کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

نئی دہلی میں برکس ممالک کے آئی پی دفاتر کے سربراہوں کی 18 ویں میٹنگ منعقد


اراکین نے دانشورانہ املاک میں کثیرجہتی تعاون کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا

آئی پی برکس اجلاس کی منظوری  تعاون اور اختراع کو مضبوط بنانے کے لیےجدید ترین آپریشنل گائیڈ لائنز

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 SEP 2026 9:54PM by PIB Delhi

برکس ممالک کے دانشورانہ ملکیت کے دفاتر کے سربراہان کے 18ویں اجلاس کا دوسرا روز آج2 ستمبر 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہوا۔ تین روزہ اجلاس کا انعقاد پیٹنٹس، ڈیزائنز اور تجارتی نشانوں کے کنٹرولر جنرل کے دفتر، صنعت و داخلی تجارت کے فروغ کے محکمے، تجارت و صنعت کی وزارت حکومت ہند کی میزبانی میں کیا جا رہا ہے۔ یہ اجلاس یکم سے 3 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا۔ اجلاس میں تقریباً 35 مندوبین نے آن لائن اور بالمشافہ دونوں طریقوں سے شرکت کی۔ روس، ایران اور ایتھوپیا کے مندوبین نے آن لائن شرکت کی، جبکہ دیگر رکن ممالک کے دانشورانہ ملکیت کے دفاتر کے نمائندوں نے بالمشافہ شرکت کی۔ برکس کے رکن ممالک کے دانشورانہ ملکیت کے دفاتر کے سربراہان نے دانشورانہ ملکیت کے شعبے میں کثیر ملکی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور اسے عالمی جدت، تخلیقی صلاحیت اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم محرک قرار دیا۔

اجلاس میں ہونے والی بات چیت ہندوستان کی برکس کی صدارت کے موضوع ’’لچک، جدت، تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘‘ سے ہم آہنگ رہی۔ اس دوران اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ دانشورانہ ملکیت کے مؤثر نظام تکنیکی لچک کو فروغ دینے اور پائیدار اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

دانشورانہ ملکیت سے متعلق برکس کے جاری غور و خوض کے ایک اہم نتیجے کے طور پر اجلاس نے تازہ ترین عملی رہنما اصولوں کو منظوری دی، جن کا مقصد نتائج پر مبنی تعاون کو فروغ دینا، سرحد پار جدت طرازی کو آگے بڑھانا اور عالمی دانشورانہ ملکیت کے معیارات کی تشکیل میں مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔

برکس کے دانشورانہ ملکیت کے دفاتر کے سربراہان نے روایتی علم اور طب کے روایتی نظاموں کو مشترکہ ثقافتی اور فکری ورثے کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے ان کے تحفظ اور بقا کی ضرورت کو تسلیم کیا۔ اجلاس میں برکس میں پیٹنٹ جانچ کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق مطالعات کے تحت ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد طریقہ کار کو آسان بنانا، زیرِ التوا معاملات میں کمی لانا اور تلاش کے نتائج کے تبادلے کو بہتر بنانا ہے۔

اجلاس میں پیٹنٹ کے تجزیے اور مختلف شعبوں کے مطالعات کے ذریعے تکنیکی ترقی میں برکس کے دانشورانہ ملکیت کے دفاتر کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا۔ اس کے علاوہ پیٹنٹ تجزیے اور جغرافیائی اشاریوں سے متعلق نتائج کا اعتراف کیا گیا، جن کا مقصد کارکردگی کو بہتر بنانا اور برکس کی منڈیوں میں جغرافیائی اشاریوں سے منسلک مصنوعات کے تحفظ اور تجارتی فروغ کو مضبوط بنانا ہے۔

اجلاس میں ادارہ جاتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے نئے منصوبوں سے متعلق غور و خوض بھی مکمل کیا گیا۔ ان میں برکس دانشورانہ ملکیت آگاہی سلسلہ، دانشورانہ ملکیت سے متعلق برکس فن ٹیک جدت طرازی نگرانی نظام، برکس صنعتی ملکیت تجارتی فروغ فورم اور بہترین طریقۂ کار کا ذخیرہ، عوامی صحت اور ترقی کے لیے دانشورانہ ملکیت کی پالیسیوں سے متعلق اقدامات، برکس کے ڈیزائن نظاموں پر تحقیق اور برکس ممالک کے پیٹنٹ دستاویزات و معلوماتی وسائل کا رہنما کتابچہ شامل ہیں۔

برکس کے دانشورانہ ملکیت کے دفاتر کے سربراہان نے منصوبوں کے مؤثر نفاذ اور دانشورانہ ملکیت سے متعلق برکس تعاون میں تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے رابطہ کاری کے مؤثر نظام اور پیش رفت کے باقاعدہ جائزے کی اہمیت پر زور دیا۔

اجلاس میں شریک مندوبین، جن میں برکس کے دانشورانہ ملکیت کے دفاتر کے سربراہان بھی شامل تھے، نے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پیٹنٹس، ڈیزائنز اور تجارتی نشانوں کے کنٹرولر جنرل کے دفتر، تجارت و صنعت کی وزارت، حکومت ہند کا اظہارِ تشکر کیا۔ہندوستان کے عالمی دانشورانہ ملکیت کے شعبے میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی عکاسی کرتے ہوئے، 2026 میں ہندوستان کی صدارت میں اس سالانہ اجلاس کی میزبانی کرنا پیٹنٹس، ڈیزائنز اور تجارتی نشانوں کے کنٹرولر جنرل کے دفتر کے لیے باعثِ فخر ہے۔


https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image001_20260902215848_1c6031.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image002_20260902215651_7b0354.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image003_20260902215626_4484d7.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image004_20260902215638_a9bc27.jpg

***

ش ح۔م ح ۔رض

2968U-


(ریلیز آئی ڈی: 2306222) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी