ٹیکسٹائلز کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 بھارت ٹیکس ٹریڈ فیڈریشن اور پریمیئر وژن ایس اے کے درمیان ہند-فرانس ٹیکسٹائل اور فیشن کےتعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط


 پریمیم فیشن کے شعبے میں ہندوستانی ٹیکسٹائل کے لیے عالمی مواقع پیدا کرنے کی سمت میں اسٹراٹیجک پارٹنرشپ

 اعلیٰ معیار کے عالمی فیشن میں ہندوستانی ٹیکسٹائل کو نئی رفتار ملے گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 03 SEP 2026 4:43PM by PIB Delhi

بھارت ٹیکس ٹریڈ فیڈریشن (بی ٹی ٹی ایف) اور اختراعی فیشن، ٹیکسٹائل اور سورسنگ کے لیے دنیا کے معروف بین الاقوامی پلیٹ فارمز میں سے ایک، پریمیئر وژن ایس اے نے 2 ستمبر 2026 کو پریمیئر وژن نمائش (پیرس) کے موقع پر مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔ اس کا مقصد عالمی فیشن اور ٹیکسٹائل کے ماحولیاتی نظام کے ساتھ ہندوستان کے روابط کو مزید مضبوط  بنانے کے واسطےمتعدد برسوں پر محیط ادارہ جاتی شراکت داری قائم کرنا ہے۔

مذکورہ مفاہمت نامے پر بی ٹی ٹی ایف کی کور کمیٹی کے رکن اور اپیرل ایکسپورٹ پروموشن کونسل (اے ای پی سی) کے چیئرمین ڈاکٹر اے شکتی ویل اور پریمیئر وژن ایس اے کے فیشن ڈویژن کی چیف ایگزیکٹو افسر محترمہ فلورنس راوزن نے دستخط کیے۔

دستخط کی تقریب میں حکومتِ ہند کی وزارتِ ٹیکسٹائل کی سکریٹری محترمہ نیلم شامی راؤ اور ہینڈلومز کی ترقی کی کمشنر ڈاکٹر ایم بینا نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہندوستان کی ٹیکسٹائل صنعت کے ممتاز سربراہوں، معروف ڈیزائنر، ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے عہدیداروں، ہندوستانی سفارت خانے کے حکام اور بی ٹی ٹی ایف کی قیادت سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image001_20260903164405_28a4b6.jpg

یہ مفاہمت نامہ 14 جولائی 2026 کو نئی دہلی میں منعقدہ بھارت ٹیکس 2026 کے موقع پر دستخط کردہ لیٹرآف انٹینٹ (ایل او آئی) کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیرِ ٹیکسٹائل جناب گری راج سنگھ بھی موجود تھے۔ یہ مفاہمت نامہ تجارت، ملبوسات کی بیرونی خریداری، ڈیزائن، پائیداری اور وراثت کے شعبوں میں مستقل تال میل کے ذریعے اس وژن کو عملی شکل دیتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image002_20260903164413_c85ceb.jpg

 عالمی فیشن کے ماحولیاتی نظام سے ہندوستانی ٹیکسٹائل کا ربط

پریمیئر وژن گزشتہ پانچ دہائیوں سے زائد عرصے سے فیشن کی صنعت کے لیے عالمی معیار کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ شراکت داری ہندوستانی ٹیکسٹائل مصنوعات تیار کرنے والوں، برآمد کنندگان، ڈیزائنر اور دست کاروں کو بین الاقوامی خریداروں، فیشن ہاؤسز اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی خریداری کے عالمی نیٹ ورکس سے جوڑنے کا اہم ذریعہ فراہم کرے گی۔

اس شراکت داری کا ایک اہم تزویراتی مقصد ہندوستان کو محض بڑے حجم کی برآمدات پر مبنی تجارت سے آگے بڑھاتے ہوئے اعلیٰ قدر، ڈیزائن پر مبنی اور اعلیٰ معیار کے شعبوں کی جانب لے جانا ہے۔ پریمیئر وژن کے رجحانات سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے پلیٹ فارم ہندوستانی کاروباری اداروں کو عالمی منڈی کی طلب کے مطابق اپنی مصنوعات اور حکمتِ عملی وضع کرنے اور پائیدار اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی خریداری کے خواہاں خریداروں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔

ہند-یورپی یونین تجارتی پیش رفت کے دوران مارکیٹ تک مزید مضبوط رسائی

یہ شراکت داری ایسے اہم مرحلے میں سامنے آئی ہے، جب جنوری 2026 میں ہند-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات مکمل ہوئے۔ اس معاہدے کے تحت 96.8 فیصد ٹیرف کے التزامات پر منڈی تک ترجیحی رسائی فراہم کی گئی ہے، جس میں ہندوستان کی 99.5 فیصد برآمدات کا احاطہ ہوتا ہے۔ معاہدے کے نافذ ہونے کے بعد تجارتی مالیت کے لحاظ سے ہندوستان کی 90.7 فیصد برآمدات پر ڈیوٹی ختم ہونے کی توقع ہے۔

ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کے لیے یہ موقع خاص طور پر اہم ہے۔ 2025 میں یورپی یونین کے ذریعہ دنیا بھر سے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی درآمدات تقریباً 292.8 ارب امریکی ڈالر کی رہیں، جبکہ اس وقت یورپی یونین کو ہندوستان کی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات تقریباً 10.4 ارب امریکی ڈالرکی ہیں۔

ہند-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کے تحت ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی تمام ٹیرف التزامات پر صفر ڈیوٹی کے ساتھ منڈی تک رسائی کی تجویز ہے۔ اس سے ہندوستانی برآمد کنندگان کے لیے ملبوسات، ٹیکسٹائل، دھاگے اور گھریلو ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں مواقع پیدا ہونے اور یورپی منڈی میں ہندوستان کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔

اس موقع پر حکومتِ ہند کی وزارتِ ٹیکسٹائل کی سکریٹری محترمہ نیلم شامی راؤ نے کہا:‘‘معزز وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کےوژن‘5ایف’ کے تحت تصور کردہ بھارت ٹیکس دنیا کی سب سے بڑی مربوط ٹیکسٹائل نمائش کے طور پر ابھرا ہے، جس میں تجارت، پائیداری اور سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پریمیئر وژن کے ساتھ یہ شراکت داری اسی سفر کی فطری پیش رفت ہے، جس سے ہندوستان کے اعلیٰ معیار کے ٹیکسٹائل اور بھرپور وراثت کو یورپ اور دنیا کے سامنے پیش کرنے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ ملک بھر کے دست کاروں، بُنکروں، ڈیزائنر، خواتین کاروباریوں اور چھوٹی و درمیانی صنعتوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔’’

بی ٹی ٹی ایف کی کور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر اے شکتی ویل نے کہا:‘‘پریمیئر وژن کے ساتھ یہ شراکت داری ہندوستانی ٹیکسٹائل کو عالمی منڈیوں سے مزید قریب سے جوڑے گی، ساتھ ہی ہماری بھرپور وراثت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے اور پائیداری کو فروغ دینے میں مدد دے گی۔ اس طرح عالمی سطح پر مسابقتی اور ذمہ دار ٹیکسٹائل کے مرکز کے طور پر ہندوستان کامقام مزید مضبوط ہوگا۔’’

پریمیئر وژن کے فیشن ڈویژن کی چیف ایگزیکٹو افسر محترمہ فلورنس راوزن نے کہا:‘‘ہم بی ٹی ٹی ایف کے ساتھ شراکت داری پر بے حد خوش ہیں، جس کے ذریعے تخلیقی صلاحیت، جدت طرازی اور ذمہ دارانہ خریداری کو فروغ دینے کے ساتھ ہی ٹیکسٹائل کی پوری ویلیو چین سے وابستہ ہندوستانی اور فرانسیسی متعلقہ فریقوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔’’

باہمی تعاون کے اہم شعبے

مفاہمت نامے کے تحت، جوائنٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کی نگرانی میں دونوں ادارے مندرجہ ذیل شعبوں میں تعاون کریں گے:

 وفود اور معلومات کے تبادلے کا سیشن: دوطرفہ تجارتی نمائشوں میں نمائش کنندگان، وفود، مقررین اور ماہرین کی باہمی شرکت کو فروغ دیا جائے گا، جس کے لیے مشترکہ برآمداتی فروغ کی سرگرمیوں اور خریدار و فروخت کنندہ  کی ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

 برآمداتی فروغ اور منڈی سے روابط: منڈی تک رسائی کو بہتر بنانے کے واسطے مشترکہ برآمداتی فروغ کے اقدامات کیے جائیں گے، جن میں خریدار و فروخت کنندہ  کی ملاقاتیں اور ریورس بایر- سیلر میٹنگ ،منڈی سے متعلق معلومات کا تبادلہ اور دونوں فریقوں کے لیے باہمی مفاد پر مبنی تعاون شامل ہوگا۔

 پائیداری: مدور معیشت، مصنوعات کی مکمل سراغ رسانی اور ذمہ دارانہ پیداوار کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ دونوں ادارے اپنے پروگراموں میں پائیداری سے متعلق اقدامات کو فروغ دینے کے لیے تعاون کریں گے۔

* وراثت اور دست کاری: لگژری اور تخلیقی فیشن سے وابستہ بین الاقوامی برادری کے سامنے ہندوستانی اور فرانسیسی ثقافتی وراثت اور ٹیکسٹائل کو پیش کرنے کے لیے ’ایٹرنل کرافٹس کلابوریشن‘ قائم کیا جائے گا۔ اس کے تحت جنوری 2027 میں ’اے لیونگ تھریڈ‘ کے نام سے خصوصی نمائش منعقد کی جائے گی، جس میں ہندوستانی دست کاری، کشیدہ کاری، ہینڈلوم اور دیگر متعلقہ روایتی فنون کے ساتھ فرانسیسی ٹیکسٹائل کی وراثت کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

ہندوستان کی پیداواری صلاحیت، ٹیکسٹائل کےمتنوع ماحولیاتی نظام اور دست کاری کی بھرپور روایات کو پریمیئر وژن کے اعلیٰ معیار اور لگژری شعبوں کے عالمی فیشن اور خریداری کے نیٹ ورک کے ساتھ جوڑ کر یہ شراکت داری ہندوستانی کاروباری اداروں کو اعلیٰ قدر والی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ اس کے ساتھ ہی عالمی فیشن صنعت کے لیے پائیدار، اختراعی اور اعلیٰ قدر والی خریداری کے مرکز کے طور پر ہندوستان کامقام مزید مضبوط ہوگا۔

*****

ش  ح۔م ش ع - ف ر

U-no-2993                                                                                                                      


(ریلیز آئی ڈی: 2306473) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil