سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
پارلیمانی سوال: قومی کوانٹم مشن
प्रविष्टि तिथि:
12 AUG 2026 3:32PM by PIB Delhi
سائنس و ٹیکنالوجی، ارضیاتی سائنسز کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات و پنشن، جوہری توانائی اور خلاء کے محکمہ کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایاکہ حکومت اپنے قائم کردہ نظامِ حکمرانی کے ذریعے قومی کوانٹم مشن (این کیو ایم) کے نفاذ کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیتی ہے۔ اس میں مشن گورننگ بورڈ (ایم جی بی)، مشن ٹیکنالوجی ریسرچ کونسل (ایم ٹی آر سی)، دیگر ماہر کمیٹیوں اور موقع پر کیے جانے والے جائزوں کے ذریعے نگرانی شامل ہے۔ اس کے علاوہ، 10 اور 11 اپریل 2026 کو سالانہ کوانٹم کانکلیو بھی منعقد کیا گیا، جس میں موضوعاتی مراکز، تکنیکی گروپوں، اسٹارٹ اَپس اور مشن سے متعلق دیگر سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سال 2025-26 کے دوران مشن کے تحت نمایاں پیش رفت ہوئی، جن میں شامل ہیں:
- تعلیمی اداروں، تحقیقی اداروں اور صنعتی شعبے کی شراکت سے چار موضوعاتی مراکز (ٹی-ہبس) فعال کیے گئے، جن میں 14 تکنیکی گروپ اور 17 منصوبہ جاتی ٹیمیں شامل ہیں۔
- کوانٹم پروسیسر، سینسر، اشیاء اور آلات کی ملکی سطح پر تیاری کو ممکن بنانے کے لیے آئی آئی ایس سی بنگلور، آئی آئی ٹی بمبئی، آئی آئی ٹی کانپور اور آئی آئی ٹی دہلی میں تحقیق سے متعلق بنیادی سہولتیں، جن میں فیبریکیشن اور مرکزی سہولتیں شامل ہیں، قائم کی جا رہی ہیں۔
- 3. دیسی کوانٹم الگورتھم اور سافٹ ویئر کی تیاری کے لیے کوانٹم الگورتھم تکنیکی گروپ کے تحت 17 مخصوص منصوبہ جاتی ٹیمیں قائم کی گئی ہیں۔
- آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای) کے تعاون سے کوانٹم ٹیکنالوجی میں گریجویٹ مائنر اور ایم ٹیک پروگراموں کے ذریعے افرادی قوت کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، تعلیم، ہنرمندی کی ترقی اور انسانی وسائل کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے ملک بھر میں 23 کوانٹم لرننگ لیبارٹریاں قائم کی جا رہی ہیں۔
- دیسی کوانٹم ٹیکنالوجی کی ترقی اور اس کی تجارتی سطح پر پیش رفت کے لیے 17 کوانٹم ٹیکنالوجی اسٹارٹ اَپس کو معاونت فراہم کرکے کاروباری سرگرمیوں اور اختراع کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
- کوانٹم کمپیوٹنگ، کوانٹم کمیونیکیشن، کوانٹم سینسنگ و میٹرولوجی، اور کوانٹم اشیاء و آلات کے شعبوں میں تحقیق اور تکنیکی ترقی کی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں۔ یہ مشن ملکی کوانٹم ٹیکنالوجی اور ضروری پرزوں کی تیاری میں مدد فراہم کرتا ہے، جنہیں محفوظ مواصلات، سائبر سکیورٹی، صحت خدمات، مالیات، نیویگیشن اور درست و معیاری مینوفیکچرنگ جیسے اہم اور اسٹریٹجک شعبوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
دفاعی تحقیق و ترقی کے ادارے (ڈی آر ڈی او) نے کوانٹم ٹیکنالوجی کے شعبے میں دیسی مصنوعات تیار کی ہیں، جن کی ٹیکنالوجی منتقلی (ٹی او ٹی) کی سہولت صنعت کو فراہم کی گئی ہے۔ ان میں کوانٹم رینڈم نمبر جنریٹر (کیو آر این جی) اور کوانٹم کمپیوٹر پروسیسر کے لیے آر ایف ایس او سی پر مبنی کنٹرولر (آر سی کیو سی پی) شامل ہیں۔ ڈی آر ڈی او درج ذیل اقدامات کے ذریعے کوانٹم ٹیکنالوجی کے شعبے میں تحقیق، اختراع اور صنعت و تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کو بھی فروغ دے رہا ہے:
-
- ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ فنڈ (ٹی ڈی ایف) اسکیم کے تحت ایم ایس ایم ایز اور اسٹارٹ اَپس کو انڈین ڈیزائن، ڈیولپڈ اینڈ مینوفیکچرڈ (آئی ڈی ڈی ایم) فریم ورک کے تحت دیسی دفاعی ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے گرانٹ اِن ایڈ یعنی مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔
-
- کوانٹم ٹیکنالوجی کے شعبے میں مشترکہ تحقیق کو فروغ دینے کے لیے مختلف آئی آئی ٹیز، آئی آئی ایس سی اور مرکزی یونیورسٹیوں میں ڈی آر ڈی او انڈسٹری اکیڈمیا سینٹرز آف ایکسیلنس (ڈی آئی اے سی او ای) قائم کیے گئے ہیں۔
-
- ریسرچ سروسز کے حصول کے لیے معاہدے (سی اے آر ایس) کے تحت ڈی آر ڈی او کی تجربہ گاہیں تعلیمی اور تحقیقی اداروں کو تحقیق کے لیے شامل کرتی ہیں، تاکہ بنیادی تحقیق اور پروٹوٹائپ کی تیاری کے درمیان موجود خلا کو پُر کیا جا سکے۔ اس سے ٹیکنالوجی کو عملی شکل دینے اور مصنوعات کی تیاری میں مدد ملتی ہے۔
الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت نے کیو یونیورس کے نام سے ایک متحدہ کوانٹم کمپیوٹنگ پلیٹ فارم تیار کیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ (ایچ پی سی) نظام سے منسلک ہے اور طلبہ، محققین اور اسٹارٹ اَپس کو مختلف کوانٹم ہارڈویئر پلیٹ فارمز پر کوانٹم الگورتھم ڈیزائن کرنے، ان کی سیمولیشن کرنے اور انہیں چلانے کے لیے کوانٹم کمپیوٹنگ کے وسائل فراہم کرتا ہے۔
محکمۂ خلاء کے تحت ہندوستانی خلائی تحقیق کاادارہ (اسرو)، ، کوانٹم ٹیکنالوجی کے منصوبوں کے تکنیکی جائزے اور نگرانی کے لیے منظم منصوبہ جاتی جائزہ طریقۂ کار اختیار کرتا ہے۔ ان طریقۂ کار میں بنیادی ڈیزائن جائزہ (بی ڈی آر)، ابتدائی ڈیزائن جائزہ (پی ڈی آر)، اہم ڈیزائن جائزہ (سی ڈی آر)، مستقل ماہر جائزہ کمیٹی (ایس پی آر سی) اور ماہرین کی جائزہ کمیٹی (ای آر سی) شامل ہیں۔ اسرو، آئی آئی ایس سی، آئی آئی ٹی، این آئی ٹی، احمدآباد یونیورسٹی اور ایس۔ این۔ بوس نیشنل سینٹر فار بیسک سائنسز (ایس آئی این پی) کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے صنعت اور تعلیمی شعبے کے درمیان تعاون کو فروغ دیتا ہے۔ یہ مہارتوں کی ترقی کے لیے کوانٹم ٹیکنالوجی پر منظم تربیتی پروگرام (ایس ٹی پی) اور ورکشاپس بھی منعقد کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، اس نے کوانٹم ٹیکنالوجی کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچہ بھی قائم کیا ہے، جس میں کوانٹم اور آپٹیکل لیبارٹریز، خصوصی ذیلی نظام کی تجربہ گاہیں، آپٹیکل گراؤنڈ اسٹیشنز اور پے لوڈ و سیٹلائٹ کی اسمبلی، جانچ اور لانچ کی سہولتیں شامل ہیں۔
قومی کوانٹم مشن کے تحت ممتاز تعلیمی اداروں میں چار موضوعاتی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جو درج ذیل شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں:
|
موضوعاتی ہب
|
میزبان انسٹی ٹیوٹ
|
تحقیق کا شعبہ
|
|
کوانٹم کمپیوٹنگ
|
آئی آئی ایس سی بنگلور(سی ڈیک،کرناٹک کے تعاون سے)
|
متعدد کیوبٹ پلیٹ فارمز پر کوانٹم کمپیوٹنگ ٹیکنالوجی، جن میں سیمی کنڈکٹنگ، فوٹونک، نیوٹرل ایٹم، الیکٹران اسپن اور سپر کنڈکٹنگ کیوبٹ شامل ہیں؛ کوانٹم الگورتھم؛ اور معاون ٹیکنالوجیز۔
|
|
کوانٹم کمیونیکیشن
|
آئی آئی ٹی مدراس(سی-ڈاٹ ، نئی دہلی کے تعاون سے )، تمل ناڈو
|
کوانٹم کمیونیکیشن اور سائبر سکیورٹی ٹیکنالوجی، جس میں ٹرسٹڈ نوڈ سے پاک ہائبرڈ کوانٹم نیٹ ورک، پوسٹ کوانٹم کرپٹوگرافی (پی کیو سی)، کوانٹم ریپیٹر، زمینی سطح پر فائبر پر مبنی کوانٹم کی ڈسٹری بیوشن (کیو کے ڈی) نیٹ ورک اور سیٹلائٹ پر مبنی کوانٹم کمیونیکیشن شامل ہیں۔
|
|
کوانٹم سینسنگ اور میٹرولوجی
|
آئی آئی ٹی بمبئی ، مہاراشٹر
|
کوانٹم سینسنگ اور میٹرولوجی ٹیکنالوجی، جس میں این وی سینٹر پر مبنی سینسر، میگنیٹو میٹر، گریوی میٹر، کوانٹم سے بہتر بنائے گئے سینسر، کوانٹم سے بہتر بنائی گئی امیجنگ اور درست پیمائش کے نظام شامل ہیں۔
|
|
کوانٹم اشیاء اور آلات
|
آئی آئی ٹی دہلی ، نئی دہلی
|
کوانٹم اشیاءاور آلات، جن میں کوانٹم ڈاٹس، اسپن ٹرونک اشیاء، فوٹونک آلات اور کوانٹم نظام کو معاونت فراہم کرنے والی ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔
|
قومی کوانٹم مشن ملک بھر میں نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس مشن کے تحت مہاراشٹر میں کوانٹم تحقیق، تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کو مضبوط بنانے کے لیے آئی آئی ٹی بمبئی (مہاراشٹر) میں کوانٹم سینسنگ اینڈ میٹرولوجی کا موضوعاتی مرکز اور ناگپور کے وشویشوریا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (وی این آئی ٹی) میں کوانٹم تدریسی تجربہ گاہ قائم کی گئی ہے۔
*****
(ش ح-ع ح -م ش)
U.R . 2302
(रिलीज़ आईडी: 2301076)
आगंतुक पटल : 8