زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ڈرائی لینڈ کانگریس 2026 میں آئی سی اے آر اور آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کی 50 سالہ شراکت داری کا جشن


ماہرین کا لچکدار زرعی نظام، بیج کے نظام، خواتین اور نوجوانوں پر مرکوز تبدیلی کے موضوعات پر غور و خوض

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 SEP 2026 8:28PM by PIB Delhi

نئی دہلی میں جاری ڈرائی لینڈ کانگریس 2026 کے دوسرے روز آج ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) اور انٹرنیشنل کراپس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار دی سیمی ایریڈ ٹراپکس (آئی سی آر آئی ایس اے ٹی) کے درمیان تعاون کے 50 سال مکمل ہونے کا جشن منایا گیا۔اجلاس میں دونوں اداروں کے سابق اور موجودہ سربراہان نے شرکت کی اور پانچ دہائیوں پر محیط شراکت داری کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وِکسِت بھارت 2047 کے مقصد کے تحت تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور زرعی شعبے میں تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔

خصوصی اجلاس کی مشترکہ صدارت آئی سی اے آر کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر آر ایس پارودا اور آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ولیم ڈی ڈار نے کی۔آئی سی اے آر اور آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کے سابق رہنماؤں، جن میں ڈی اے آر ای کے سابق سکریٹری اور آئی سی اے آر کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر پنجاب سنگھ، آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سی ایل ایل گوڈا، آئی سی اے آر کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (فصل سائنس) ڈاکٹر ٹی آر شرما اور آئی سی اے آر کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (فصل سائنس) ڈاکٹر سواپن دتا شامل تھے، نے دونوں اداروں کے درمیان شراکت داری کے ارتقا اور اس کی اہم کامیابیوں پر اپنے خیالات اور تجربات پیش کیے۔

 

ڈاکٹر ایم ایل جاٹ، سکریٹری، محکمہ زرعی تحقیق و تعلیم (ڈی اے آر ای) اور ڈائریکٹر جنرل، آئی سی اے آر نے دونوں اداروں کے درمیان شراکت داری کے مستقبل کے لیے حکمت عملی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتے ہوئے زرعی چیلنجوں سے نمٹنے اور زیادہ مؤثر نتائج حاصل کرنے کے لیے آئی سی اے آر اور آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کی باہمی تکمیلی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم اس شراکت داری کو اہمیت دیتے ہیں، اس کی حمایت کرتے ہیں اور آئندہ بھی حمایت جاری رکھیں گے۔ دونوں اداروں کی تکمیلی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ہم بڑے چیلنجوں سے نمٹنے اور آنے والے برسوں میں زیادہ مؤثر نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔‘‘

مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے آئی سی اے آر کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (فصل سائنس) ڈاکٹر ڈی کے یادو اور آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کے گلوبل ریسرچ پروگرام ڈائریکٹر (تیز رفتار فصل بہتری) ڈاکٹر رمن بابو نے وِکسِت بھارت 2047 کے مقصد کے تحت آئی سی اے آر اور آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کے تعاون کو مضبوط بنانے کا روڈ میپ پیش کیا۔ اس میں سائنسی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور تحقیق کو زیادہ مؤثر نتائج میں تبدیل کرنے پر زور دیا گیا۔

کانگریس کے دوسرے روز تین موضوعاتی پینل مباحثے بھی ہوئے، جن کے موضوعات ’’لچکدار خشک سالی والے زرعی نظام کا ازسرنو تصور‘‘، ’’عالمی جنوب میں بیج کے نظام میں تبدیلی‘‘ اور ’’صنفی مساوات اور نوجوانوں پر مرکوز تبدیلی‘‘ تھے۔ مباحثوں میں چھوٹے کسانوں کے لیے مربوط اور موسمیاتی اعتبار سے بہتر طریقہ کار، ایشیا اور افریقہ میں بیج کی فراہمی کے نظام اور سرکاری و نجی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے ساتھ خشک سالی سے متاثرہ زرعی نظام میں جامع پالیسیوں، قیادت اور نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینے پر غور کیا گیا۔

ان مباحثوں کے ساتھ خشک سالی سے نمٹنے والے زرعی نظام، عالمی جنوب میں بیج کے نظام اور خواتین و نوجوانوں پر مرکوز تبدیلی کے موضوعات پر متوازی تکنیکی اجلاس بھی ہوئے۔ ان میں محققین، پالیسی سازوں، ترقیاتی شراکت داروں اور دیگر متعلقہ فریقوں نے زرعی لچک مضبوط بنانے، جدید زرعی اختراعات تک رسائی بہتر بنانے اور خشک سالی والے علاقوں کی زراعت میں خواتین اور نوجوانوں کی زیادہ شمولیت یقینی بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

کانگریس کے تحت پوسٹر پریزنٹیشنز بھی شروع ہوئیں، جہاں طلبہ اور ریسرچ اسکالرز نے اپنی سائنسی تحقیق پیش کی۔ بہترین پوسٹر ایوارڈز کے لیے 10 اور 11 ستمبر کو 145 سے زائد پوسٹرز کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جس سے ابھرتے ہوئے محققین کو اپنی تحقیق پیش کرنے اور ہندوستان و بیرون ملک کے ماہرین سے تبادلہ خیال کا موقع مل رہا ہے۔

دن کی ایک اہم سرگرمی آئی سی اے آر کے سابق سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر آر ایس پارودا کا ’’خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں لچک پیدا کرنے کے لیے زرعی حیاتیاتی تنوع‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب تھا۔ انہوں نے خشک سالی والے زرعی نظام کی پائیداری اور لچک مضبوط بنانے کے لیے زرعی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور مؤثر استعمال کی اہمیت اجاگر کی۔

آئی سی اے آر اور آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کے درمیان 50 سالہ شراکت داری پر بات کرتے ہوئے آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ہمانشو پاٹھک نے کہا کہ دونوں اداروں کے تعاون نے سائنسی تحقیق کو عملی اثرات میں تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعاون کے اگلے مرحلے میں اختراع، جنوب-جنوب تعاون اور اجتماعی اقدامات کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جانی چاہیے، تاکہ ہندوستان اور دیگر ممالک میں خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کی تبدیلی کے عمل کو تیز کیا جاسکے۔

 

ڈاکٹر آر ایس پارودا نے کہا کہ 50 سالہ شراکت داری کی تکمیل اس کی کامیابیوں کا جشن منانے کے ساتھ مستقبل کی سمت طے کرنے کا بھی موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل، مہارت اور وژن کو یکجا کرکے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کی زراعت میں تبدیلی کے عمل کو تیز کیا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر پنجاب سنگھ نے گزشتہ پانچ دہائیوں میں آئی سی اے آر اور آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کی شراکت داری سے حاصل ہونے والے اہم نتائج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مرحلے میں کامیاب ماڈلز کو بڑے پیمانے پر نافذ کرنے اور اختراعات کو زیادہ سے زیادہ کسانوں تک پہنچانے پر توجہ دینی چاہیے۔

ڈاکٹر ولیم ڈی ڈار نے کہا کہ خشک سالی والے علاقوں کی زراعت کا مستقبل سائنسی صلاحیتوں کو مضبوط شراکت داری، اختراع اور بڑے پیمانے پر عمل درآمد کے ساتھ جوڑنے میں ہے۔ اس کے ساتھ کسانوں کی آمدنی، غذائی تحفظ اور زرعی برادریوں کی لچک کو بھی ترجیح دینا ضروری ہے۔

صنفی مساوات اور نوجوانوں پر مرکوز تبدیلی کے موضوع پر آئی سی آر آئی ایس اے ٹی بورڈ کی رکن پروفیسر یائے گاساما نے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے لیے حل تیار کرنے میں خواتین اور نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قیادت، اختراع اور کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے ان کی شمولیت کو فروغ دینا ضروری ہے۔

نابارڈ کے چیف جنرل منیجر ڈاکٹر اے وی بھوانی شنکر نے بڑے پیمانے پر قابلِ عمل اختراعات تیار کرنے اور انہیں انفرادی اقدامات تک محدود رکھنے کے بجائے نظام اور وسیع زرعی خطوں کی سطح پر نافذ کرنے کی ضرورت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں ہونے والی گفتگو نے وسیع تر اثرات کے لیے اختراعات کو بڑے پیمانے پر نافذ کرنے کے عمل کو مضبوط بنانے کی اہمیت واضح کی ہے۔

ڈرائی لینڈ کانگریس 2026 کے دوسرے روز ادارہ جاتی شراکت داری مضبوط بنانے، سائنسی اختراع کو تیز کرنے، لچکدار زرعی اور بیج کے نظام تیار کرنے اور خشک سالی سے متاثرہ زرعی و غذائی نظام میں خواتین اور نوجوانوں کی زیادہ شمولیت پر توجہ مرکوز کی گئی۔ کانگریس کے اختتامی مرحلے میں سائنسی معلومات اور شراکت داری کو خشک سالی والے علاقوں کے لیے بڑے پیمانے پر قابلِ عمل حل میں تبدیل کرنے کے طریقوں پر مزید غور کیا جائے گا۔

************

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :3332  )


(ریلیز آئی ڈی: 2309333) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati