سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 ہندوستان بھر سے فلکیات کے شائقین نے چوتھی ایچ ڈی ایس آر اسٹار پارٹی میں شرکت کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 SEP 2026 2:56PM by PIB Delhi

ملک بھر سے ماہر فلکیاتی فوٹوگرافرز اور شوقیہ ماہرین فلکیات نے 7 سے 12 ستمبر -  2026 تک ہانلے، لداخ میں واقع انڈین آسٹرونومیکل آبزرویٹری میں ہانلے ڈارک اسکائی ریزرو اسٹار پارٹی کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کی۔

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف آسٹروفزکس (آئی آئی اے) کی ڈائریکٹر پروفیسر اناپورنی سبرامنیم نے کہا کہ ملک بھر سے شوقیہ ماہرین فلکیات اور فلکیاتی فوٹوگرافرز نے جس جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اس سے سائنسی تحقیق اور عوام دونوں کے لیے ہانلے کے صاف و شفاف تاریک آسمان کو محفوظ رکھنے کی اہمیت اجاگر ہوئی ہے۔

چنڈی گڑھ، گوا، گجرات، ہریانہ، ہماچل پردیش، کرناٹک، مہاراشٹر، نئی دہلی، مدھیہ پردیش، تمل ناڈو، راجستھان اور اتر پردیش سے تقریباً 40 شوقیہ ماہرین فلکیات کا انتخاب کیا گیا۔ یہ منتخب شرکا اپنے جدید آلات کے ساتھ لیہ پہنچے اور تقریب کے دوران ہانلے کے تاریک آسمان تلے چار راتوں سے بھرپور استفادہ کیا۔ اس تقریب کا مشترکہ انعقاد انڈین انسٹی ٹیوٹ آف آسٹروفزکس(آئی آئی اے)، مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کے محکمہ تحفظ جنگلی حیات، بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر (بی اے آر سی) اور ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈامینٹل ریسرچ (ٹی آئی ایف آر) نے کیا۔

مورخہ 10 ستمبر2026 کو مقامی برادریوں اور قریبی علاقوں سے آنے والے سیاحوں کے لیے منعقدہ اوپن نائٹ میں 1200 سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔

اسٹار پارٹی کے شرکا نے ایچ ڈی ایس آر آسٹرونومی ایمبیسیڈرز اور آبزرویٹری کے عملے کے ساتھ مل کر خصوصی طور پر مختص شوقیہ دوربینوں کے ذریعے زائرین کو آسمان کا مشاہدہ کرایا اور شام بھر ان کے مختلف سوالات کے جوابات دئیے۔ علاقے میں کام کرنے والے مختلف اداروں کے سینئر افسران کو بھی دوربینوں سے مشاہدے کے لیے مدعو کیا گیا اور انہیں خطے میں روشنی کی آلودگی کو کم کرنے کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔

ایچ ڈی ایس آرآسٹرونومی ایمبیسیڈرز کے لیے ہر شام خصوصی تربیتی اجلاس منعقد کیے گئے۔ ان میں مقامی 25 دیہاتی شامل ہیں، جنہیں گزشتہ تین برسوں سے سیاحوں کے لیے فلکیاتی دوروں کا انعقاد کرنے کی تربیت دی جا رہی ہے اور لداخ حکومت کی جانب سے دوربینیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ ماہر شرکا نے بطور رہنما بھی کردار ادا کیا اور ایمبیسیڈرز کو رات کے آسمان کے مشاہدے اور فلکیاتی فوٹوگرافی کے مختلف عملی پہلو سکھانے میں مدد کی۔

لداخ میں واقع ہانلے ڈارک اسکائی ریزرو (ایچ ڈی ایس آر) اپنے غیر معمولی طور پر تاریک رات کے آسمان کے لیے مشہور ہے جو اسے فلکیاتی فوٹوگرافرز اور شوقیہ ماہرین فلکیات کے لیے انتہائی پرکشش مقام بناتا ہے۔ دسمبر 2022 میں لداخ حکومت کی جانب سے ڈارک اسکائی ریزرو کے طور پر مطلع کیا گیا ایچ ڈی ایس آر ، فلکیات پر مبنی سماجی و اقتصادی ترقی کی ایک منفرد پہل ہے۔ یہ دو اہم تصورات پر قائم ہے: آبزرویٹری میں جاری تحقیق کے فائدے کے لیے روشنی کی آلودگی کو کم کرنا اور فلکیاتی سیاحت کو فروغ دینا، جس سے مقامی برادریوں کو فائدہ حاصل ہوتا ہے۔

ایچ ڈی ایس آر کی کامیابی مختلف متعلقہ فریقوں کے مضبوط عزم سے ممکن ہوئی ہے، جن میں مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کی انتظامیہ بھی شامل ہے۔ ایچ ڈی ایس آر کا مرکز ہانلے میں واقع انڈین آسٹرونومیکل آبزرویٹری ہے۔ یہ آبزرویٹری انڈین انسٹی ٹیوٹ آف آسٹروفزکس(آئی آئی اے) کے زیر انتظام ہے، جو محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی) کے تحت ایک خود مختار ادارہ ہے۔

ایچ ڈی ایس آر کی سالانہ اسٹار پارٹی مستقبل کے لیے ہانلے کے تاریک آسمان کو محفوظ رکھنے کی اہمیت اور ان مختلف متعلقہ فریقوں کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، جن کے لیے ہانلے کا آسمان ایک اہم اور نایاب وسیلہ ہے۔ آبزرویٹری کے انچارج سائنس داں اور آئی آئی اےکے پروفیسر ڈی کے ساہو نے کہا- ’’3.7 میٹر کی اپ گریڈ شدہ ہمالیئن چندرا ٹیلی اسکوپ اور 13.7 میٹر کی نیشنل لارج آپٹیکل-انفراریڈ ٹیلی اسکوپ ہانلے میں قائم کیے جانے کی تجویز ہے۔ ایسے میں یہ ناگزیر ہے کہ ہم سب مل کر اس کے تاریک آسمان کو محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کریں۔‘‘

 ایچ ڈی ایس آر  اسٹار پارٹی- 2026 کے شرکاء کا گروپ فوٹو (کریڈٹ: اجے تلوار)

***

 ش ح – ظ الف –  ن ع

UR No. 3571


(ریلیز آئی ڈی: 2310497) وزیٹر کاؤنٹر : 7