الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم نریندر مودی 17 ستمبر کو سیمیکون انڈیا 2026 کے پانچویں ایڈیشن کا افتتاح کریں گے




ہندوستان کا سب سے بڑا سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس ایونٹ 17-19 ستمبر تک یشو بھومی ، نئی دہلی میں منعقد ہوگا

سیمیکون انڈیا 2026 میں 600 سے زائد نمائش کنندگان، 300 بین الاقوامی کمپنیاں اور 40 سے زیادہ ممالک کے وفود شرکت کریں گے


’سلیکن سے سسٹمز تک: ماحولیاتی نظام کی تعمیر‘ کے ذریعے سیمی کنڈکٹر کی پوری ویلیو چین میں بھارت کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 SEP 2026 12:44PM by PIB Delhi

بھارت کی اہم ترین سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کانفرنس اور نمائش سیمی کون انڈیا 2026 کا پانچواں ایڈیشن 17 سے 19 ستمبر 2026 تک نئی دہلی کے یشوبھومی (انڈیا انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایکسپو سینٹر) میں منعقد ہوگا۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی 17 ستمبر 2026 کو اس کا افتتاح کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی تین روزہ اعلی سطحی تبادلہ خیال، صنعتی شعبے کی شرکت اور بھارت میں تیزی سے وسعت پاتے سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کے ماحولیاتی نظام کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا سلسلہ شروع ہوگا۔

سیمی کون انڈیا 2026 کا مشترکہ انعقاد انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم)، وزارت الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی (ایم ای آئی ٹی وائی)، حکومت ہند، اور سیمی (ایس ای ایم آئی) کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ سیمی عالمی سطح کی صنعتی تنظیم ہے جو سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کی ڈیزائننگ اور تیاری کے شعبے سے وابستہ اداروں کی نمائندگی کرتی ہے۔ سیمی کون انڈیا 2026 میں دنیا بھر کی سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کمپنیاں، صنعت کے سرکردہ افراد، پالیسی ساز، سرمایہ کار، محققین، ماہرین تعلیم، نئی کمپنیاں اور طلبہ ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے، جہاں خیالات کا تبادلہ، شراکت داری کے نئے مواقع اور بھارت کے سیمی کنڈکٹر و الیکٹرانکس کے مستقبل کی سمت طے کرنے پر غور کیا جائے گا۔

’’سلیکن سے سسٹمز تک: ماحولیاتی نظام کی تعمیر‘‘ کے موضوع کے ساتھ سیمی کون انڈیا 2026 بھارت کے سیمی کنڈکٹر کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ پروگرام ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب مضبوط پالیسی اقدامات، صنعت کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں اور قابل اعتماد و مضبوط سیمی کنڈکٹر سپلائی چین کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب ایک ساتھ مل کر بھارت کو عالمی سیمی کنڈکٹر قدر زنجیر میں ایک اہم ملک کے طور پر ابھار رہی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ سیمی کون انڈیا 2026 محض ایک نمائش نہیں ہے۔ یشوبھومی میں تین روز تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں 15 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر 600 سے زائد نمائش کنندگان، جن میں 300 بین الاقوامی کمپنیاں شامل ہیں، شرکت کریں گے۔ اس کے ساتھ 150 سے زائد معروف مقررین اپنے علم، تجربات اور خیالات سے شرکا کو آگاہ کریں گے۔ چھ ممالک کے پویلین اور 12 ریاستوں کے پویلین بھی اس نمائش کا حصہ ہوں گے۔ ان کے ساتھ نئی کمپنیوں کی نمائش، طلبہ کا ہیکاتھون، افرادی قوت کی ترقی سے متعلق پویلین اور خواتین کا فورم بھی منعقد ہوگا۔ ان تمام پروگراموں کے ذریعے سیمی کنڈکٹر کے اس ماحولیاتی نظام کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا، جسے بھارت گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مسلسل ترقی دے رہا ہے۔

بھارت کے سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا

سیمی کون انڈیا 2026 میں قدر زنجیر کے تمام مراحل کو ایک جامع انداز میں پیش کیا جائے گا، جس میں سیمی کنڈکٹر کے خام مال اور تیاری سے لے کر جدید پیکیجنگ، ڈیزائن، الیکٹرانکس اور سسٹمز تک کا پورا سفر دکھایا جائے گا۔ ’ریت سے سلیکن اور سلیکن سے سسٹمز تک‘ کے عنوان سے ولیو چین کا خصوصی تجربہ زائرین کو سیمی کنڈکٹر کے پورے ماحولیاتی نظام کی ایک جامع تصویر پیش کرے گا اور ولیو چین کے مختلف مراحل میں بھارت کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرے گا۔

نمائش میں چھ ممالک کے پویلین اور 12 ریاستی حکومتوں کے پویلین کے ساتھ اسٹارٹ اپ کے لیے خصوصی پویلین، اختراعی نمائش، اسٹارٹ اپ پچ مقابلہ، طلبہ کا ہیکاتھون اور افرادی قوت کی ترقی سے متعلق پویلین بھی شامل ہوں گے۔ اسٹارٹ اپ پویلین میں تقریباً 40 نئی کمپنیوں کو اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کا موقع ملے گا، جبکہ افرادی قوت کی ترقی سے متعلق پویلین مائیکرو الیکٹرانکس کے شعبے میں باصلاحیت افراد، ہنرمندی اور روزگار کے مواقع کے لیے ایک خصوصی پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

یہ پروگرام بھارتی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو شراکت داری، سرمایہ کاری کے مواقع، ٹیکنالوجی میں تعاون اور سپلائی چین سے متعلق روابط کے امکانات تلاش کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ اس سے بھارت کی ایک قابل اعتماد عالمی سیمی کنڈکٹر شراکت دار کے طور پر حیثیت مزید مضبوط ہوگی۔

جامع کانفرنس پروگرام

تین روزہ کانفرنس میں اعلی سطحی کلیدی خطابات، پینل مباحثے اور اہم اجلاس شامل ہوں گے۔ ان میں سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کے ماحولیاتی نظام سے متعلق ابھرتے ہوئے رجحانات اور اہم شعبوں پر توجہ دی جائے گی۔ ان میں سیمی کنڈکٹر کی تیاری اور ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سپلائی چین کو مضبوط بنانا، جدید پیکیجنگ، خام مال اور آلات، چپ ڈیزائن، تحقیق و ترقی، نئی کمپنیاں، اختراع اور باصلاحیت افرادی قوت کی ترقی شامل ہیں۔

کانفرنس میں چھ بین الاقوامی ممالک کے گول میز اجلاس، خواتین کو بااختیار بنانے اور قیادت سے متعلق خصوصی اجلاس، افرادی قوت کی ترقی سے متعلق ایک اجلاس اور ’’مل کر مضبوط بنیں: بھارت میں ای ایس ڈی ایم کی ترقی کے لیے صنعتی انجمنوں کا اشتراک‘‘ کے عنوان سے خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوگا۔

اس پروگرام میں سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کے شعبے سے وابستہ بھارت اور دنیا کی کئی سرکردہ کمپنیاں شرکت کریں گی، جن میں اے ایس ایم ایل، اپلائیڈ میٹیریلز، ٹیراڈائن، انفینین، ایبارا، جے بل، آئی بی ایم ریسرچ، این ایکس پی، ٹاٹا الیکٹرانکس، مائیکرون، مرک کے جی اے اے، ریپڈس، لیم ریسرچ، سی جی پاور، یونو منڈا، ایڈوان ٹیسٹ اور ٹوکیو الیکٹرون سمیت کئی دیگر بڑی صنعتی کمپنیاں شامل ہیں۔

پالیسی سے پیداوار تک

سیمی کون انڈیا 2026 بھارت کے سیمی کنڈکٹر کے سفر کے ایک اہم مرحلے میں منعقد ہو رہا ہے۔سیمی کون انڈیا پروگرام کے تحت حکومت نے ملک میں ایک مضبوط اور مستحکم سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام قائم کرنے کے مقصد سے 12 سیمی کنڈکٹر منصوبوں کو منظوری دی ہے۔

اب پیش رفت صرف منصوبوں کی منظوری تک محدود نہیں رہی، بلکہ سیمی کون 1.0 کے تحت منظور کیے گئے 12 منصوبوں میں سے تین میں تجارتی پیداوار بھی شروع ہو چکی ہے۔ اسی دوران مرکزی کابینہ نے سیمی کون 2.0 کے اگلے مرحلے کو بھی منظوری دے دی ہے، جس میں بھارت کے سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام کی ترقی کو مزید تیز کرنے کے لیے چھ اہم ستون شامل ہیں۔

حکومت سیمی کنڈکٹر کے شعبے میں تحقیق، اختراع اور ڈیزائن کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ جدید ترین الیکٹرانک ڈیزائن آٹومیشن آلات 400 سے زیادہ تعلیمی اداروں اور 105 نئی کمپنیوں کو دستیاب کرائے گئے ہیں، جبکہ ڈیزائن لنکڈ انسینٹیو (ڈی ایل آئی) اسکیم کے تحت 24 نئی کمپنیوں کو اختراعی سیمی کنڈکٹر مصنوعات اور ایپلی کیشنز تیار کرنے کے لیے منظوری دی گئی ہے۔

ان اقدامات کا مقصد سیمی کنڈکٹر کی پوری ویلیو چین میں ملک کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور بھارت کو عالمی سطح پر مسابقتی سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ کے مضبوط ماحولیاتی نظام کی جانب آگے بڑھانے کے لیے ایک مضبوط بنیاد تیار کرنا ہے۔

بھارت ایک قابل اعتماد عالمی سیمی کنڈکٹر شراکت دار کے طور پر

عالمی سیمی کنڈکٹر صنعت تیزی سے تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، جدید کمپیوٹنگ، برقی نقل و حرکت، ٹیلی مواصلات اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں کے فروغ سے اس شعبے میں تیزی سے وسعت آرہی ہے۔ اسی کے ساتھ متنوع، مضبوط اور قابل اعتماد سیمی کنڈکٹر سپلائی چین کی ضرورت بھی پہلے سے زیادہ اہم ہوگئی ہے۔

ایسے وقت میں بھارت سیمی کنڈکٹر ڈیزائن، تیاری، تحقیق، اختراع اور سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ اس کی پشت پناہی ترقی پسند حکومتی پالیسیوں، ہنرمند افراد کی بڑی تعداد، مضبوط گھریلو مانگ  اور عالمی صنعت کی بڑھتی ہوئی دلچسپی سے ہو رہی ہے۔

عالمی سیمی کنڈکٹر مارکیٹ، جس کی مالیت 2025 میں تقریباً 796 ارب امریکی ڈالر تھی، 2030 تک 2 ٹریلین امریکی ڈالر سے تجاوز کرنے کا اندازہ ہے۔ بھارت میں سیمی کنڈکٹر کی طلب اس وقت تقریباً 50 ارب امریکی ڈالر ہے، جو 2030 تک بڑھ کر تقریباً 103 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ یہ اعداد و شمار سیمی کنڈکٹر کے شعبے میں بھارت کی ترقی کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہیں۔

’’سلیکن سے سسٹمز تک: ماحولیاتی نظام کی تعمیر‘‘ کا موضوع اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بھارت سیمی کنڈکٹر کی پوری ویلیوچین  میں اپنی ساکھ قائم کرنے سے آگے بڑھ کر اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کر رہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد تعاون، سرمایہ کاری، اختراع اور ماحولیاتی نظام کے مختلف حصوں کے درمیان بہتر تال میل کو فروغ دینا اور سیمی کنڈکٹر صنعت میں بھارت کی حیثیت کو ایک قابل اعتماد عالمی شراکت دار کے طور پر مزید مضبوط کرنا ہے۔

سیمی کون انڈیا اب عالمی صنعت کے سرکردہ افراد، پالیسی سازوں، محققین، نئی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو ایک جگہ جمع کرنے والا اہم سالانہ پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ 2026 کا ایڈیشن اس رفتار کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے تعاون، ٹیکنالوجی میں شراکت داری، سرمایہ کاری، باصلاحیت افرادی قوت کی ترقی اور علم کے تبادلے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ اس سے سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کی تیاری کے عالمی مرکز کے طور پر ابھرنے کے بھارت کے وژن کو مزید تقویت ملے گی۔

سیمی کون انڈیا 2026 کے لیے زائرین کی رجسٹریشن شروع ہو چکی ہے۔ ابھی رجسٹریشن کریں:

https://portal.semiconindia.org/register

سیمی کون انڈیا کے بارے میں

سیمی کون انڈیا بھارت کی اہم ترین سیمی کنڈکٹر کانفرنس اور نمائش ہے، جس کا مشترکہ انعقاد انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم)، وزارت الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی (ایم ای آئی ٹی وائی)، حکومت ہند، اور سیمی کرتے ہیں۔ یہ عالمی سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس ماحولیاتی نظام سے وابستہ اداروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لاتا ہے، جہاں تعاون، اختراع، تیاری، سرمایہ کاری اور باصلاحیت افرادی قوت کی ترقی کو فروغ دیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کی تیاری کے ایک قابل اعتماد عالمی مرکز کے طور پر بھارت کے وژن کو آگے بڑھانا بھی ہے۔

انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن کے بارے میں

انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم) کا مقصد ایک مضبوط سیمی کنڈکٹر اور ڈسپلے ماحولیاتی نظام تیار کرنا اور بھارت کو الیکٹرانکس کی تیاری اور ڈیزائن کے عالمی مرکز کے طور پر قائم کرنا ہے۔ آئی ایس ایم سیمی کنڈکٹر اور ڈسپلے سے متعلق مختلف اسکیموں کے مؤثر اور مربوط نفاذ کے لیے نوڈل ایجنسی کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس مقصد کے لیے یہ حکومت کی وزارتوں، محکموں اور ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ صنعت اور تعلیمی اداروں سے مشاورت کے ذریعے کام کرتا ہے۔

 

********

 (ش ح ۔ش ت  ۔ت ا )

U. No.3405


(ریلیز آئی ڈی: 2310034) وزیٹر کاؤنٹر : 5