محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کابینہ نے ای پی ایف او کے لیے اجرت کی حد 15,000 روپے سے بڑھا کر  25,000 روپے ماہانہ کرنے کی منظوری دی


اکیاون  لاکھ سے زیادہ اضافی ملازمین کے لازمی ای پی ایف او دائرۂ کار میں آنے کی توقع ہے

اس فیصلے سے روزگار کو با ضابطہ شکل دینے کے عمل کو تقویت ملے گی اور ہندوستان کے طویل مدتی سماجی تحفظ کے ویژن کو  فروغ حاصل ہو گا

یہ فیصلہ  سبکدوشی  کے وقت   مستحکم سکیورٹی اور وکست بھارت 2047@ کی جانب اہم قدم ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 SEP 2026 3:09PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے محنت اور روزگار کی وزارت کی اس تجویز کو منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ملازمین کی پروویڈنٹ فنڈ تنظیم  (ای پی ایف او) کے تحت لازمی شمولیت کے لیے اجرت کی حد 15,000 روپے سے بڑھا کر 25,000 روپے ماہانہ کرنے کی تجویز ہے۔ اس فیصلے سے 51 لاکھ سے زیادہ اضافی ملازمین کے ای پی ایف او  کے لازمی  دائرۂ کار میں آنے کی توقع ہے، جس سے کارکنوں کے لیے سماجی تحفظ کا دائرہ نمایاں طور پر وسیع ہوگا۔

2004  ء سے  2014  ء تک پوری ایک دہائی کے دوران ای پی ایف او کے لیے اجرت کی حد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی، جس کے بعد ستمبر  ، 2014  ء میں اسے نمایاں طور پر بڑھا کر  15,000 روپے کیا گیا تھا ۔ موجودہ فیصلہ اسی طریقۂ کار کو آگے بڑھاتے ہوئے  ، اس حد کو مزید بڑھا کر  25,000 روپے کرتا ہے، تاکہ گزشتہ برسوں کے دوران اجرت میں مسلسل اضافے، آمدنی میں بڑھوتری اور  با ضابطہ روزگار  میں مسلسل  توسیع کی عکاسی ہو سکے۔

فی الحال، 15,000 روپے ماہانہ سے زیادہ اجرت پر ملازمت شروع کرنے والا نیا ملازم خود کار طور پر ای پی ایف کے دائرۂ کار میں شامل نہیں ہوتا اور لازمی پروویڈنٹ فنڈ، پنشن اور متعلقہ بیمہ تحفظ سے باہر رہ سکتا ہے۔ اجرت کی حد کو  25,000 روپے تک بڑھانے سے  15,000 سے 25,000 روپے کی اجرت والے طبقے کے ملازمین کی ایک بڑی تعداد قانونی  طور پر سماجی تحفظ کے دائرۂ کار میں آ جائے گی۔

اس منظوری سے قابل اطلاق اسکیم کی دفعات کے مطابق پروویڈنٹ فنڈ کی بچت، ملازمین کی پنشن اسکیم (ای پی ایس) کے تحت پنشن تحفظ اور ملازمین کی ڈپازٹ لنکڈ انشورنس اسکیم (ای ڈی ایل آئی) کے تحت بیمہ تحفظ تک رسائی میں توسیع ہوگی۔ اس کے علاوہ، اس سے قانونی طور پر مقررہ شراکت اور پنشن کے لیے قابلِ شمار اجرت کے نظام کو موجودہ اجرت کی سطح سے بہتر طور پر ہم آہنگ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

ستمبر  ، 2014  ء میں اجرت کی حد میں آخری بار نظرثانی کے بعد سے ہندوستان میں اجرت میں مسلسل اضافہ، آمدنی میں بڑھوتری اور  با ضابطہ  روزگار کے دائرے میں مسلسل توسیع ہوئی ہے۔ متعدد ریاستوں اور پیشوں میں کم از کم اجرت بھی موجودہ حد کے قریب پہنچ گئی ہے۔ لہٰذا  ، اجرت کی حد کو بڑھا کر  25,000 روپے کرنا ای پی ایف او کے نظام کو بڑھتی ہوئی اجرت کی سطح کے مطابق بنانے اور  ملازمین کے وسیع تر طبقے کو  با ضابطہ طور پر سماجی تحفظ کے فوائد فراہم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

اس اقدام سے روزگار کو  با ضابطہ دائرے میں لانے، کارکنوں کو ملازمت میں برقرار رکھنے اور طویل مدتی ریٹائرمنٹ تحفظ کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔ زیادہ تعداد میں ملازمین کو خودکار طور پر قانونی سماجی تحفظ کے دائرۂ کار میں لانے سے یہ فیصلہ اس اصول کو مضبوط کرتا ہے کہ با ضابطہ روزگار کے ساتھ قابلِ منتقلی اور یقینی سماجی تحفظ بھی فراہم کیا جانا چاہیے۔ آجر اداروں کے لیے بھی وسیع تر سماجی تحفظ کا دائرہ ملازمین کو ملازمت میں برقرار رکھنے، افرادی قوت کے استحکام، حوصلے اور زیادہ محفوظ اور مستقبل کے تقاضوں کے لیے تیار افرادی قوت کی تشکیل میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

اس تجویز پر بین وزارتی سطح پر تفصیلی  صلاح و مشورہ کیا گیا اور  16 جون  ، 2026  ء کو منعقدہ میٹنگ میں اخراجات سے متعلق مالی کمیٹی نے اس کی سفارش کی۔ حکومت کی جانب سے سالانہ اخراجات تقریباً  11,339 کروڑ روپے ہونے کا تخمینہ ہے، جب کہ موجودہ سالانہ بجٹ تقریباً 10,250 کروڑ روپے ہے۔ پانچ سال کے دوران  ہونے والے متوقع اخراجات تقریباً  56,696 کروڑ روپے ہوں گے۔

ای پی ایف او آج دنیا کے سب سے بڑے سماجی تحفظ کے نظام میں سے ایک چلاتا ہے، جو ملازمین کے پروویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف)، ملازمین کی پنشن اسکیم (ای پی ایس) اور ملازمین کی ڈپازٹ لنکڈ انشورنس اسکیم (ای ڈی ایل آئی) کا بندوبست کرتا ہے۔ ای پی ایف او کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق  ای پی ایف او  میں شراکت کرنے والے تقریباً 7.98 کروڑ  ملازمین تقریباً 7.68 لاکھ شراکت کرنے والے  آجر اداروں سے وابستہ ہیں، جب کہ ای پی ایس کے تحت تقریباً 82 لاکھ پنشن یافتگان کو پنشن کے فوائد فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ای ڈی ایل آئی، ای پی ایف کی رکنیت سے منسلک بیمہ تحفظ فراہم کرتی ہے۔

ہندوستان کی افرادی قوت اس کی ترقی کی داستان کا مرکز ہے۔ اجرت میں اضافہ، آمدنی میں بہتری اور با ضابطہ روزگار کے دائرے میں توسیع کے ساتھ، حکومت کی جانب سے روزگار پیدا کرنے اور روزگار کو  با ضابطہ طور پر دائرے میں لانے پر مسلسل زور  ملازمین کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔ ای پی ایف او کے لیے اجرت کی حد میں اضافہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ سماجی تحفظ کا نظام بھی  ، اس پیش رفت کے ساتھ ہم آہنگ رہے اور  با ضابطہ روزگار میں شامل زیادہ تعداد میں کارکنوں کو قانونی سماجی تحفظ حاصل ہو۔

یہ منظوری ایک جامع، مضبوط اور مستقبل کے تقاضوں کے لیے تیار سماجی تحفظ کا نظام تشکیل دینے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔ اس سے یہ یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ ہندوستان کے وکست بھارت2047 @ کی جانب بڑھنے کے ساتھ معاشی ترقی، بڑھتی ہوئی اجرت اور با ضابطہ روزگار  میں توسیع کے ساتھ سماجی تحفظ کو  بھی فروغ حاصل ہو گا ۔

محنت اور روزگار کی وزارت اور ای پی ایف او  ، اس فیصلے کے نفاذ کے لیے ضروری قانونی اور انتظامی اقدامات کریں گے۔

 

..................................................... ...................................................

) ش ح – م ع         -  ع ا )

U.No. 3632


(ریلیز آئی ڈی: 2310857) وزیٹر کاؤنٹر : 8