پوسٹ کرنے کی تاریخ:
22 JUL 2026 4:00PM by PIB Delhi
خواتین و اطفال کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ انّپورنا دیوی نے ملک بھر کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار 2026 کے لیے غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل بچوں کو نامزد کریں۔ نامزدگیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جولائی 2026 ہے۔
مرکزی وزیر نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہمارے ملک کے بچے محض مستقبل ہی نہیں بلکہ آج کے ہندوستان کی ترقی اور پیش رفت کی اصل قوت بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے آس پاس کوئی ایسا لڑکا یا لڑکی موجود ہے جس نے بہادری، سماجی خدمت، سائنس و ٹیکنالوجی، فن و ثقافت، کھیل یا ماحولیات کے شعبوں میں غیر معمولی کام انجام دے کر معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی ہے تو یہ اس کی خدمات کو قومی سطح پر شناخت اور اعزاز دلانے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے سبھی شہریوں سے اپیل کی کہ ایسے باصلاحیت بچوں کو پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار 2026 کے لیے http://awards.gov.inپر نامزد کریں اور اس بات کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں کہ ان کی غیر معمولی خدمات کے شایانِ شان انہیں قومی اعزاز حاصل ہو۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر ہندوستان کی غیر معمولی صلاحیتوں کو تسلیم کریں، ان کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کے روشن مستقبل کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
*****
ش ح۔ ک ح۔ ج ا
U.No. 2527