زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
بہار کے لیے 11.19 لاکھ پکے مکانات کی منظوری، 13,427 کروڑ روپے کی رقم مختص؛ غریب خاندانوں کے لیے نئی امید اور وقار کا باعث: جناب شیوراج سنگھ چوہان
’’وندے ماترم ملک کےلیےباعث فخر ‘‘: جناب شیوراج سنگھ چوہان نے قومی گیت کا صرف ایک حصہ گانے کے کانگریس کے فیصلے پر سخت تنقید کی
دو برسوں میں بہار کے لیے 24.30 لاکھ مکانات کی منظوری، 29,164 کروڑ روپے خرچ کیے گئے: جناب شیوراج سنگھ چوہان
پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا بہار میں نافذ کی جائے گی، فصلوں کے نقصان سے کسانوں کے تحفظ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا: جناب شیوراج سنگھ چوہان
شیوراج سنگھ چوہان نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے پر زور دیا؛ لکھ پتی دیدیوں اور اپنی مدد آپ گروپوں کی تیار کردہ مصنوعات کے لیے ’شی مارٹس‘فراہم کریں گے
بہار میں کسان شناختی کارڈ بنانے کے سلسلے میں نمایاں پیش رفت، 53.83 لاکھ کسان شناختی کارڈ تیار: جناب شیوراج سنگھ چوہان
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 AUG 2026 4:18PM by PIB Delhi
زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج پٹنہ میں ریاستی سطح کے پردھان منتری آواس یوجنا کے پروگرام میں بہار کے لیے متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے ریاست کے غریب خاندانوں کے لیے 11,18,937 پکے مکانات کی منظوری کے ساتھ 13,427 کروڑ روپے کی رقم مختص کرنے کا اعلان کیا۔ بہار کے وزیر اعلیٰ جناب سمراٹ چودھری اور ریاستی حکومت کے سینئر وزرا کی موجودگی میں منعقدہ اس پروگرام میں جناب چوہان نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے جامع ترقی کے وژن کے مطابق ریاست کے کسانوں، خواتین اور دیہی آبادی کے لیے بھی کئی اہم اعلانات کیے۔

وندے ماترم ملک کےلیےباعث فخر‘‘: جناب شیوراج سنگھ چوہان
کانگریس پارٹی پر زور دار سیاسی حملہ کرتے ہوئے جناب چوہان نے کہا کہ وندے ماترم کا صرف ایک حصہ گانے کا فیصلہ ملک کے جذبات اور قومی گیت کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وندے ماترم کسی مخصوص سیاسی جماعت سے وابستہ معاملہ نہیں بلکہ بھارت ماتا کے احترام کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گیت ہندوستان کی آزادی کی تحریک کے دوران تحریک و حوصلے کا وسیلہ رہا ہے اور اسے مکمل گانا ہر ہندوستانی کا فرض ہے۔ جناب چوہان نے کانگریس پر ووٹ بینک کی سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں سیاسی مفادات کے حصول کے لیے ہندوستان کے اتحاد، ثقافت اور قومی شناخت سے وابستہ علامتوں کو مسخ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وندے ماترم مکمل طور پر گایا جانا چاہیے اور قومی فخر سے وابستہ اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
بہار کے لیے 11.18 لاکھ پکے مکانات کی منظوری
بہار کے لیے ایک بڑے رہائشی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے جناب چوہان نے کہا کہ ریاست کے غریب خاندانوں کے لیے 11,18,937 پکے مکانات کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے لیے 13,427 کروڑ روپے کی رقم بھی مختص کی گئی ہے اور منظوری کاخط وزیر اعلیٰ کے حوالے کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام محض مکانات کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ غریب خاندانوں کو وقار، تحفظ اور بہتر معیار زندگی فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ جناب چوہان نے کہاکہ پکا مکان صرف اینٹ اور سیمنٹ سے بنی ایک عمارت نہیں ہوتا، بلکہ یہ پورے خاندان کی عزت اور خود اعتمادی کی علامت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مکان خاندانوں کو سردی، گرمی، بارش اور طوفان کی سختیوں سے محفوظ رکھتا ہے اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا ہر غریب خاندان کو پکا مکان فراہم کرنے کا عزم اب بہار میں بڑے پیمانے پر حقیقت کی شکل اختیار کر رہا ہے۔

دو برسوں میں 24 لاکھ سے زائد مکانات منظور
گزشتہ دو برسوں میں ہونے والی پیش رفت کا ذکرکرتے ہوئے جناب چوہان نے کہا کہ بہار کے لیے اب تک 24,30,327 مکانات منظور کیے جا چکے ہیں، جن کی تعمیر پر مجموعی طور پر 29,164 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت محض اعلانات نہیں کر رہی بلکہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ترقیاتی فوائد زمینی سطح پر مستحقین تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں سرکاری اسکیموں کے تحت مختص رقوم زیادہ شفافیت کے ساتھ مستحقین کے کھاتوں میں منتقل کی جا رہی ہیں۔ جناب چوہان نے سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے غریبوں کے لیے مختص پوری رقم ہمیشہ ان تک نہیں پہنچ پاتی تھی، جبکہ موجودہ نظام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ایک ایک روپیہ مستحق افراد تک پہنچے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فوائد غریب خاندانوں کا جائز حق ہیں، کوئی خیرات یا احسان نہیں۔ انہوں نے بہار میں رہائشی پروگرام کے نفاذ میں تیزی لانے کا سہرا مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان بہتر تال میل کو بھی دیا۔

بہار کے کسانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیےفصل بیمہ
جناب چوہان نے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی، جسے اب بہار میں نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم کسانوں کو سیلاب، خشک سالی، ضرورت سے زیادہ بارش اور دیگر قدرتی آفات کے باعث فصلوں کو ہونے والے نقصان سے تحفظ فراہم کرے گی۔ فصلوں کو نقصان پہنچنے کی صورت میں اہل کسانوں کو معاوضہ دیا جائے گا، جس سے کاشت کاری سے وابستہ غیر یقینی صورتحال میں کمی آئے گی۔ جناب چوہان نے کہا کہ کسان ملک کی غذائی سلامتی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور انہیں قدرتی خطرات سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بہار حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے فصل بیمہ کے نفاذ کو کسانوں کے مفاد میں ایک اہم اور دور رس قدم قرار دیا۔

زراعت اور دیہی روزگار میں استحکام
زراعت کے مرکزی وزیرنے کہا کہ بہار میں زراعت محض ایک معاشی سرگرمی نہیں بلکہ لاکھوں خاندانوں کے روزگار کی بنیاد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسانوں کو قدرتی خطرات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت مل کر زراعت کو زیادہ منافع بخش اور قدرتی خطرات کے مقابلے میں زیادہ بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فصل بیمہ کے ساتھ ساتھ زرعی پیداوار کی سرکاری خرید، معاونتی نظام اور ٹیکنالوجی تک رسائی کو بھی مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔جناب چوہان نے کہا’’اگر کسان مضبوط ہوگا تو گاؤں مضبوط ہوگا، اور اگر گاؤں مضبوط ہوگا تو بہار مضبوط ہوگا۔‘‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زرعی پالیسیوں کے فوائد زمینی سطح پر واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق سے باخبر رہیں اور فصل بیمہ اسکیم کے تحت دستیاب فوائد سے بروقت استفادہ حاصل کریں۔
مزید خواتین کو لکھ پتی دیدی بنانے پر توجہ مرکوز
جناب چوہان نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے پر بھی خصوصی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں لاکھوں خواتین اپنی مدد آپ گروپوں کے ذریعے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں اور ان میں سے بڑی تعداد پہلے ہی لکھ پتی دیدی بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی آمدنی میں اضافہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی مدد آپ گروپ پر مبنی کاروباری سرگرمیوں اور بینکاری و مالی خدمات تک رسائی کے ذریعے دیہی خواتین کاروباری شخصیت کے طور پر ابھر رہی ہیں اور اپنے اور اپنے خاندانوں کے لیے آمدنی کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نےکہاکہ یہ تبدیلی محض معاشی نہیں بلکہ سماجی بھی ہے۔ جب خواتین مالی طور پر مضبوط ہوتی ہیں تو پورے خاندان کی معاشی اور سماجی حالت میں بہتری آتی ہے۔ انہوں نے لکھ پتی دیدی پہل کو دیہی ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے درمیان ایک اہم کڑی قرار دیا۔

خواتین کاروباری کی معاونت کے لیے ضلعی سطح پر بازار کا قیام
جناب چوہان نے زور دیا کہ خواتین کے گروپوں کی جانب سے پیداوار بڑھانا ہی کافی نہیں، بلکہ ان کی تیار کردہ مصنوعات کے لیے مناسب بازار تک رسائی بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ’شی مارٹس‘ قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی، جہاں جیوکا دیدیوں اور خواتین کے اپنی مدد آپ گروپوں کو اپنی مصنوعات فروخت کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کو صرف پیداوار کے شعبے میں ہی نہیں بلکہ مصنوعات کی تیاری، پیکیجنگ اور مارکیٹنگ کے میدان میں بھی معاونت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ گاؤں میں تیار ہونے والی مصنوعات اسی وقت کامیاب ہو سکتی ہیں، جب ان کے لیے مناسب بازار موجود ہو۔‘ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ بازار سے مربوط کرنے والے ایسے اقدامات سے خواتین کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوگا، ان کی معاشی خود انحصاری مضبوط ہوگی اور دیہی معیشت کو ایک نئی سمت ملے گی۔
کسان شناختی کارڈ بنانے میں پیش رفت پر بہار کی ستائش
مرکزی وزیر نے کسان شناختی کارڈ بنانے کے سلسلے میں بہار کی پیش رفت کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں اب تک 53,83,000 کسان شناختی کارڈ بنائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان شناختی کارڈ سے اہل کسانوں تک سرکاری اسکیموں کے فوائد براہِ راست اور تیزی سے پہنچانے میں آسانی ہوگی، جبکہ شفافیت میں بھی اضافہ ہوگا اور مستحقین کی شناخت کا عمل آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل کسان شناخت سے سرکاری خدمات زیادہ مؤثر ہوں گی اور کسان کے اندراج سے لے کر فوائد کی فراہمی تک کا پورا عمل زیادہ منظم ہو جائے گا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ باقی کسانوں کا اندراج بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
سڑکیں، مکانات اور زراعت: دیہی ترقی کے تین بنیادی ستون
جناب چوہان نے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا اور دیہی رابطے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی معیارزندگی کو بہتر بنانے کے لیے سڑکیں، مکانات اور زراعت تین بنیادی ضروریات ہیں۔ بہتر سڑکیں دیہات کو بازاروں اور خدمات سے جوڑیں گی، پکے مکانات خاندانوں کو تحفظ فراہم کریں گے اور مضبوط زراعت دیہی آمدنی میں اضافے میں مدد فراہم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور بہار کی حکومت مل کر ریاست کے دیہات میں تبدیل لانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں کہ بہار اپنے ماضی کے ترقیاتی چیلنجوں سے آگے بڑھ کر ملک کی ترقی کی داستان کا ایک اہم حصہ بنے۔ جناب چوہان نے وزیر اعلیٰ جناب سمراٹ چودھری کی قیادت میں ریاستی حکومت کی کوششوں کی بھی ستائش کی اور کہا کہ بہار کی ترقی کے لیے مرکز اور ریاست کے درمیان بہتر اور مضبوط تال میل ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایک بار اس عزم کا اعادہ کیاکہ حکومت ترقی کے ہر محاذ پر بہار کو آگے لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔
اس پروگرام میں بڑی تعداد میں خواتین، مستحقین، عوامی نمائندوں اور افسران نے شرکت کی۔ نائب وزیر اعلیٰ جناب وجے کمار چودھری، زراعت کے وزیر جناب وجے کمار سنہا، دیہی ترقی کے وزیر جناب شرون کمار، محصولات و تعمیرِ نو کے وزیر جناب ونود کمار جیسوال، امداد باہمی کے وزیر جناب رام کرپال یادو، وزیر جناب سنیل کمار، دیہی امور کی وزیر محترمہ ساویتا گپتا، سماجی بہبود کے وزیر اور کئی دیگر عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔
***
ش ح۔م ع ن۔ م ش
U- 2410
(ریلیز آئی ڈی: 2301855)
وزیٹر کاؤنٹر : 26