زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
شیو راج سنگھ چوہان نے مدھیہ پردیش میں موسم گرما کی مونگ کی خریداری اور فصل بیمہ کے نفاذ کا جائزہ لیا
مدھیہ پردیش میں موسم گرما کی مونگ کی ریکارڈ 5.33 لاکھ ٹن مونگ خریداری کی گئی، کم از کم امدادی قیمت کی حمایت سے کسانوں کو فائدہ
نیشنل ایگریکلچرل کوآپریٹیو مارکیٹنگ فیڈریشن اور نیشنل کوآپریٹیو کنزیومرز فیڈریشن مدھیہ پردیش میں موسم گرما کی مونگ کی خریداری کو فروغ دے رہے ہیں، جس سے کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچ رہا ہے: شیو راج سنگھ چوہان
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 AUG 2026 9:09PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر زراعت و کسان بہبود اور دیہی ترقیات جناب شیو راج سنگھ چوہان نے آج نئی دہلی کے کرشی بھون میں مدھیہ پردیش کے زراعت اور باغبانی کے وزرا کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں مدھیہ پردیش میں موسم گرما کی مونگ کی خریداری، کسانوں کے لیے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کے فوائد اور پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے نفاذ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران جناب چوہان نے کہا کہ مدھیہ پردیش حکومت کی درخواست پر حکومت ہند نے ابتدا میں 2026 کے سیزن کے لیے 4,54,580 میٹرک ٹن موسم گرما کی مونگ کی خریداری کی منظوری دی تھی۔ بعد ازاں کسانوں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید 84,492 میٹرک ٹن کی خریداری کی منظوری دی گئی۔ اضافی مقدار کی منظوری سے ریاستی حکومت پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑا۔
اس کے ساتھ ہی 2026 کے سیزن میں مدھیہ پردیش کے لیے موسم گرما کی مونگ کی کل منظور شدہ خریداری کی مقدار 5,39,072 میٹرک ٹن ہوگئی۔ خریداری کی مدت اب ختم ہوچکی ہے اور ریاست میں 5.33 لاکھ میٹرک ٹن مونگ کی خریداری ریکارڈ کی گئی ہے۔ خریداری منظور شدہ حد کے اندر رہی اور تمام خواہش مند اور رجسٹرڈ کسان اپنی دستیاب پیداوار فروخت کرنے میں کامیاب رہے۔ اس خریداری کے ذریعہ کسانوں کو اپنی پیداوار کی ایم ایس پی پر مناسب قیمت حاصل ہوئی، جس سے انہیں براہ راست مالی فائدہ پہنچا۔
خریداری کی کارروائیاں بنیادی طور پر نیشنل ایگریکلچرل کوآپریٹیو مارکیٹنگ فیڈریشن (نیفیڈ) اور نیشنل کوآپریٹیو کنزیومرز فیڈریشن (این سی سی ایف) کے ذریعے انجام دی گئیں۔ اس دوران کسانوں کو بروقت ادائیگی اور پورے عمل میں شفافیت برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ خریداری کے عمل نے دیہی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ مدھیہ پردیش نے گزشتہ سال کے مقابلہ میں مونگ کی خریداری کے معاملہ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ موسم گرما 2025 میں 4,19,692 میٹرک ٹن کی منظور شدہ مقدار کے مقابلہ میں ریاست نے 3,93,123.79 میٹرک ٹن مونگ کی خریداری کی تھی۔ موسم گرما 2026 میں منظور شدہ مقدار کے ساتھ ساتھ حقیقی خریداری میں بھی اضافہ ہوا۔ جناب چوہان نے کہا کہ یہ بہتری کسانوں کے لیے بڑھتی ہوئی معاونت اور منڈی پر ان کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
فصل بیمہ کے نفاذ کا جائزہ
اجلاس میں پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے تحت مدھیہ پردیش میں نظرثانی شدہ موسمیاتی بنیاد پر فصل بیمہ اسکیم (آر ڈبلیو بی سی آئی ایس) کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ریاستی حکومت نے اسکیم کے نفاذ کے لیے شرائط و ضوابط کی دستاویز کو حتمی شکل دینے کی درخواست کی تھی۔ جناب چوہان نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اس سلسلے میں ضروری اقدامات کیے ہیں، ریاستی حکومت کو شرائط و ضوابط کی دستاویز فراہم کردی ہے اور اسکیم کو جلد از جلد نافذ کرنے پر زور دیا ہے۔
اجلاس میں مدھیہ پردیش میں وِنڈز نظام کے نفاذ میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ مرکزی محکمہ نے اس نظام کے نفاذ کے سلسلے میں وقتاً فوقتاً ریاستی حکومت کو مراسلات ارسال کیے ہیں، تاہم ریاست میں اس کا نفاذ ابھی زیر التوا ہے۔ حکام نے نشاندہی کی کہ ونڈز نظام کے بغیر نظرثانی شدہ موسمیاتی بنیاد پر فصل بیمہ اسکیم کا مؤثر نفاذ مشکل ہوگا اور اس نظام کو جلد از جلد فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے تحت ٹیکنالوجی پر مبنی پیداوار کے تخمینے کے استعمال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ مدھیہ پردیش میں اس وقت اہم فصلوں کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی پیداوار کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔ مرکزی حکومت نے زمینی حقائق کی تصدیق اور ٹیکنالوجی پر مبنی ماڈلز کی دوبارہ جانچ اور ان کی درستگی بہتر بنانے کے لیے فصل کٹائی کے تجربات دوبارہ شروع کرنے کی تجویز دی۔
پیداوار کے تخمینے میں بہتر تال میل اور زیادہ قابلِ اعتماد نتائج کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی تخمینوں کو زمینی سطح سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے ساتھ یکجا کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ جناب چوہان نے کہا کہ کسانوں کے مفاد میں مرکزی اور ریاستی حکومتیں خریداری، ادائیگی اور فصل بیمہ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بروقت خریداری، یقینی کم از کم امدادی قیمت اور مؤثر فصل بیمہ نظام کسانوں کی آمدنی اور زرعی منڈی پر ان کے اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
****
ش ح- ظ الف- ش ہ ب
UR No. 2693
(ریلیز آئی ڈی: 2304048)
وزیٹر کاؤنٹر : 7