وزارات ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

وزارت ثقافت نے یو گےیوگین بھارت میوزیم(وائی وائی بی ایم) کی جاری ترقی کے سلسلے میں دو اہم رابطہ پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کیے، جن میں 2 سے 3 ستمبر 2026 کو ’شِلپکار سماگم‘ اور 7 سے 8 ستمبر 2026 کو ’وینڈر ڈیولپمنٹ پروگرام‘ شامل ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 SEP 2026 9:44PM by PIB Delhi

میک ان انڈیا کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے اسٹریٹیجک اقدامات کے طور پر وضع کیے گئے ان دونوں پروگراموں میں ہندوستان اور بیرون ملک سے کاریگروں، دستکاروں، ڈیزائنروں، ماہرین تعمیرات، میوزیم کے ماہرین، مینوفیکچررز اور صنعت کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ ہندوستانی کاروباری اداروں، کاریگروں اور مینوفیکچررز کو بین الاقوامی سطح کے سرکردہ میوزیم ماہرین سے جوڑتے ہوئے، ان پروگراموں کا مقصد ہندوستان میں میوزیم کی صنعت کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط اور مستحکم کرنا، جدت اور علم کے تبادلے کو فروغ دینا اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنا تھا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image001_20260909220653_c264d4.jpg

ان پروگراموں میں اس بات کو بھی اجاگر کیا گیا کہ ہندوستان نہ صرف میوزیم کی ترقی، ثقافتی بنیادی ڈھانچے اور تخلیقی معیشت کے لیے تیزی سے وسعت اختیار کرنے والی ایک اہم منزل بننے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ مستقبل میں میوزیم سے متعلق اشیا، ٹیکنالوجیز، خدمات اور نمائش سے متعلق حل کے ڈیزائن، تیاری اور برآمد کے لیے عالمی مرکز بھی بن سکتا ہے۔

 

ان پروگراموں نے ’یوگے یوگین بھارت میوزیم‘ کو ایک نمایاں ثقافتی ادارے اور تہذیبی میوزیم کے طور پر فروغ دینے میں بھی مزید تعاون کیا۔ یہ ایسا میوزیم ہوگا جو اپنی شناخت اور مزاج کے اعتبار سے ہندوستانی اور معیار کے اعتبار سے حقیقی معنوں میں بین الاقوامی ہوگا، جس میں ہندوستان کے عوام کی روایات، تخلیقی صلاحیتوں اور امنگوں کی عکاسی ہوگی۔

شِلپکار سماگم: ہندوستان کی زندہ دستکاری روایات کو مستقبل کے میوزیم سے جوڑنے کی کوشش

نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ(این جی ایم اے) نئی دہلی میں منعقدہ ’شِلپکار سماگم‘ میں ملک بھر سے ماہر دستکاروں، کاریگروں کی برادریوں، دستکاری کے سرپرستوں، ڈیزائنروں، ماہرین تعمیرات، میوزیم کے ماہرین اور ثقافتی اداروں نے شرکت کی۔

دو روزہ پروگرام میں اس بات پر غور کرنے کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا گیا کہ ہندوستان کی مالا مال اور متنوع دستکاری روایات کو میوزیم کے فن تعمیر، اندرونی حصوں، گیلریوں اور عوامی مقامات میں بامعنی انداز میں کس طرح شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس دوران روایتی علمی نظام، مادی ثقافت، پائیدار طریقہ کار، برادری پر مبنی دستکاری اور بڑے پیمانے کے ثقافتی بنیادی ڈھانچے میں ورثے سے متعلق مہارتوں کے عصری استعمال کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس پروگرام میں موضوعاتی اجلاس، باہمی تبادلہ خیال پر مبنی ورکشاپس، پریزنٹیشنز اور خصوصی مشاورتی نشستیں منعقد ہوئیں، جن میں ٹیکسٹائل، دھات کاری، لکڑی کا کام، پتھر تراشی، مٹی کے برتن، بانس اور سرکنڈے کا کام، آرائشی فنون، روایتی مصوری، تعمیراتی دستکاری اور ڈیزائن کے ابھرتے ہوئے طریقہ کار سمیت دستکاری کے وسیع شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔

اس موقع پر موجود حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ثقافت کی وزارت کے سکریٹری جناب وویک اگروال نے کہا کہ یوگے یوگین بھارت میوزیم کا تصور محض اشیا کے ذخیرے کے طور پر نہیں بلکہ ایک ایسے زندہ ادارے کے طور پر کیا گیا ہے جو ہندوستان کے تہذیبی تسلسل، اجتماعی یادداشت اور تخلیقی روایات کی عکاسی کرے گا۔ میوزیم کا مقصد کاریگروں اور دستکاری سے وابستہ برادریوں کے لیے ایسے مواقع پیدا کرنا ہے جن کے ذریعے وہ براہ راست قومی ثقافتی ورثے کی ایک نمایاں علامت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر سکیں، ساتھ ہی عصری تناظر میں روایتی علم کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جا سکے۔

شِلپکار سماگم کی ایک اہم خصوصیت ملک بھر کی مختلف دستکاری روایات کی نمائندگی کرنے والے 100 سے زائد ماہر کاریگروں اور دستکاروں کے فن پاروں کی براہ راست نمائش اور پیش کش تھی۔ ان نمائشوں میں ہندوستان کے زندہ ثقافتی ورثے کی مالامال روایت کو اجاگر کیا گیا اور کاریگروں، ڈیزائنروں، ماہرین تعمیرات اور میوزیم کے منصوبہ سازوں کے درمیان براہ راست تبادلے کا موقع فراہم کیا گیا۔ اس سے میوزیم کے اندرونی حصوں اور عوامی مقامات میں روایتی دستکاری کو شامل کرنے کے امکانات کی نشاندہی میں مدد ملی۔

شِلپکار سماگم کے اہم نتائج

· پورے ہندوستان سے 150 سے زائد ماہر کاریگروں، دستکاری سے وابستہ افراد اور اداروں کی شرکت۔

· مختلف دستکاری روایات اور علمی نظام کی نمائندگی۔

· میوزیم کی گیلریوں، عوامی مقامات، زائرین کی سہولیات اور منظرنامے کے عناصر میں دستکاری سے متعلق ممکنہ اقدامات کی نشاندہی۔

· کاریگروں کی برادریوں اور ڈیزائن ٹیموں کے ساتھ مسلسل رابطے کے لیے موضوعاتی ورکنگ گروپس کی تشکیل۔

· میوزیم منصوبے میں پائیدار مواد کے استعمال، روایتی تعمیراتی طریقوں اور برادری کی شمولیت سے متعلق سفارشات کو دستاویزی شکل دینا۔

وینڈر ڈیولپمنٹ پروگرام: عالمی معیار کے میوزیم کے لیے عالمی شراکت داریوں کا قیام

اس کے بعد وزارت نے 7 سے 8 ستمبر 2026 کو ’وینڈر ڈیولپمنٹ پروگرام‘ کا انعقاد کیا، جس میں ہندوستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں، مینوفیکچررز، ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں اور خصوصی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو اکٹھا کیا گیا۔ ان کے تیار کردہ مصنوعات اور مہارتیں میوزیم کی ترقی میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image002_20260909220729_0532b0.jpg

اس پروگرام کے ذریعے شرکا کو یوگے یوگین بھارت میوزیم کے حجم، وژن، تکنیکی ضروریات اور معیار کے تقاضوں سے واقف کرایا گیا اور منصوبے کے مشیروں، ڈیزائنروں اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے کے لیے ایک منظم پلیٹ فارم فراہم کیا گیا۔

وینڈر ڈیولپمنٹ پروگرام میں جدید میوزیم کی ترقی سے متعلق مصنوعات، مواد اور تکنیکی حل کی خصوصی نمائش بھی کی گئی۔ شرکت کرنے والی کمپنیوں نے میوزیم کے معیار کے مطابق ڈسپلے کیسز، روشنی کے نظام، تحفظ سے متعلق مواد، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، عمیق میڈیا کے حل، رہنمائی کے نظام، خصوصی اندرونی ڈیزائن اور بنیادی ڈھانچے کے دیگر اجزا ءپیش کیے، جس سے متعلقہ فریقوں کو مصنوعات کا جائزہ لینے اور تفصیلی تکنیکی امور پر تبادلہ خیال کا موقع ملا۔

شرکت کرنے والی کمپنیوں نے عالمی معیار کے میوزیم کی منصوبہ بندی، تعمیر اورعمل کے لیے اہم خصوصی شعبوں کی وسیع نمائندگی کی۔ ان میں میوزیم کے معیار کے مطابق نمائش اور تحفظ کے لیے ڈسپلے سسٹم، خصوصی شیشے کے حل، تعمیراتی اور نمائش کی روشنی کے نظام، آڈیو ویژول اور عمیق میڈیا ٹیکنالوجیز، باہمی تعامل پر مبنی تشریحی پلیٹ فارم، ڈیجیٹل کہانی بیان کرنے کے آلات، تحفظ اور نوادرات کی نگہداشت کی ٹیکنالوجیز، سلامتی اور نگرانی کے نظام، نمائش کی تیاری اور منظرنامہ سازی، رہنمائی اور سائن بورڈ کے حل، میوزیم کے لیے خصوصی اندرونی ڈیزائن اور فنشز، اسمارٹ بلڈنگ سسٹم، ماحولیاتی کنٹرول کا بنیادی ڈھانچہ اور زائرین کی شمولیت کے جدید پلیٹ فارم شامل تھے۔

ان مختلف شعبوں سے کمپنیوں کی شرکت نے میوزیم کی عصری ٹیکنالوجیز، مصنوعات اور خدمات کا ایک جامع جائزہ پیش کیا، جبکہ یوگے یوگین بھارت میوزیم کے لیے جدت، معیار کے تقاضوں، مقامی سطح پر تیاری کے مواقع اور عالمی بہترین طریقہ کار اپنانے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع بھی فراہم کیا۔ ان رابطوں کے ذریعے ایسے حل تلاش کرنے کی کوشش کی گئی جو دنیا کے سب سے بڑے ثقافتی اداروں میں سے ایک کے شایان شان، ٹیکنالوجی سے لیس، زائرین پر مرکوز اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے تقاضوں سے ہم آہنگ میوزیم کے تجربے کی تشکیل میں معاون ثابت ہوں۔

وینڈر ڈیولپمنٹ پروگرام کے اہم نتائج

· ہندوستان اور بیرون ملک کی تقریباً 200 کمپنیوں اور اداروں نے شرکت کی جنہوں نے میوزیم، ثقافتی بنیادی ڈھانچے، ڈیزائن، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ کے مختلف شعبوں کی وسیع نمائندگی کی۔

· 10 بڑے خصوصی شعبوں اور ٹیکنالوجی کیٹیگریز کی نمائندگی ہوئی، جن میں میوزیم ڈسپلے کیسز، تحفظ کے نظام، روشنی کے انتظامات، آڈیو ویژول ٹیکنالوجیز، عمیق میڈیا، سلامتی کا بنیادی ڈھانچہ، نمائش کی تیاری، اسمارٹ بلڈنگ سسٹم اور زائرین کی شمولیت کے پلیٹ فارم شامل ہیں۔

· شرکت کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے 70 خصوصی صلاحیتوں پر مبنی پریزنٹیشنز اور تکنیکی پیش کشیں کی گئیں، جن میں یوگے یوگین بھارت میوزیم سے متعلق مصنوعات، ٹیکنالوجیز، بین الاقوامی تجربے، مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں اور اختراعی حل کو اجاگر کیا گیا۔

· شرکت کرنے والی کمپنیوں، منصوبے کے مشیروں، ڈیزائنروں اور متعلقہ فریقوں کے درمیان 200 دو طرفہ ملاقاتیں ہوئیں، جن کے ذریعے تکنیکی خصوصیات، ڈیزائن میں انضمام، خریداری کے طریقہ کار اور عمل درآمد کی حکمت عملیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

· میک ان انڈیا کے تحت تعاون، مقامی سطح پر تیاری کے مواقع، ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ منصوبوں اور اسٹریٹجک شراکت داریوں پر 80 خصوصی تبادلہ خیال کیے گئے، جن کا مقصد خصوصی میوزیم مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں ملکی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا تھا۔

· میوزیم کے اہم بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں ممکنہ ہندوستانی اور بین الاقوامی شراکت داروں کی نشاندہی کی گئی، جن میں ڈسپلے سسٹم، تحفظ کی ٹیکنالوجیز، خصوصی روشنی کے نظام، ڈیجیٹل اور عمیق تجربات، سلامتی کے نظام، ماحولیاتی کنٹرول اور نمائش سے متعلق اندرونی تنصیبات شامل ہیں۔

· یوگے یوگین بھارت میوزیم کی مستقبل کی خریداری، جدت، تعاون اور عمل درآمد سے متعلق ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وینڈرز کے ایک جامع ماحولیاتی نظام کا ڈیٹا بیس تیار کرنا۔

· ہندوستان کے سب سے بڑے ثقافتی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سے ایک میں صنعت کی شرکت کے نئے مواقع پیدا کرنا، جبکہ میوزیم اور ثقافتی ورثے کے شعبے میں جدت، صلاحیت سازی اور عالمی معیار کو فروغ دینا۔

· میوزیم کی ترقی اور عمل درآمد کے آئندہ مراحل کے دوران ثقافت کی وزارت، منصوبے کے مشیروں، صنعتی شعبے سے وابستہ متعلقہ فریقوں اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں کے درمیان مسلسل رابطے کے لیے ایک منظم پلیٹ فارم قائم کرنا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image003_20260909220750_59ab38.jpg

مستقبل کے میوزیم کی جانب

ثقافت کی وزارت نے کہا کہ دونوں پروگرام یوگے یوگین بھارت میوزیم کی شراکتی ترقی کے سفر میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کاریگروں، ڈیزائنروں، مینوفیکچررز، ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں اور ثقافتی شعبے سے وابستہ افراد کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر وزارت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ میوزیم ہندوستان کے تہذیبی ورثے کی بھرپور عکاسی کرے، جبکہ میوزیم کے ڈیزائن، تشریح اور زائرین کے تجربے کے شعبوں میں عالمی بہترین طریقہ کار کو بھی اپنایا جائے۔

مشاورت کا یہ سلسلہ یوگے یوگین بھارت میوزیم کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے عمل میں آئندہ مراحل کی جانب پیش رفت کے دوران بھی رہنمائی فراہم کرتا رہے گا۔ اس عمل نے ہندوستان اور بیرون ملک کے سرکردہ متعلقہ فریقوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر میوزیم کے شعبے میں ایک وسیع تر تحریک کو بھی تقویت دی ہے، جس سے شراکت داری، علم کے تبادلے اور جدت کو فروغ ملا ہے۔ عالمی سطح کی مہارت کو ہندوستان کے تیزی سے وسعت پذیر ثقافتی بنیادی ڈھانچے اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں سے جوڑتے ہوئے یہ پہل ہندوستان کو نہ صرف میوزیم کی ترقی کے ایک بڑے بازار کے طور پر بلکہ مستقبل میں عالمی معیار کے میوزیم سے متعلق حل اور تجربات کے ڈیزائن، تیاری اور برآمد کے مرکز کے طور پر بھی مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔

یوگےیوگین بھارت میوزیم کو ایک اہم قومی ادارے کے طور پر قائم کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے، جو عالمی معیار کی نمائشوں، عمیق تجربات، جدید ترین ٹیکنالوجیز اور ہندوستان کی زندہ ثقافتی روایات کو میوزیم کے مجموعی ڈھانچے کا حصہ بناتے ہوئے ہزاروں سال پر محیط ہندوستان کی داستان پیش کرے گا۔

*****

 

ش ح۔ م ح۔رض

U.No. 3250


(ریلیز آئی ڈی: 2308604) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी