ارضیاتی سائنس کی وزارت
پارلیمانی سوال: مصنوعی ذہانت پر مبنی پیشگی انتباہی نظام
प्रविष्टि तिथि:
12 AUG 2026 12:40PM by PIB Delhi
حکومت ملک بھر میں شدید موسمی واقعات کی پیش گوئی اور ان کے لیے پیشگی انتباہی خدمات کی درستگی اور بروقت فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی)، مشین لرننگ (ایم ایل) اور بگ ڈیٹا جیسی ٹیکنالوجیوں سے فعال طور پر استفادہ کر رہی ہے۔وزارتِ ارضیاتی علوم کے تحت نیشنل سینٹر فار میڈیم رینج ویدر فورکاسٹنگ (این سی ایم آر ڈبلیو ایف) مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ پر مبنی پیش گوئی کی رہنمائی کو عملی ڈیٹا کے انضمام، مربوط ارضیاتی نظام کی ماڈلنگ، اجتماعی پیش گوئی کے نظام، اعلیٰ کارکردگی کی کمپیوٹنگ اور روایتی عددی موسمی پیش گوئی کے ماڈلز کے ساتھ مربوط کر رہا ہے۔ان مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ نظاموں کے ذریعے تیار کردہ پیش گوئی کی رہنمائی کو محکمۂ موسمیاتِ ہند مختلف مقامی اور زمانی پیمانوں پر موسم کی مختلف شدتوں کی پیش گوئی کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ سے حاصل کردہ ڈیٹا مصنوعات کو ملک میں تیار کیے گئے جغرافیائی معلوماتی نظام (جی آئی ایس) پر مبنی کثیر خطراتی پیشگی انتباہی فیصلہ جاتی معاونتی نظام میں بھی شامل کر دیا گیا ہے۔
مصنوعی ذہانت پر مبنی اہم اقدامات میں شامل ہیں:
- بھارتی محکمۂ موسمیات میں ایک مخصوص فعال گروپ کا قیام، تاکہ موسم، آب و ہوا اور شدید موسمی حالات کی پیش گوئی میں مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کے استعمال سے متعلق تحقیق و ترقی کو مضبوط بنایا جا سکے۔
- دلی-این سی آر خطے کے لیے گہرائی سے سیکھنے پر مبنی ایک ماڈل (میٹیو جی اے این)کی تیاری، جسے زمینی مشاہدات اور اسٹیشن ڈیٹا کے ساتھ آب و ہوا کے خطرات سے متعلق گروپ کی انفراریڈ بارش کے ڈیٹا (سی ایچ آئی آر پی ایس) کا استعمال کرتے ہوئے 300 میٹر کی مقامی ریزولوشن پر بارش کی تفصیلی پیش گوئی کے لیے کامیابی سے آزمایا گیا ہے۔
- یورپی مرکز برائے متوسط مدتی موسمی پیش گوئی کے دوبارہ تجزیاتی ورژن 5 کے ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت پر مبنی متوسط مدتی موسمی پیش گوئی کا ماڈل تیار کیا گیا ہے، جو سات دن تک کی روزانہ موسمی پیش گوئیاں تیار کرتا ہے۔
- موسم اور آب و ہوا سے متعلق خدمات میں مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ممتاز تعلیمی اداروں اور تحقیق و ترقی کی تنظیموں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں کے ذریعے مشترکہ تحقیق کی جا رہی ہے۔ ان اداروں میں آئی آئی ٹی کھڑگ پور، آئی آئی آئی ٹی الٰہ آباد، آئی آئی آئی ٹی وڈودرا، اشوکا یونیورسٹی، گوگل ایشیا پیسیفک لمیٹڈ اور بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ (بی ای ایل) شامل ہیں۔
- خصوصی مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ تربیتی پروگراموں، ورکشاپس اور سائنس دانوں کو جدید تربیت کے لیے نامزد کرنے کے ذریعے ؟صلاحیت سازی میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
- 2024 سے بھارتی محکمۂ موسمیات کے افسران کے لیے مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کے بنیادی اصولوں پر سالانہ تجدیدی تربیتی کورسز منعقد کیے جا رہے ہیں۔
- پونے میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹراپیکل میٹرولوجی (آئی آئی ٹی ایم) میں ایک ورچوئل مرکز قائم کیا گیا ہے، جہاں موسم اور آب و ہوا سے متعلق خدمات کے لیے مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور گہرائی سے سیکھنے پر مبنی ایپلی کیشنز تیار کی جا رہی ہیں۔
مشن موسم کے تحت مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور ڈیٹا پر مبنی طریقۂ کار آئندہ سلسلے کی موسمی پیش گوئی کے اہم ستونوں میں شامل ہیں۔ مصنوعی ذہانت کو روایتی عددی موسمی پیش گوئی کے نظام کی تکمیل کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے پیش گوئی تیار کرنے کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے، پیش گوئی کی درستگی میں اضافہ کیا جا رہا ہے، مستقل نوعیت کی خامیوں کو کم کیا جا رہا ہے، شدید موسمی واقعات کے لیے احتمالی پیش گوئی فراہم کی جا رہی ہے، اعلیٰ ریزولوشن پر تفصیلی پیش گوئیاں تیار کی جا رہی ہیں اور پیشگی انتباہی خدمات کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
مصنوعی ذہانت پر مبنی اہم پیش رفت میں شامل ہیں:
- بھارت فورکاسٹ سسٹم (بی ایف ایس) کے ذریعے تیار کردہ بارش کی پیش گوئی میں موجود امتیاز کی اصلاح کے لیے کنوولوشنل نیورل نیٹ ورک (سی این این) پر مبنی ماڈل تیار کیا گیا ہے۔
- آسمانی بجلی کی پیش گوئی کو بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کی تکنیکوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
- جنریٹو اے آئی اور بڑے لسانی ماڈلز (ایل ایل ایمز) کا استعمال کرتے ہوئے ’’موسم وانی‘‘ ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے، جو علاقائی زبانوں میں موسم سے متعلق فیصلہ سازی کے لیے معاونت فراہم کرتی ہے۔
- کسانوں کو مقامی سطح پر مون سون کی آمد سے متعلق زرعی مشورے فراہم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور حرکیاتی ماڈل پر مبنی ایک مشترکہ ماڈل تیار کیا گیا ہے۔
- نیشنل سینٹر فار میڈیم رینج ویدر فورکاسٹنگ (این سی ایم آر ڈبلیو ایف) میں عملی طور پر استعمال ہونے والے ’’مِتھونا-جی ایل بی‘‘ تجزیے سے ابتدائی معلومات حاصل کرنے والے پہلے سے تربیت یافتہ مصنوعی ذہانت پر مبنی موسمی پیش گوئی کے ماڈلز کے ذریعے تجرباتی مشین لرننگ موسمی پیش گوئیاں تیار کی جا رہی ہیں۔ ان پیش گوئیوں کو جائزے اور عملی طور پر استعمال ہونے والے ’’مِتھونا گلوبل عددی موسمی پیش گوئی نظام‘‘ سے حاصل ہونے والی پیش گوئیوں کے ساتھ موازنے کے لیے بھارتی محکمۂ موسمیات کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔
سی این این پر مبنی امتیاز کی اصلاح کے ماڈل کے نفاذ کے ذریعے مختصر سے متوسط مدت کی موسمی پیش گوئی کی درستگی میں بہتری آئی ہے۔ تاہم، چونکہ زیادہ تر مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ پر مبنی پیش گوئی کے نظام فی الحال تجرباتی اور جائزے کے مرحلے میں ہیں، اس لیے جانی نقصان، املاک کے نقصان اور روزگار و معاش کے ذرائع کو کم کرنے میں ان کے آزادانہ کردار کا ابھی تک کوئی الگ مقداری جائزہ نہیں لیا گیا ہے۔
مشن موسم کے تحت پونے میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹراپیکل میٹرولوجی (آئی آئی ٹی ایم) نے ایک مخصوص مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ مرکز قائم کیا ہے، جس کا مقصد بہتر موسمی پیش گوئی، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور علاقائی زبانوں میں موسمی معلومات کی ترسیل کے لیے حقیقی وقت کے مشاہدات اور پیش گوئیوں کو یکجا کرنے کے لیے درکار تکنیکی نظام تیار کرنا ہے۔مزید برآں،بھارتی محکمۂ موسمیات مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک مربوط قومی پیشگی انتباہی پلیٹ فارم قائم کرنے کی سمت میں کام کر رہا ہے۔ اس پلیٹ فارم میں سیٹلائٹ مشاہدات، ڈوپلر موسمی ریڈار کے مشاہدات، موقع پر کیے جانے والے موسمی مشاہدات، خودکار موسمی اسٹیشنوں، سمندری اور دریائی مشاہدات، طبیعیاتی اصولوں پر مبنی موسمی و آب و ہوا کے ماڈلز اور مصنوعی ذہانت پر مبنی پیش گوئی کے نظام کو یکجا کیا جائے گا۔اس پلیٹ فارم کا مقصد زیادہ درستگی اور پیشگی اطلاع کے زیادہ وقت کے ساتھ اثرات پر مبنی پیش گوئیاں اور خطرات پر مبنی انتباہات تیار کرنا ہے، تاکہ آفات سے نمٹنے کی تیاری اور خطرات میں کمی کے اقدامات کو مؤثر طور پر معاونت فراہم کی جا سکے۔
2026 کے جنوب مغربی مون سون کے موسم کے دوران مقامی سطح پر زرعی مون سون کی آمد سے متعلق مشورے فراہم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ پر مبنی ایک مشترکہ ماڈل تیار کیا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے 15 ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے کے تقریباً 5.28 کروڑ کسانوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے مشورے بھیجے گئے۔’’موسم وانی‘‘ ایپلی کیشن کو بازیافت سے تقویت یافتہ تخلیق (آر اے جی) پر مبنی پلیٹ فارم کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے، جو حقیقی وقت کی موسمی پیش گوئیوں کو خودکار طور پر علاقائی زبانوں میں مقامی نوعیت کے موسمی مشوروں میں تبدیل کرے گا۔بھارتی محکمۂ موسمیات موبائل ایپلی کیشنز، ایس ایم ایس، ٹیلی ویژن، ریڈیو، ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سمیت متعدد مواصلاتی ذرائع کے ذریعے موسمی پیش گوئیاں اور انتباہات جاری کرتا ہے۔ علاقائی زبانوں میں معلومات کی ترسیل کو بہتر بنانے کے لیے بھاشنی سمیت مصنوعی ذہانت سے فعال کثیر لسانی ذرائع سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔موسمی پیش گوئیوں اور اثرات پر مبنی انتباہات کو مرکزی اور ریاستی حکومت کی ایجنسیوں، آفات کے انتظام سے متعلق حکام اور ذرائع ابلاغ کے اداروں کے باہمی تعاون پر مبنی نظام کے ذریعے بھی لوگوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد کسانوں، ماہی گیروں، ساحلی علاقوں کی آبادی، پہاڑی علاقوں کے رہنے والوں اور دیگر کمزور طبقات تک بروقت معلومات پہنچانا ہے۔مزید برآں، ’’موسم جی پی ٹی‘‘ جیسی بڑے لسانی ماڈل (ایل ایل ایم) پر مبنی ایپلی کیشنز تیار کی جا رہی ہیں، جو موسمی پیش گوئیوں، اثرات پر مبنی انتباہات اور آب و ہوا کے آئندہ رجحانات کے مختصر، آسان اور کثیر لسانی خلاصے تیار کریں گی۔ اس طرح موسمی معلومات کو آخری سطح تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔
یہ اطلاع ارضیاتی علوم کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں دی۔
******
ش ح ۔ ا ع خ ۔ م ا
UR No-2312
(रिलीज़ आईडी: 2301235)
आगंतुक पटल : 11