وزارت خزانہ
ہندوستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان چنئی میں پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے نظام کی تجدید کاری کے لیے 230 ملین ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط
چنئی میں ماحولیاتی تبدیلی کے لحاظ سے مستحکم آبی تحفظ اور سیویج کا منصوبہ شہر کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مزید مضبوط بنانے، صحت عامہ اور معیارِ زندگی کو بہتر کرنے اور زیادہ مؤثر اور مالی طور پر پائیدار شہری آبی نظام کے قیام میں مدد کرے گا
یہ سرمایہ کاری حکومتِ ہند کی اٹل مشن برائے تجدید کاری و شہری کایا پلٹ 2.0 اور اربن چیلنج فنڈ کے تحت جاری اہم شہری ترقیاتی اقدامات کے موافق ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی اس تازہ سرمایہ کاری سے چنئی میں اس کے سابقہ منصوبوں کوآگے بڑھا کر محفوظ اور پانی کی سپلائی اور فضلات کے نظم کی خدمات تک مساوی رسائی کو مزید وسعت ملے گی
प्रविष्टि तिथि:
21 AUG 2026 1:59PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے آج چنئی میں پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور وسعت دینے کے لیے 230 ملین ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کیے۔
حکومتِ ہند کی جانب سے قرض کے حتمی معاہدے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ رابطہ کاری کاکام وزارتِ خزانہ کے محکمہ اقتصادی امور میں ایشیائی ترقیاتی بینک و جاپان کے مشترکہ سکریٹری جناب بلدیو پرشوارتھ کی رہنمائی میں کیا گیا۔
اس معاہدے کے مطابق، حکومتِ ہند کی جانب سے وزارتِ خزانہ کے محکمہ اقتصادی امور کے نائب سکریٹری جناب سوربھ سنگھ نے قرض سے متعلق دستاویزات پر دستخط کیے، جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ہندوستان میں اس کے مقامی مشن کی کنٹری ڈائریکٹر محترمہ میو اوکا نے دستخط کیے۔
چنئی میں ماحولیاتی تبدیلی کے لحاظ سے مستحکم آبی تحفظ اور سیویج کےمنصوبے سے پورے چنئی شہر میں محفوظ اور قابلِ اعتماد پانی کی فراہمی اور بہتر صفائی ستھرائی کی خدمات تک رسائی میں بہتری آئے گی۔ یہ منصوبہ شہر کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مزید مضبوط بنانے، عوامی صحت اور معیارِ زندگی کو بہتر کرنے اور زیادہ مؤثر اور مالی طور پر پائیدار شہری آبی نظام کے قیام میں بھی مدد کرے گا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی یہ تازہ سرمایہ کاری شہر میں پہلے مکمل کیے جانے والے منصوبوں کو آگے بڑھا کرمحفوظ اور مساوی پانی کی فراہمی اور فضلات کے نظم کی خدمات تک رسائی کو مزید وسعت دے گی۔ یہ حکومتِ ہند کے اہم شہری ترقیاتی اقدامات، جیسے اٹل مشن برائے تجدیدکاری و شہری کایا پلٹ 2.0 اور اربن چیلنج فنڈ، سے بھی ہم آہنگ ہے۔
اس منصوبے کے تحت 170 کلومیٹر سے زیادہ طویل پانی کی سپلائی کی پائپ لائن اور نکاسیٔ آب کی پائپ لائن تعمیر کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سات واٹر پمپنگ اسٹیشنوں اور 38 سیوریج پمپنگ اسٹیشنوں کی تجدید کاری ہوگی۔ کارکردگی پر مبنی معاہدوں کے ذریعے پانی کی فراہمی سے متعلق اثاثوں اور انتظامی امور کو بھی مضبوط کیا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں چنئی جامع رنگ مین حل نافذ کرنے والا ہندوستان کا پہلا شہر بن جائے گا۔ یہ ایک بند چکر پر مبنی پائپ لائن نظام ہے، جسے پانی کے دباؤ کو متوازن رکھنے اور متعلقہ سروس والے علاقوں میں پانی کو مؤثر طریقے سے پہنچانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس سے پانی کی فراہمی کے شہری نظام میں قابلِ اعتماد خدمات، مساوی رسائی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک بروقت نگرانی، اعداد و شمار پر مبنی فیصلہ سازی اور صارفین کی ضروریات پر بہتر ردِعمل کے ذریعے پانی اور صفائی ستھرائی کی خدمات کو ڈیجیٹل طور پر جدید بنانے میں مدد کرے گا۔ منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی، جس سے سیوریج لائنوں کے خطرناک دستی معائنے کا خاتمہ، رکاوٹوں کی تیز ی سے اور محفوظ شناخت، کارکنوں کے تحفظ میں بہتری اور گریٹر چنئی کے کم از کم دو علاقوں میں مستقبل کی سرمایہ کاری کے لیے پانی کی تقسیم کے نیٹ ورک کو تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
************
(ش ح ۔م ش ع ۔ت ا )
U. No. 2423
(रिलीज़ आईडी: 2301926)
आगंतुक पटल : 7