سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
تعلیم سے بااختیاری اور خدمت کا جذبہ: ڈاکٹر ایم کے پونسیلواکماری کا ڈاکٹریٹ کی تحقیق سے پیشہ ورانہ کامیابی تک سفر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 SEP 2026 8:02PM by PIB Delhi
اعلیٰ تعلیم اور تحقیق علم، اختراع اور معاشرے کی خدمت کے نئے راستے ہموار کرتی ہے۔ عزم و لگن سے کام کرنے والے محققین کے لیے بروقت فیلوشپ کی مدد انہیں وہ تعلیمی استحکام اور تحقیقی وسائل فراہم کر سکتی ہے جو ان کے خوابوں اور عزائم کو عملی کامیابی میں بدلنے کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
نیشنل فیلوشپ فار شیڈیولڈ کاسٹ اسٹوڈنٹس (این ایف ایس سی) اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی مدد کے مثبت اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے، پڈوچیری کے کرائیکل ضلع سے تعلق رکھنے والی 34 سالہ محقق ڈاکٹر ایم کےپونسیلواکماری نے کامیابی کے ساتھ پی ایچ ڈی مکمل کرلی ہے اور اب وہ کل وقتی ملازمت کر رہی ہیں۔ ان کا سفر عزم، تعلیمی وابستگی اور ادارہ جاتی مدد کے اس اہم کردار کی عکاسی کرتا ہے جو ڈاکٹریٹ کی تحقیق کو آگے بڑھانے اور پیشہ ورانہ عزائم کی تکمیل میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
این ایف ایس سی اسکیم کے تحت مدد حاصل کرنے سے قبل ڈاکٹر پونسیلواکماری کو ڈاکٹریٹ کی تحقیق کی خصوصی ضروریات پوری کرنے میں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تجربات کے لیے تحقیقی مواد، مختلف لیبارٹریوں تک رسائی اور بیرونی تجزیاتی سہولتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ان اخراجات کو پورا کرنا مشکل تھا، جس کے باعث ان کے تحقیقی کام میں تسلسل برقرار رکھنا ایک چیلنج بن گیا تھا۔
لیبارٹریوں کے درمیان آمدورفت بھی ایک اضافی عملی رکاوٹ تھی۔ خصوصی سہولتوں کے استعمال اور بعض تجزیوں کو بیرونی اداروں سے کرانے کے لیے آمدورفت کے ساتھ ساتھ مناسب وسائل کی بھی ضرورت ہوتی تھی۔ ان حالات کے باعث ان کے تحقیقی سفر کے ایک ایسے مرحلے میں غیر یقینی اور ذہنی دباؤ بھی پیدا ہوتا رہا، جو پہلے ہی تعلیمی اعتبار سے خاصا مشکل تھا۔
ان مشکلات کے باوجود ڈاکٹر پونسیلواکماری اپنی پی ایچ ڈی مکمل کرنے اور ایک بامقصد پیشہ ورانہ زندگی کی بنیاد رکھنے کے عزم پر قائم رہیں۔ ان کی خواہش تھی کہ وہ ایگریکلچر ریسرچ سروس (اے آر ایس) میں شامل ہو کر تحقیق، علم اور عوامی خدمت کے ذریعے اپنا کردار ادا کریں۔

2017-18 کے دوران ڈاکٹر پونسیلواکماری نے این ایف ایس سی اسکیم کے تحت فیلوشپ اور ہنگامی تحقیقی اخراجات کے لیے مالی مدد حاصل کرنا شروع کی۔ اس مدد کی بدولت وہ ضروری تحقیقی مواد خریدنے، بعض تجزیاتی کام بیرونی اداروں سے کرانے اور اپنی تحقیق اور تحقیقی مقالے کی اشاعت سے متعلق اخراجات پورے کرنے کے قابل ہوئیں۔
فیلوشپ کی مدد سے ان عملی مشکلات میں نمایاں کمی آئی جو ان کی ڈاکٹریٹ کی تحقیق کو متاثر کر رہی تھیں۔ ہنگامی تحقیقی اخراجات کے لیے ملنے والی مدد نے انہیں تجربات کی بہتر منصوبہ بندی، ضروری تحقیقی مواد کے حصول اور تجزیاتی خدمات سے زیادہ اعتماد کے ساتھ استفادہ کرنے میں مدد دی۔ اس سے تحقیقی وسائل کے انتظام سے وابستہ ذہنی دباؤ بھی کم ہوا اور وہ اپنی تحقیق کے معیار اور پیش رفت پر زیادہ یکسوئی سے توجہ مرکوز کر سکیں۔
این ایف ایس سی اسکیم کے تحت مسلسل مدد کے باعث ڈاکٹر پونسیلواکماری نے کامیابی کے ساتھ اپنی پی ایچ ڈی مکمل کی۔ یہ کامیابی ان کے لیے ایک اہم تعلیمی سنگ میل ثابت ہوئی اور پیشہ ورانہ ترقی کے امکانات کو مزید مضبوط بنایا۔ اب وہ کل وقتی ملازمت کر رہی ہیں، جو ڈاکٹریٹ کی تحقیق سے ایک خودمختار پیشہ ور کی حیثیت سے ان کی کامیاب پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔
ڈاکٹر پونسیلواکماری اپنے سفر میں فیلوشپ کے اہم کردار کا اعتراف کرتی ہیں اور اپنی ڈاکٹریٹ کی تعلیم میں مدد فراہم کرنے پر وزارت کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ ان کے لیے یہ مدد تحقیقی سرگرمیوں کی تکمیل، ضروری مواد کے حصول اور علمی کام کی اشاعت میں انتہائی معاون ثابت ہوئی، جو ان کی پی ایچ ڈی کا ایک لازمی حصہ تھا۔
ان کا سفر اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ بروقت فیلوشپ اور ہنگامی تحقیقی مدد اعلیٰ تعلیم تک رسائی کے مواقع کو وسعت دینے، تحقیقی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور محققین کو اعتماد کے ساتھ اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے آگے بڑھنے کے قابل بنا سکتی ہے۔ ڈاکٹر پونسیلواکماری کی کامیابی مواقع، بااختیاری اور ادارہ جاتی حوصلہ افزائی کے ذریعے تعلیمی استقامت کی ایک قابل ذکر مثال ہے۔
****
ش ح۔ ش آ۔ج
U-3184
(ریلیز آئی ڈی: 2308136)
وزیٹر کاؤنٹر : 10