عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
ڈی اے آر پی جی کے زیر اہتمام ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے حکومتی طریقۂ کار کی ازسرِ نو تشکیل کے موضوع پر 20واں قومی ای-گورننس ویبینار منعقد
قومی ای-گورننس ایوارڈ یافتہ اقدامات ’ایگری اسٹیک‘ اور ’ای-جاگرتی‘ نے زرعی نظم و نسق اور صارفین کے تنازعات کے حل میں ٹیکنالوجی پر مبنی تبدیلی کی کامیاب مثالیں پیش کیں
प्रविष्टि तिथि:
21 AUG 2026 4:38PM by PIB Delhi
انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمہ (ڈی اے آر پی جی) نے ’’ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے حکومتی طریقۂ کار کی ازسرِ نو تشکیل (مرکزی سطح)‘‘ کے موضوع پر 20ویں قومی ای-گورننس ویبینار کا انعقاد کیا۔ ویبینار کی صدارت ڈی اے آر پی جی کے جوائنٹ سکریٹری جناب اویناش کمار مشرا نے کی۔


ویبینار میں ای-گورننس کے قومی ایوارڈز 2026 کے مرکزی سطح کے اقدامات کے زمرے میں قومی ایوارڈ سے سرفراز دو اہم اقدامات وزارت زراعت و کسان بہبود کا ’ایگری اسٹیک‘ اور وزارت امور صارفین کا ’ای-جاگرتی‘ پیش کیے گئے۔ ان اقدامات نے اس امر کو نمایاں کیا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے حکومتی طریقۂ کار کی ازسر نو تشکیل سے کارکردگی، شفافیت اور خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں پر مرکوز خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر اور سہل بنایا جا سکتا ہے۔
مندرجہ ذیل ایوارڈ یافتہ اقدامات پیش کیے گئے:


- ایگری اسٹیک: وزارت زراعت و کسان بہبود کے محکمہ زراعت و کسان بہبود کے ایڈیشنل سکریٹری ڈاکٹر پرمود کمار مہردا نے سونے کے تمغے سے نوازے گئے ایگری اسٹیک انیشیٹو کو پیش کیا۔ ایگری اسٹیک ایک ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کی پہل ہے، جس کا مقصد ملک بھر میں زرعی نظم و نسق اور خدمات کی فراہمی کے نظام کو جدید بنانا ہے۔
ایگری اسٹیک تین بنیادی رجسٹریوں پر مشتمل ہے ۔ کسان رجسٹری، کاشت کی گئی فصلوں کی رجسٹری اور جغرافیائی حوالہ شدہ گاؤں کے نقشے۔ یہ رجسٹریاں تصدیق شدہ کسانوں کی شناخت، زمین کی ملکیت اور کاشت کی گئی فصلوں سے متعلق معلومات کے لیے ایک ڈیجیٹل بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ اس اقدام میں وفاقی طرز کا نظام اپنایا گیا ہے، جس کے تحت یہ رجسٹریاں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ذریعے تیار، ملکیتی طور پر زیر اختیار اور منظم کی جاتی ہیں، جبکہ قومی زرعی نظام کے مختلف اجزا کے درمیان باہمی مطابقت کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔
ڈیجیٹل فصل سروے 648 اضلاع کے 31.36 کروڑ پلاٹس میں جاری ہے، جبکہ 10 کروڑ سے زائد منفرد کسان شناختی کارڈ تیار کیے جا چکے ہیں اور 5.52 لاکھ جغرافیائی حوالہ شدہ گاؤں کے نقشے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ کسان شناختی کارڈز کو پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا، پردھان منتری ان داتا آئے سنرکشن ابھیان، مہا ڈی بی ٹی اور کم از کم امدادی قیمت پر خریداری سمیت اہم پروگراموں کے ساتھ بھی مربوط کیا جا رہا ہے۔
ایگری اسٹیک اس امر کی واضح مثال پیش کرتا ہے کہ ٹیکنالوجی پر مبنی طریقۂ کار کی ازسر نو تشکیل سے شفافیت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے، سرکاری اسکیموں کے فوائد کی تصدیق شدہ اور مؤثر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور بکھرے ہوئے اور دستی طریقۂ کار پر انحصار کو کم کیا جا سکتا ہے۔


- ای-جاگرتی: نیشنل انفارمیٹکس سینٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جناب جی۔ مائل متھو کمارن نے سلور ایوارڈ یافتہ ’ای-جاگرتی‘ انیشیٹو پیش کیا، جو اس امر کی عمدہ مثال ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم صارفین کے تنازعات کے حل کے نظام میں کس طرح مؤثر اور نمایاں تبدیلی لا سکتے ہیں۔
ای-جاگرتی قومی، ریاستی اور ضلعی صارفین کمیشنوں میں صارفین کے تنازعات کے حل کے لیے ایک مربوط قومی ڈیجیٹل نظام قائم کرتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم بکھرے ہوئے پرانے نظاموں کی جگہ ایک معیاری اور ابتدا سے اختتام تک مکمل ڈیجیٹل طریقۂ کار فراہم کرتا ہے، جس میں آن لائن درخواست دائر کرنے، ڈیجیٹل جانچ پڑتال، ادائیگی کے عمل، سماعتوں، احکامات اور مقدمات کے نمٹارے کے تمام مراحل شامل ہیں۔
یہ پلیٹ فارم ورچوئل اور ہائبرڈ سماعتوں، خودکار کاز لسٹ، حقیقی وقت میں اطلاعات، تجزیاتی ڈیش بورڈز اور موبائل ایپلی کیشن کی سہولت کو بھی مربوط کرتا ہے، جس کے ذریعے صارفین اور دیگر متعلقہ فریق صارفین کے تنازعات کے حل سے متعلق کارروائیوں تک ڈیجیٹل ذرائع سے رسائی حاصل کرنے اور انہیں منظم کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔
اس اقدام نے روایتی طور پر کاغذی اور وقت طلب طریقۂ کار کو ایک سہل اور مربوط ڈیجیٹل تجربے میں تبدیل کر دیا ہے، جس سے صارفین کو بار بار ذاتی طور پر دفاتر کے چکر لگانے اور دستی طریقۂ کار پر انحصار کرنے کی ضرورت کم ہوئی ہے، جبکہ صارفین کے تنازعات کے ازالے کے عمل میں شفافیت، رسائی اور کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے۔
ویبینار میں ملک بھر سے مرکزی وزارتوں، ریاستی حکومتوں، ضلعی اور مقامی اداروں، انتظامیہ اور انتظامی اصلاحات و عوامی شکایات کے محکمہ کے حکام سمیت تقریباً 1,200 سے زائد اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
ویبینار کے اختتام پر انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمہ کے ڈپٹی سکریٹری جناب ہری کے بھٹ نے اظہار تشکر پیش کیا۔ انہوں نے مقررین اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اور ریاستوں، اضلاع، مقامی اداروں اور مرکزی وزارتوں پر زور دیا کہ وہ پیش کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیں اور اپنے اپنے انتظامی شعبوں میں انہیں اپنانے اور مؤثر طور پر نافذ کرنے کے امکانات تلاش کریں۔
ویبینار نے اس امر کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کیا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے حکومتی طریقۂ کار کی ازسر نو تشکیل عوامی خدمات کی فراہمی میں مؤثر تبدیلی لانے اور مؤثر، شفاف، قابل رسائی اور شہری مرکز طرز حکمرانی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
***
ش ح۔ ش ت۔ م الف
U. No- 2434
(रिलीज़ आईडी: 2302036)
आगंतुक पटल : 10