ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 نیشنل زولوجیکل  پارک میں دہلی کے  چڑیا گھر میں دوسری ’ٹری واک‘ اور گیارہویں ’سنڈے برڈ واک‘ کا انعقاد


نیشنل زولوجیکل  پارک میں قدرتی سیر کے دوران پرندوں کی 42 اور درختوں کی 40 اقسام کا اندراج کیا گیا

प्रविष्टि तिथि: 23 AUG 2026 8:48PM by PIB Delhi

نئی دہلی کے نیشنل زولوجیکل  پارک نے 23 اگست 2026 کو اپنی ’ٹری واک @ این زیڈ پی‘ کے دوسرے پروگرام کے ساتھ 11ویں ’سنڈے برڈ واک‘ کا بھی کامیابی سے انعقاد کیا۔ یہ پروگرام چڑیا گھر کی جاری شہری سائنس پہل کے تحت منعقد کیا گیا، جس کا مقصد حیاتیاتی تنوع کی دستاویز بندی، نگرانی اور تحفظ سے متعلق بیداری میں عوامی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

ٹری واک صبح 7 بجے سے 10 بجے تک (سائنس دان ۔ڈی) ڈاکٹر سی آر ماگیش کی ماہر رہنمائی میں منعقد ہوئی، جبکہ برڈ واک  پرندوں کے علم کےماہر ڈاکٹر پریتوش احمد کی رہنمائی میں منعقد کی گئی۔ اس پروگرام کو فطرت سے دلچسپی رکھنے والے افراد، طلبہ، جنگلی حیات کے فوٹوگرافروں، حیاتیاتی تنوع کے محققین، نیشنل زولوجیکل  پارک  کے انٹرنز اور رضاکاروں سمیت فطرت اور تحفظ میں دلچسپی رکھنے والے شہریوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ دونوں قدرتی سیر میں مجموعی طور پر 25 افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر نیشنل زولوجیکل  پارک کے ڈائریکٹر، چڑیا گھر کے افسران، انٹرنز، رضاکار اور ماہرینِ موضوع بھی موجود تھے، جنہوں نے پوری سرگرمی کے دوران شرکا کی رہنمائی اور معاونت کی۔

TREE WALK.jpg

ان قدرتی سیروں(واکس) کے دوران شرکا نے پرندوں کی 42 اقسام کا اندراج کیا اور 300 سے زائد پرندوں کا مشاہدہ کیا، جبکہ سیر کے علاقے میں درختوں کی 40 اقسام کی بھی شناخت کی گئی۔ برڈ واک کی ایک نمایاں خصوصیت 150 سے زائد پینٹڈ اسٹارکس کی موجودگی دیکھی گئی، جو اگست کے دوسرے ہفتے میں نیشنل زولوجیکل  پارک  پہنچے تھے اور اب تالاب کے اندر اور اطراف موجود درختوں پر گھونسلے بنانا شروع کر چکے ہیں۔ ان کی آمد اور گھونسلہ سازی چڑیا گھر کے آبی اور درختوں پر مشتمل مساکن کی ماحولیاتی اہمیت کی حوصلہ افزا علامت ہے۔ گھونسلہ سازی کی یہ سرگرمی زائرین، انٹرنز، رضاکاروں اور شہری سائنس دانوں کے لیے پرندوں کے قدرتی رویے اور افزائشِ نسل کے ماحولیاتی نظام کا مشاہدہ کرنے اور سمجھنے کا ایک اہم موقع بھی فراہم کرتی ہے۔

پروگرام کے دوران ڈاکٹر پریتوش نے ’رِنگو‘ نامی ایک نر پینٹڈ اسٹارک کے بارے میں دلچسپ معلومات بھی شیئر کیں، جسے گزشتہ چار برس سے اسی علاقے میں گھونسلہ بناتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔ چڑیا گھر کے انٹرنز اس پرندے کے مزید مشاہدے اور مطالعے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ٹری واک کے دوران شرکا کو پتوں کی ساخت، چھال کی خصوصیات، پھولوں، پھلوں اور درختوں کی چھتری (کینوپی)کی ساخت جیسی خصوصیات کی مدد سے درختوں کی شناخت کے عملی طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔ شرکا نے درختوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی اہم ماحولیاتی خدمات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں، جن میں کاربن کو جذب کرنا، ہوا کو صاف کرنا، درجۂ حرارت کو متوازن رکھنا، مٹی کا تحفظ اور مختلف اقسام کے نباتات و حیوانات کے لیے مسکن فراہم کرنا شامل ہیں۔

اس پروگرام نے شرکا کو اپنے مشاہدات کو منظم انداز میں درج کرنے کی ترغیب دی اور صحت مند شہری ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے میں درختوں کے اہم کردار کو گہرائی سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ اس کے علاوہ، شرکا کو چڑیا گھر کے احاطے میں درختوں اور پرندوں کے تنوع کا مشاہدہ اور اندراج کرنے کے ساتھ ساتھ سائنسی طریقوں سے مشاہدہ، انواع کی شناخت اور حیاتیاتی تنوع سے متعلق اعداد و شمار درج کرنے کے طریقے سیکھنے کا بھی موقع ملا۔

اس موقع پر قومی زولوجیکل پارک کے ڈائریکٹر نے کہا کہ درخت صحت مند ماحولیاتی نظام کی بنیاد ہیں، جو بے شمار انواع کو سہارا دینے کے ساتھ ساتھ بے حد اہم ماحولیاتی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’نیچر واکس @ این زیڈ پی‘ عوام میں بیداری بڑھانے، حیاتیاتی تنوع کی دستاویز بندی میں شہریوں کی شمولیت کو فروغ دینے اور شہری جنگلات و سرسبز علاقوں کے تحفظ کے لیے زیادہ ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

پروگرام کا اختتام شرکا کے ساتھ باہمی تبادلۂ خیال اور آرا کے اجلاس سے ہوا، جس کے بعد شرکا، ماہرین اور چڑیا گھر کے افسران نے اجتماعی تصویر بھی کھنچوائی۔ ہر اتوار ہونے والی قدرتی سیر میں بامعنی اور معیاری تعلیمی تجربہ یقینی بنانے کے لیے شرکا کی تعداد 20 سے 25 افراد تک محدود رکھی جاتی ہے۔

پیشگی رجسٹریشن لازمی ہے اور پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ دلچسپی رکھنے والے افراد مخصوص گوگل فارم کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، جو ہر ہفتے پیر سے جمعہ تک کھلا رہتا ہے۔ رجسٹریشن کا لنک قومی حیوانیاتی پارک، نئی دہلی کی سرکاری ویب سائٹ اور ’این زیڈ پی ساتھی‘ موبائل ایپ کے ذریعے دستیاب ہے۔

اگلی قدرتی سیر، یعنی ’سنڈے رینگنے والے جانور،پانی اور زمین دونوں پر رہنے والے جاندار اور مولس واک‘ اور ’سنڈے برڈ واک‘، 30 اگست 2026 بروز اتوار منعقد کی جائیں گی۔

 

****

ش ح۔ش ت۔ ش ا

U. NO.: 2503


(रिलीज़ आईडी: 2302605) आगंतुक पटल : 10
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी