعت، رابطہ کاری، صحت خدمات اور روزگار کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
سائیتوال: نوجوانوں کی شمولیت، زراعت اور کھیل کود
سائیتوال میں منعقدہ جائزہ میٹنگ میں ضلع کلکٹر جناب شری نواس سادی، پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب وویک کمار موریہ، ضلع کے اعلیٰ افسران اور کھیلوں کی فیڈریشنوں اور کمیونٹی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
میٹنگ میں نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی گئی۔ محترمہ کھڑسے نے ’’ نشہ مکت بھارت ابھیان ‘‘ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ، نوجوانوں کے گروپوں، کمیونٹی تنظیموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مزید بہتر تال میل پر زور دیا۔ انہوں نے منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے ہم عمر نو جوانوں کے ذریعے بیداری پیدا کرنے، نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنے اور کمیونٹی سطح پر مسلسل کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

میٹنگ میں ضلع کی زرعی اور باغبانی کی صلاحیتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران ، میزورم کی نامیاتی پیداوار کے لیے منڈی تک رسائی اور سپلائی روابط کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا، تاکہ مقامی کسان وسیع تر منڈیوں سے زیادہ مؤثر طریقے سے جڑ سکیں۔
مقامی کھیلوں کی فیڈریشنوں کے نمائندوں نے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور کھلاڑیوں کی ترقی سے متعلق زمینی سطح پر درکار ضرورتوں کو اجاگر کیا۔ محترمہ کھڑسے نے زور دیا کہ بنیادی ڈھانچے کے ساتھ باقاعدہ کوچنگ، منظم تربیت اور کھلاڑیوں کو مسلسل تعاون فراہم کرنا بھی ضروری ہے، تاکہ نوجوان کھلاڑی مقابلوں کی اعلیٰ سطح تک آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے زمینی سطح پر کھیلوں کے مواقع کو وسعت دینے میں کھیلو انڈیا اسکیم کے رول کو بھی اجاگر کیا۔
کولاسیب: رابطہ کاری، صحت خدمات اور روزگار کے مواقع
کولاسیب کے لیے محترمہ کھڑسے نے ایک ضلعی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں جناب ایچ ڈولیان بوایا، ایم سی ایس، ضلع کلکٹر؛ پو لال رنپویا وارٹے، پولیس سپرنٹنڈنٹ اور اعلیٰ انتظامی افسران اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
سڑکوں کی کنکٹویٹی کو بنیادی ڈھانچے کی ایک اہم ترجیح قرار دیا گیا۔ اس دوران ، مقامی برادریوں کے لیے منڈیوں، ضروری خدمات اور معاشی مواقع تک رسائی کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر موصوف نے ضلع کے کمیونٹی صحت مراکز ، پانچ بنیادی صحت مراکز اور نرسنگ اسکول کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا اور موجودہ صحت خدمات کے بنیادی ڈھانچے کے زیادہ سے زیادہ مؤثر استعمال پر زور دیا۔
زراعت پر ، بالخصوص کسانوں کی مدد کے لیے کرشی وگیان کیندروں (کے وی کے) کے رول پر بھی تفصیلی توجہ مرکوز کی گئی ۔ کولاسیب میں 10,000 سے زیادہ فعال کسان ہیں، جب کہ کے وی کے ، اس وقت 5,000 سے زائد کاشت کاروں کو تکنیکی رہنمائی فراہم کر رہا ہے اور بین ریاستی انٹرن شپ اور گیسٹ فیکلٹی پروگراموں میں سہولت فراہم کرتا ہے۔
جائزہ میٹنگ میں امدادی شعبے کا بھی احاطہ کیا گیا، جس میں 102 فعال امدادی ادارے شامل ہیں، جن میں زیادہ تر زراعت سے متعلق ہیں۔ اس میٹنگ میں جن اوشدھی کیندر کا بھی جائزہ لیا گیا اور مقامی روزگار اور برادری کی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو مستحکم کرنے میں ، ان کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مقامی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا
محترمہ کھڑسے نے ضلع میں ، وزیر اعظم کے روزگار پیدا کرنے کے پروگرام (پی ایم ای جی پی) کے نفاذ کا جائزہ لیا۔ بات چیت میں 26-2025 ء کے دوران ، منظوریوں پر اثر انداز ہونے والے پورٹل تک رسائی سے متعلق مسائل کو حل کرنے اور فرنیچر کی ورکشاپس، کیرانے کی دکانوں اور منرل واٹر کے یونٹوں سمیت شناخت کیے گئے 25 مقامی کاروباری اداروں کو امداد فراہم کرنے کے عمل میں تیزی لانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
سرکاری نظام ِ تقسیم اور پردھان منتری اجوولا یوجنا کا جائزہ لیتے ہوئے ، محترمہ کھڑسے نے افسران کو ہدایت دی کہ مستفیدین کے اعداد و شمار میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے اور درست ریکارڈ یقینی بنایا جائے، تاکہ تمام اہل کنبوں کو مطلوبہ فوائد حاصل ہو سکیں۔
کولاسیب میں زمینی سطح پر کھیل کود کے نظام کو مستحکم کرنا
کولاسیب کی جائزہ میٹنگ میں کھیل کود ایک اہم موضوع کے طور پر سامنے آیا ہے ۔ ضلع میں فٹ بال، ہاکی اور کشتی کو نمایاں کھیلوں میں شمار کیا گیا۔ کولاسیب کے کھلاڑی قومی سطح کی فٹ بال لیگز میں حصہ لے رہے ہیں، جب کہ ضلع میں ہاکی کا ایک میدان بھی موجود ہے اور یہاں سے قومی سطح کا ایک ہاکی کھلاڑی بھی سامنے آیا ہے۔
_20260916142929_90f20d.png)
مقامی کھلاڑیوں کو منظم کوچنگ اور مسلسل تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک مخصوص تربیتی مرکز قائم کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محترمہ کھڑسے نے وی بی-گرام-جی اقدام کے تحت تیار کیے جا رہے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا، جس میں فٹ بال اور والی بال کے میدانوں کی تعمیر اور موجودہ سہولتی مراکز کی دیکھ بھال شامل ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اس اقدام کے تحت ضلع کے تمام 51 گاؤں میں کھیل کود کے میدان تیار کیے جائیں، تاکہ نوجوانوں کو اپنی برادریوں کے قریب کھیلوں کی سہولیات تک رسائی حاصل ہو سکے۔
مائی بھارت اور نوجوانوں کو متحرک کرنا
نوجوانوں کو متحرک کرنے اور منشیات کے استعمال کی روک تھام پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے ، وزیر موصوف کو ضلع میں ’ نشہ مکت ‘اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا، جن میں بیداری پیدا کرنے اور منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے اقدامات پر زور دیا گیا۔
محترمہ کھڑسے نے نوجوانوں کی توانائی کو کھیل کود ، تعلیم، برادری کی خدمت اور تعمیری سماجی سرگرمیوں کی جانب موڑنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں بیداری کی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے پر زور دیا اور نوجوانوں تک رسائی کے لیے ہم عمر افراد کے مثبت اثر و رسوخ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ضلع یوتھ افسر نے میٹنگ میں بتایا کہ کولاسیب میں تقریباً 9,000 نوجوان مائی بھارت پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہیں۔ محترمہ کھڑسے نے بیداری کی سرگرمیوں کے لیے مائی بھارت رضا کاروں کو مزید متحرک کرنے اور مائی بھارت رضا کاروں اور پولیس محکمہ کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا۔
زمینی سطح پر ترقی پر توجہ
دونوں اضلاع کی جائزہ میٹنگوں میں ، محترمہ رکشا کھڑسے نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کے نوجوان ، ملک کی ترقی کے سفر میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی توانائی اور صلاحیتوں کو کھیل کود ، تعلیم، کاروبار، برادری کی شمولیت اور پیداواری روزگار کی جانب موڑنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زمینی سطح پر کھیلوں کے مضبوط نظام کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا، خاص طور پر میزورم جیسے ان علاقوں میں ، جہاں کھیلوں کے شعبے میں نمایاں صلاحیت موجود ہے۔ اس کے لیے کھیلوں کی سہولیات، معیاری کوچنگ، منظم تربیت اور مناسب معاونتی نظام تک رسائی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
محترمہ کھڑسے نے ، اس بات پر بھی زور دیا کہ سرکاری پروگراموں کے مؤثر نفاذ کے لیے درست اعداد و شمار، محکموں کے درمیان بہتر تال میل اور مقامی برادریوں کے ساتھ مسلسل رابطہ ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مرکزی حکومت کی اسکیموں کے نتیجے میں زمینی سطح پر مستفیدین کے لیے حقیقی مواقع پیدا ہونے چاہئیں اور ان کے نتائج میں بہتری آنی چاہیے۔
ضلعی جائزہ میٹنگوں کا اختتام ضلع انتظامیہ، پولیس حکام، نوجوانوں سے متعلق اداروں، کھیلوں کی تنظیموں، زرعی اداروں، امدادی اداروں اور کمیونٹی تنظیموں کے درمیان مزید مضبوط تال میل پر زور دیتے ہوئے ہوا، تاکہ جامع ترقی کو آگے بڑھایا جا سکے اور سائیتوال اور کولاسیب کے عوام اور نوجوانوں کے لیے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
..................................................... ...................................................
) ش ح – م ع - ع ا )
U.No. 3622
(ریلیز آئی ڈی: 2310874)
وزیٹر کاؤنٹر : 10