صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
مرکزی وزارتِ صحت نے صحت و خاندانی بہبود کے محکمےکے مشن کرم یوگی ترقیاتی افسران کے لیے مشن کرم یوگی سے متعلق قومی کانفرنس کا آغاز کیا
مشن کرم یوگی کے تحت صلاحیت سازی میں درست طرزِ فکر، جواب دہی اور شہری مرکزیت کو فروغ دینا ضروری ہے: ڈاکٹر الکا متل، رکن، صلاحیت سازی کمیشن
مشن کرم یوگی سرکاری خدمات کی ترقی کو عہدے کی نوعیت اور اہلیت پر مبنی بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے: ڈائریکٹر (تربیت)، وزارتِ صحت و خاندانی بہبود
آئی جی او ٹی کرم یوگی دنیا کا سب سے بڑا صلاحیت سازی کا پلیٹ فارم بن کر ابھرا ہے، جو سرکاری افسران کے لیے مسلسل سیکھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے: چیف آپریٹنگ آفیسر، مشن کرم یوگی بھارت
اس کانفرنس میں آئی جی او ٹی کرم یوگی، صلاحیت سازی یونٹس، راشٹریہ کرم یوگی پروگرام اور صحت و خاندانی بہبود کے محکمے میں مشن کرم یوگی کے نفاذ سے متعلق تکنیکی اجلاس بھی منعقد ہوئے
प्रविष्टि तिथि:
20 AUG 2026 3:04PM by PIB Delhi
صحت و خاندانی بہبودکی مرکزی وزارت نے صحت و خاندانی بہبود کےقومی ادارہ، صلاحیت سازی کمیشن اور کرم یوگی بھارت کے اشتراک سے آج نئی دہلی میں واقع صحت و خاندانی بہبود کےقومی ادارہ میں صحت و خاندانی بہبود کے محکمےکے مشن کرم یوگی ترقیاتی افسران کے لیے مشن کرم یوگی پر دو روزہ قومی کانفرنس کا آغاز کیا۔ یہ کانفرنس 20 اور 21 اگست 2026 کو منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ادارہ جاتی صلاحیت سازی کے نظام کو مضبوط بنانا اور صحت کے شعبے میں صلاحیت سازی کے اقدامات کی مؤثریت میں اضافہ کرنا ہے۔
اس کانفرنس کا مقصد مشن کرم یوگی کے تحت صلاحیت سازی کے اقدامات کی مؤثر منصوبہ بندی، نفاذ اور تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مشن کرم یوگی ترقیاتی افسران کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ کانفرنس صحت و خاندانی بہبود کےمحکمےمیں صلاحیت سازی سے وابستہ مشن کرم یوگی ترقیاتی افسران اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون، باہمی سیکھنے اور معلومات کے تبادلے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔

پہلے روز کی گفتگو میں صلاحیت سازی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے، تعلیمی اقدامات کو ادارہ جاتی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور اہلیت پر مبنی پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اجلاسوں کے دوران شریک مشن کرم یوگی ترقیاتی افسران کو صلاحیت سازی کے اقدامات کے نفاذ سے متعلق اپنے تجربات، بہترین طریقۂ کار اور حاصل شدہ معلومات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے کا موقع بھی ملا۔

کانفرنس کے پس منظر کو واضح کرتے ہوئے صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کے ڈائریکٹر (تربیت) جناب راکیش کمار نے کہا کہ مشن کرم یوگی سرکاری خدمات کی ترقی کے روایتی قواعد پر مبنی طریقۂ کار سے ہٹ کر عہدے کی ذمہ داریوں، اہلیت اور صلاحیت سازی پر مبنی نقطۂ نظر کی جانب ایک اہم تبدیلی کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ مشن کرم یوگی ترقیاتی افسران کا کردار اس وژن کو نمایاں ادارہ جاتی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔ اس کے لیے انہیں صلاحیت سازی کی ضروریات کی نشاندہی، مناسب تربیتی اقدامات کو یقینی بنانے اور اپنے متعلقہ اداروں میں مسلسل پیشہ ورانہ ترقی کی ثقافت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
مشن کے تحت ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب راکیش کمار نے بتایا کہ وزارت میں اب تک 21,927 کورسز میں داخلے اور 17,660 کورسز کی تکمیل ریکارڈ کی گئی ہے، جو منظم اور ٹیکنالوجی پر مبنی سیکھنے کے طریقۂ کار کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صلاحیت سازی کا مقصد محض کورسز مکمل کرنے تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ اس کا دائرہ صلاحیتوں میں اضافے، کام کی جگہ پر کارکردگی بہتر بنانے اور ادارہ جاتی امور اور عوامی خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری پیدا کرنے تک وسیع ہونا چاہیے۔ انہوں نے مشن کرم یوگی ترقیاتی افسران پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے میں فعال کردار ادا کریں کہ مشن کرم یوگی کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات اور مہارتیں صحت کے نظام میں بہتر کارکردگی اور مؤثر نتائج میں تبدیل ہوں۔
مشن کرم یوگی کے جامع نقطۂ نظر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کرم یوگی بھارت کے چیف آپریٹنگ آفیسر جناب راکیش ورما نے سرکاری افسران اور عوامی سطح پر خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں ٹیکنالوجی پر مبنی صلاحیت سازی کے تبدیلی لانے والے کردار کو اجاگر کیا۔
کووڈ-19 وبا کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے جناب ورما نے بتایا کہ صحت و خاندانی بہبود کی وزارت اور اس سے وابستہ مختلف اداروں کے تقریباً 11 لاکھ اہلکاروں، جن میں ڈاکٹر اور نرسیں بھی شامل تھیں، کو کووڈ-19 سے نمٹنے کے مختلف پہلوؤں، بشمول انتہائی نگہداشت کے یونٹس اور دیگر اہم شعبوں کے انتظام سے متعلق تربیت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس تجربے سے یہ ثابت ہوا کہ صحتِ عامہ کی ہنگامی صورتِ حال کے دوران ٹیکنالوجی پر مبنی پلیٹ فارم کے ذریعے صلاحیت سازی کو تیزی سے وسیع کرنا انتہائی اہم ہے۔

آئی جی او ٹی کرم یوگی پلیٹ فارم کی توسیع کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا صلاحیت سازی کا پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو سرکاری افسران کے لیے مسلسل سیکھنے اور پیشہ ورانہ ترقی کا ٹیکنالوجی پر مبنی نظام فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے پلیٹ فارم میں بڑھتی ہوئی بین الاقوامی دلچسپی کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ بھارت نے ماریشس کے ساتھ مفاہمت کی عرضداشت پر دستخط کیے ہیں، جبکہ لاطینی امریکا اور سارک کے کئی ممالک کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے اور صلاحیت سازی کے شعبے میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔
جناب ورما نے مزید بتایا کہ لال بہادر شاستری قومی اکیڈمی برائے انتظامیہ میں تربیت حاصل کرنے والے سرکاری افسران بھی آئی جی او ٹی پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف کورسز کر رہے ہیں، جو ادارہ جاتی تربیت کے ساتھ ڈیجیٹل تعلیم سے بڑھتی ہوئی ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔
مستقبل کی ترجیحات کے حوالے سے انہوں نے زور دیا کہ اگلا اہم قدم صحت کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے تمام اہلکاروں کو آئی جی او ٹی پلیٹ فارم پر شامل کرنا اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، خصوصاً مصنوعی ذہانت، سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تعلیم و تربیت کو مزید قابلِ رسائی، متعلقہ اور ہر فرد کی ضروریات کے مطابق بنانا ہونا چاہیے۔ انہوں نے مختلف زبانوں میں کورسز تیار کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ مختلف علاقوں اور لسانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں کو صلاحیت سازی کے مواقع ملنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی او ٹی کے مسلسل فروغ کے ساتھ مصنوعی ذہانت، کثیر لسانی مواد اور عوامی سطح پر خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کی وسیع پیمانے پر شمولیت صلاحیت سازی کے نظام کو نمایاں طور پر مضبوط بنا سکتی ہے اور زیادہ ماہر، مستعد اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ عوامی صحت کے شعبے کی افرادی قوت کی تشکیل میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
کلیدی خطاب کرتے ہوئے صلاحیت سازی کمیشن کی رکن ڈاکٹر الکا متل نے کہا کہ صحت و خاندانی بہبود کےقومی ادارہ کے تعاون سے صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے منعقد کی جانے والی یہ کانفرنس ایک قابلِ ستائش اور اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشن کرم یوگی ترقیاتی افسران صلاحیت سازی کے اقدامات کو عملی شکل دینے اور بالآخر نچلی سطح پر شہریوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
صلاحیت سازی کمیشن کے قیام کے وقت مقرر کیے گئے مقاصد کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر متل نے تین اہم ترجیحات پر زور دیا: مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے تقریباً 3.3 کروڑ افسران، اہلکاروں اور سرکاری ملازمین کی کارکردگی بہتر بنانا، ان میں جواب دہی کے احساس کو مزید مضبوط کرنا اور عوامی خدمات کی فراہمی میں شہری مرکزیت کی مضبوط ثقافت کو فروغ دینا۔

انہوں نے حکومت کے وسیع افرادی قوت کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم اور صلاحیت سازی کے مواقع فراہم کرنے میں آئی جی او ٹی کرم یوگی پلیٹ فارم کے اہم اور تبدیلی لانے والے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کرم یوگی کی ٹیم سرکاری افسران کے لیے آسان، مسلسل اور اہلیت پر مبنی تعلیم و تربیت کو یقینی بنانے کے مقصد سے پلیٹ فارم کو مسلسل وسعت دینے اور مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
ڈاکٹر متل نے مزید کہا کہ وزیر اعظم متعدد مواقع پر عزم کے ذریعے حقیقی ’کرم یوگی‘ بننے کی اہمیت پر زور دے چکے ہیں، جس میں سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران عہد، ذمہ داری اور شہری مرکزیت پر مبنی نقطۂ نظر کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشن کرم یوگی کے تحت صلاحیت سازی کا مقصد محض مہارتیں حاصل کرنا نہیں، بلکہ درست طرزِ فکر اور مؤثر و مستعد عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے عزم کو فروغ دینا بھی ہے۔
افتتاحی اجلاس کے بعد کانفرنس میں آئی جی او ٹی کرم یوگی پلیٹ فارم پر عملی تربیتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سطحوں پر مشن کرم یوگی ترقیاتی افسران کے کردار اور ذمہ داریوں کی وضاحت پر توجہ دی گئی۔ اس کے بعد صلاحیت سازی یونٹس کے کردار، راشٹریہ کرم یوگی پروگرام اور کرم یوگی پروگرام کے نفاذ، نیز صحت و خاندانی بہبود کے محکمے میں مشن کرم یوگی کے نفاذ سے متعلق تکنیکی اجلاس منعقد ہوئے۔
پہلے روز گروپ مباحثے بھی منعقد کیے گئے، جن میں ملازمین کو مسلسل صلاحیت سازی کے لیے ترغیب دینے، ادارہ جاتی رکاوٹوں کو دور کرنے، صحت کے شعبے سے متعلق خصوصی کورسز تیار کرنے، سرکاری درجہ بندی کے نظام میں صحت و خاندانی بہبود کے محکمے کی کارکردگی بہتر بنانے اور محض کورس مکمل کرنے کے بجائے مشن کرم یوگی کے شہریوں پر مرتب ہونے والے اثرات کی پیمائش جیسے موضوعات پر غور و خوض کیا گیا۔

یہ کانفرنس مشن کرم یوگی یعنی سول سروسز کی صلاحیت سازی کے قومی پروگرام کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد اہلیت پر مبنی صلاحیت سازی اور مسلسل سیکھنے کے ذریعے پیشہ ور، شہری مرکزیت کے حامل اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ سرکاری نظام تشکیل دینا ہے۔
اس کانفرنس میں ملک بھر سے مشن کرم یوگی ترقیاتی افسران، صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین، ماہرینِ تعلیم اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی۔
*****
(ش ح ۔ ک ح۔ م ذ)
U.No: 2368
(रिलीज़ आईडी: 2301557)
आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें:
हिन्दी