سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

خواہشمند  ضلع سے علمی کامیابی تک: این ایف ایس سی کی معاونت نے ڈاکٹر ابیناش منڈل کو کس طرح بااختیار بنایا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 SEP 2026 1:08PM by PIB Delhi

سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ برادریوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کا حصول اس وقت مشکل ہو سکتا ہے، جب مالی مشکلات اور جغرافیائی رکاوٹیں تعلیمی مواقع تک رسائی محدود کر دیں۔ بروقت فیلوشپ کی معاونت انہیں اپنی تحقیق جاری رکھنے اور علمی میدان میں ایک بامقصد کریئر بنانے کے لیے درکار استحکام فراہم کر سکتی ہے۔

نیشنل فیلوشپ فار شیڈیولڈ کاسٹ اسٹوڈنٹس (این ایف ایس سی) اسکیم کے اثرات کو نمایاں کرتے ہوئے آسام کے اودال گڑی سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ اسکالرڈاکٹر ابیناش منڈل نے سماجی، معاشی اور جغرافیائی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے پڈوچیری یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

ایک خواہش مند ضلع سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر منڈل کو مالی مشکلات اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع تک محدود رسائی کا سامنا تھا۔ ایک دور دراز اور پسماندہ ضلع میں رہنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی جغرافیائی رکاوٹوں نے معیاری تعلیمی وسائل، تحقیقی تجربات اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع تک ان کی رسائی کو مزید محدود کر دیا تھا۔

سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ برادری سے تعلق رکھنے کی وجہ سے انہیں سماجی رکاوٹوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ معاشی طور پر پسماندگی کی وجہ  نےڈاکٹریٹ کی سطح پر تحقیق کا سفر ان کے لیے کافی مشکل بنادیا تھا۔تاہم، عزم، ثابت قدمی اور تعلیم سے وابستگی نے انہیں تعلیمی میدان میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کی جدوجہد جاری رکھنے کا حوصلہ دیا۔

ڈاکٹر منڈل کی خواہش تھی کہ وہ اعلیٰ ترین تعلیمی لیاقت حاصل کریں اور کامرس و فرانزک اکاؤنٹنگ کے شعبوں میں بامعنی کردار ادا کریں۔ ان کا طویل مدتی مقصد تدریس، تحقیق اور علمی تخلیق کے شعبوں سے وابستہ ہونا تھا، اس کے  ساتھ ہی محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور تعلیمی میدان میں کریئر بنانے کی ترغیب دینا بھی ان کے مقاصد میں شامل تھا۔

خاندان کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی اداروں کی جانب سے فراہم کیے گئے مواقع نے انہیں ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھنے کا اعتماد دیا۔ ان کے تعلیمی کریئر میں ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب انہیں 2020 سے 2024 تک این ایف ایس سی اسکیم کے تحت مالی مدد حاصل ہوئی۔

اس اسکیم کے تحت انہیں جونیئر ریسرچ فیلو (جے آر ایف) کے طور پر ماہانہ 37,000 روپے کی فیلوشپ دی گئی، جسے بعد میں سینئر ریسرچ فیلو (ایس آر ایف) کے حصول  کے بعد اس میں اضافہ کر کے ماہانہ 42,000 روپے کر دیا گیا۔ اس مسلسل مالی معاونت نے انہیں مالی مشکلات کے بوجھ سےا ٓزاد کر کے کل وقتی طور پر ڈاکٹریٹ کی تحقیق جاری رکھنے میں مدد دی۔

فیلوشپ کی بدولت خاندانی وسائل پر ان کا  انحصار کم ہوا اور انہیں معیاری تحقیقی مواد تک رسائی، علمی کانفرنسوں میں شرکت اور تحقیقی مضامین شائع کرنے کے مواقع حاصل ہوئے۔ اس کے نتیجے میں حاصل ہونے والے مالی استحکام نے انہیں اپنی تحقیق اور تعلیمی تقاضوں پر پوری توجہ مرکوز رکھنے میں مدد فراہم کی۔

اس اسکیم کے تحت حاصل ہونے والی معاونت سے ڈاکٹر منڈل نے جونیئر ریسرچ فیلو (جے آر ایف) سے سینئر ریسرچ فیلو (ایس آر ایف) تک کامیابی کے ساتھ ترقی کی اور اپنی پی ایچ ڈی مکمل کی۔ اس عرصے کے دوران ان کی تحقیقی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئی، جس کے نتیجے میں معروف بین الاقوامی تحقیقی جرائد میں ان کے مضامین شائع ہوئے اور آئی آئی ایم بودھ گیا، آئی آئی ایم اندور اور آئی آئی ٹی دہلی سمیت ممتاز اداروں میں انہوں نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔

فیلوشپ نے ڈاکٹریٹ کی تعلیم کے دوران ان کی معاشی حالت کو بھی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور پی ایچ ڈی مکمل کرنے کے بعد بہتر پیشہ ورانہ مواقع کی راہ ہموار کی۔ اس  مددنے انہیں مالی مشکلات سے دوچار تعلیمی سفر سے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک پیشہ ورانہ کردار تک پہنچنے کے لیے درکار مستحکم بنیاد فراہم کی۔

آج ڈاکٹر منڈل پڈو چیری یونیورسٹی کے شعبۂ کامرس میں گیسٹ فیکلٹی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں وہ درس و تدریس، تحقیق اور تعلیمی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ تجارت اور فرانزک اکاؤنٹنگ کے شعبوں میں علم کو فروغ دینے کے اپنے مقصد کو آگے بڑھا رہے ہیں اور پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو بلند اہداف حاصل کرنے کی ترغیب بھی دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر ابیناش منڈل کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ این ایف ایس سی اسکیم نے درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے محققین کو سماجی اور معاشی رکاوٹوں پر قابو پانے، تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے اور علمی و سماجی شعبوں میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے کس طرح بااختیار بنایا ہے۔

***

ش ح۔   م ع ن۔ ش ب ن

U-NO-3103


(ریلیز آئی ڈی: 2307377) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Kannada