وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

بحریہ کے سربراہ کا آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا سرکاری دورہ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 08 SEP 2026 5:53PM by PIB Delhi

بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن 9 ستمبر 2026 سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اس دورے کا مقصد رائل آسٹریلین نیوی (آر اے این) اور رائل نیوزی لینڈ نیوی (آر این زیڈ این) کے ساتھ بھارتی بحریہ کے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

آسٹریلیا کا یہ دورہ بھارت-آسٹریلیا تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار کے پس منظر میں ہو رہا ہے۔ جولائی 2026 میں تیسری بھارت-آسٹریلیا سالانہ سربراہ ملاقات اور جون 2026 میں دوسری بھارت-آسٹریلیا وزرائے دفاع مذاکرات کے انعقاد کے بعد دونوں ممالک نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں، بالخصوص بحری سلامتی اور علاقائی تعاون میں باہمی اشتراک کو مزید وسعت دی ہے۔

دورے کے دوران بحریہ کے سربراہ رائل آسٹریلین نیوی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے اور آسٹریلیا کی اعلیٰ دفاعی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں کے دوران جاری بحری تعاون کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ دونوں بحری افواج کے درمیان عملی تعاون، باہمی مطابقت، معلومات کے تبادلے، تربیت اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔

بحریہ کے سربراہ اہم آپریشنل اور تربیتی اداروں کا بھی دورہ کریں گے اور رائل آسٹریلین نیوی کے اہلکاروں سے ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں بحری صلاحیتوں، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ فوجی تعلیم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جو دونوں بحری افواج کے درمیان تعاون کے بڑھتے ہوئے دائرہ کار کی عکاسی کرتا ہے۔

نیوزی لینڈ کا یہ دورہ بھارت-نیوزی لینڈ تعلقات میں پیدا ہونے والی نئی رفتار کے پس منظر میں ہو رہا ہے۔ یہ رفتار جولائی 2026 میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے نیوزی لینڈ کے دورے کے بعد مزید مضبوط ہوئی ہے۔ اس دورے کے دوران بھارت اور نیوزی لینڈ نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک پہنچایا اور دفاع اور بحری سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔

نیوزی لینڈ میں بحریہ کے سربراہ رائل نیوزی لینڈ نیوی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ بات چیت کریں گے اور نیوزی لینڈ کی اعلیٰ دفاعی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں بحری افواج کے درمیان عملی تعاون، معلومات کے تبادلے، تربیت اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

بحریہ کے سربراہ اہم آپریشنل اور تربیتی اداروں کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ رائل نیوزی لینڈ نیوی کے اہلکاروں اور پیشہ ورانہ فوجی تعلیم حاصل کرنے والے افسران سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ دورہ حال ہی میں طے پانے والے بحری تعاون کے انتظام کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے، جو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان عملی بحری تعاون کے لیے ایک وسیع تر فریم ورک فراہم کرتا ہے۔

یہ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ بھارت کے بڑھتے ہوئے دفاعی اور بحری روابط اور رائل آسٹریلین نیوی اور رائل نیوزی لینڈ نیوی کے ساتھ عملی اور مستقل بحری تعاون کو مزید گہرا کرنے کے بھارتی بحریہ کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ اس تعاون کا مقصد ہند-بحرالکاہل خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

******

( ش ح ۔ ا ع خ ۔ م ا )

Urdu.No-3167


(ریلیز آئی ڈی: 2307950) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी