سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
حکومت نے درج فہرست ذاتوں اور قبائلی طلبہ کے لیے رہائشی تعلیم اور ہاسٹل کی سہولیات کو مزید مضبوط کیا ہے
پی ایم-اے جے اے وائی کے تحت حیدرآباد میں درج فہرست ذاتوں کے طلبہ کے لیے 500 نشستوں پر مشتمل دو ہاسٹل کو منظوری دی گئی
تلنگانہ میں تمام 23 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول فعال ہیں، جن سے 10,199 طلبہ مستفید ہو رہے ہیں
प्रविष्टि तिथि:
19 AUG 2026 6:10PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند مختلف مرکزی شعبے کی اسکیموں اور مرکز کے زیرِ سرپرستی چلنے والی اسکیموں کے ذریعے درج فہرست ذاتوں اور قبائلی برادریوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے معیاری رہائشی تعلیم اور ہاسٹل کی سہولیات تک رسائی کو مسلسل مضبوط بنا رہی ہے۔
پردھان منتری انوسوچت جاتی ابھیودے یوجنا (پی ایم-اے جے اے وائی) کے ہاسٹل جزو کے تحت درج فہرست ذاتوں کے طلبہ کے لیے نئے ہاسٹل تعمیر کرنے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ منصوبوں کی منظوری ضرورت کے جائزے سے متعلق سروے اور ریاستی حکومتوں، مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی انتظامیہ اور مرکزی یونیورسٹیوں سے موصول ہونے والی سفارشات کی بنیاد پر دی جاتی ہے۔
گزشتہ پانچ برسوں کے دوران تلنگانہ کے حیدرآباد میں درج فہرست ذاتوں کے طلبہ کے لیے دو ہاسٹل منظور کیے گئے ہیں، جن میں ایک لڑکوں اور دوسرا لڑکیوں کے لیے ہے۔ ان دونوں ہاسٹلوں میں مجموعی طور پر 500 نشستوں کی گنجائش ہے اور ان کی تعمیر کے لیے 7.50 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
موجودہ پردھان منتری انوسوچت جاتی ابھیودے یوجنا (پی ایم-اے جے اے وائی) رہنما خطوط کے تحت نئے ہاسٹلوں کی تعمیر کے لیے نئی تجاویز پر غور کیا جاتا ہے، جبکہ موجودہ درج فہرست ذاتوں کے ہاسٹلوں کی بہتری یا توسیع کے لیے کوئی انتظام موجود نہیں ہے۔ تاہم، اسکیم کے تحت منظور شدہ اور فعال ہاسٹلوں کی مرمت کے لیے انہیں فعال کیے جانے کے بعد ہر پانچ سال میں ایک مرتبہ عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کو مرکزی مالی معاونت فراہم کی جا سکتی ہے۔
حکومت ہونہار درج فہرست ذاتوں کے طلبہ کو معیاری رہائشی تعلیم فراہم کرنے کے لیے ’’مخصوص علاقوں میں ہائی اسکولوں کے طلبہ کے لیے رہائشی تعلیم کی اسکیم‘‘ (ایس ایچ آر ای ایس ایچ ٹی اے) بھی نافذ کر رہی ہے۔ یہ اسکیم دو طریقوں کے تحت چلائی جاتی ہے۔پہلے طریقے کے تحت ثانوی تعلیم کی مرکزی بورڈ (سی بی ایس ای)یا ریاستی تعلیمی بورڈز سے منسلک نجی رہائشی اسکولوں کی فیس کی واپسی کی جاتی ہے۔ دوسرے طریقے کے تحت غیر سرکاری تنظیموں اور رضاکارانہ تنظیموں کو درج فہرست ذاتوں کے طلبہ کے لیے رہائشی اور غیر رہائشی اسکولوں اور ہاسٹلوں کے انتظام کے لیے مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔
قبائلی طلبہ کے لیے قبائلی امور کی وزارت ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں (ای ایم آر ایس) کی مرکزی شعبے کی اسکیم نافذ کر رہی ہے۔ ان اسکولوں میں قبائلی لڑکوں اور لڑکیوں کو معیاری رہائشی تعلیم فراہم کی جاتی ہے اور یہ اسکول ان مستحق قبائلی اکثریتی بلاکس میں قائم کیے جاتے ہیں جو مقررہ معیار پر پورا اترتے ہیں۔
ملک بھر میں مجموعی طور پر 728 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کی منظوری دی گئی ہے، جن میں سے 508 فعال ہیں۔ تلنگانہ میں منظور شدہ تمام 23 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول فعال ہیں، جہاں تعلیمی سال 2025-26 کے دوران 10,199 طلبہ نے داخلہ لیا ہے۔
مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ (سی بی ایس ای) سے منسلک ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں نے 26-2025 کے دوران اسکول کوالٹی اسیسمنٹ اینڈ ایشورنس فریم ورک کے تحت خود جائزہ مکمل کیا ہے۔ اس فریم ورک کے تحت اسکولوں کی سات شعبوں میں کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہےجس میں: نصاب، تدریس اور تشخیص؛ بنیادی ڈھانچہ؛ انسانی وسائل؛ جامع اور مساوی تعلیمی طریقے؛ انتظام و حکمرانی؛ قیادت؛ اور مستفید ہونے والوں کا اطمینان شامل ہیں۔
پی ایم-اے جے اے وائی کے نفاذ کی نگرانی قومی اور علاقائی کانفرنسوں، چنتن شِوِروں، ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے ساتھ ماہانہ جائزوں، اور مرکزی، ریاستی اور ضلعی سطح پر قائم مخصوص کمیٹیوں کے ذریعے کی جاتی ہے۔
ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کے کام کاج کی نگرانی نیشنل ایجوکیشن سوسائٹی فار ٹرائبل اسٹوڈنٹس، ریاستی ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول سوسائٹیز اور ضلعی سطح کی ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول کمیٹیوں کے ذریعے کی جاتی ہے۔ انتظامی امور، جواب دہی اور فنڈکی بروقت دستیابی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مرکزی سطح پر بھرتی، عملی رہنما خطوط، استعداد سازی کے پروگرام اور اسکولوں کو بار بار ہونے والے اخراجات کے لیے مالی امداد براہِ راست جاری کرنے کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔
ان اقدامات کے ذریعے حکومت تعلیمی مواقع کو وسعت دینے، رہائشی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور پسماندہ برادریوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو معاون ماحول میں معیاری تعلیم حاصل کرنے کے قابل بنانے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔
******
ش ح۔م م ع۔اش ق
U. No. 2331
(रिलीज़ आईडी: 2301302)
आगंतुक पटल : 8