ارضیاتی سائنس کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کوچی کے سی ایم ایل آر ای میں آئی ایس اے  اور ارضیاتی  سائنسز کی وزارت کے اشتراک سے بین الاقوامی گہرے سمندر کی میکرو فونا درجہ بندی اسکول کا آغاز  کیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 SEP 2026 3:15PM by PIB Delhi

 کوچی،  07 ستمبر  ، 2026  ء —  حکومت ہند کی ارضیاتی سائنسز کی وزارت  ( ایم او ای ایس )  کے تحت کام کرنے والے سینٹر فار میرین لیونگ ریسورسز اینڈ ایکولوجی ( سی ایم ایل آر ای )  نے کوچی میں پانچ روزہ  ’’ ڈیپ سی میکرو فونا  ٹیکسا نومی اسکول: حیاتیاتی تنوع کے جائزے کے لیے طریقۂ کار کو معیاری بنانے کے پروگرام  ‘‘   کا باضابطہ آغاز کیا۔ یہ پروگرام 07 سے 11 ستمبر  ، 2026 ء تک جاری رہے گا اور یہ اہم تربیتی پروگرام انٹرنیشنل سی بیڈ اتھارٹی ( آئی ایس اے)  کے سسٹین ایبل سی بیڈ نالج انیشی ایٹو ( ایس ایس کے آئی )  پلیٹ فارم کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔

یہ پروگرام سی ایم ایل آر ای ( ایم او ای ایس )  ، انٹرنیشنل سی بیڈ اتھارٹی ( آئی ایس اے ) ، انڈین اوشن رم ایسوسی ایشن ( آئی او آر اے )  اور نیشنل میرین بایو ڈائیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف کوریا ( ایم اے بی آئی کے ) کے باہمی تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

افتتاحی تقریب کی   خصوصیات اور اہم شخصیات کے خطابات

افتتاحی تقریب میں انٹرنیشنل سی بیڈ اتھارٹی ( آئی ایس اے )  کی سکریٹری جنرل محترمہ لیٹیشیا کاروالیو نے  پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے ترغیباتی  خطاب میں محترمہ کاروالیو نے گہرے سمندر کی تہہ کے مؤثر ماحولیاتی انتظام کے لیے سائنس پر مبنی معلومات اور حیاتیاتی درجہ بندی کی مہارت کو مضبوط بنانے کی اہم ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے رکن ممالک کے درمیان بین الاقوامی تعاون اور سائنسی طریقۂ کار کو یکساں بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور نوجوان محققین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ چیلنجوں  کا سامنا کرتے وقت سائنسی معیار، ثابت قدمی اور خود اعتمادی کو فروغ دینا چاہیے۔

اس سے قبل  ، استقبالیہ خطاب  سی ایم ایل آر ای  کے سربراہ ڈاکٹر آر  مہیش کمار نے  کیا۔ افتتاحی اجلاس میں سی ایم ایل آر ای  کی جانب سے سمندری حیاتیاتی تنوع پر مختلف شعبوں میں کی جانے والی تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں ڈاکٹر سنتھل، سائنس دان – ای ، سی ایم ایل آر ای   نے تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ اس کے بعد چنئی کے این آئی او ٹی  میں میرین بایوٹیکنالوجی ڈویژن کے سربراہ اور سائنس دان  ڈاکٹر  جی  دھرانی نے ارضیاتی سائنسز کی وزارت  ( ایم او ای ایس )   کے ڈیپ اوشن مشن کے تحت سمندری حیاتیاتی تنوع کے مطالعات پر خصوصی لیکچر دیا۔ تقریب میں جمہوریہ کوریا کے ایم اے بی آئی کے  کی جانب سے ایس ایس کے آئی پروگرام کے تحت ادارہ جاتی سرگرمیوں اور عزم کو بھی اجاگر کیا گیا، جب کہ  این آئی او  ، گوا کے سابق سائنس دان ڈاکٹر بابن انگولے نے بحرِ ہند میں سمندر کی تہہ میں موجود جانداروں کے مطالعات پر کلیدی خطاب کیا۔

عالمی شرکت اور تکنیکی دائرہ کار

اس تربیتی پروگرام میں بحرِ ہند کے خطے ( آئی او آر اے )  میں آئی ایس اے  کے رکن ممالک سے تقریباً 30 نوجوان محققین اور سائنس دان شرکت کر رہے ہیں۔ شریک ممالک میں جنوبی افریقہ، کینیا، بنگلہ دیش، ماریشس، ملیشیا، انڈونیشیا، سنگاپور، سری لنکا، موزمبیق، تنزانیہ، تھائی لینڈ، عمان اور بھارت شامل ہیں۔

پانچ روزہ جامع تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء  درج ذیل سرگرمیوں میں حصہ لیں گے:

  • خصوصی لیکچرز، فیلڈ وزٹس اور سمندر کی تہہ سے نمونے جمع کرنا ،
  • میکرو فونا کی شناخت اور نتائج کی رپورٹنگ کے لیے عملی لیباریٹری تربیت ،
  • روایتی ٹیکسا نومی، ڈی این اے بارکوڈنگ، اسکیننگ الیکٹران مائیکرو اسکوپی  ( ایس ای ایم )  اور حیاتیاتی تنوع کے ڈیٹا کے تجزیے کی جدید تکنیکی تربیت ،
  • نمونوں کو محفوظ رکھنے اور حیاتیاتی تنوع سے متعلق ڈیٹا کو اوپن ایکسس کے ذریعے شائع کرنے پر ورکشاپس ۔

برازیل، جنوبی کوریا، پرتگال، سویڈن، ماریشس، انڈونیشیا، جرمنی اور سنگاپور سے تعلق رکھنے والے ممتاز قومی اور بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ ساتھ بھارت کے متعلقہ اداروں اور سی ایم ایل آر ای   کے ماہرین بھی اس پروگرام میں رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔

کلیدی اہمیت

آئی ایس اے  کے اس اہم تربیتی پروگرام کی میزبانی سے گہرے سمندر میں حیاتیاتی تنوع کی تحقیق کے شعبے میں بھارت کی بڑھتی ہوئی قیادت مزید مضبوط ہوتی ہے۔ سمندر کی تہہ میں موجود حیاتیاتی تنوع کے جائزے کے طریقۂ کار کو یکساں بنانے اور مضبوط بین الاقوامی سائنسی شراکت داری کو فروغ دینے کے ذریعے یہ پروگرام بحرِ ہند کی پائیدار تحقیق اور ماحولیاتی انتظام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

 

 

..................................................... ...................................................

) ش ح – ا ع خ         -  ع ا )

U.No. 3204


(ریلیز آئی ڈی: 2308348) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil