لوک سبھا سکریٹریٹ
لوک سبھا اسپیکر نے جناب کووند کی داستانِ حیات کو ’’نسلوں کے لیے دیرپا تحریک‘‘ کا سرچشمہ قرار دیا
وزیر اعظم نے سابق صدرِ جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند کی خودنوشت کی رونمائی کی
جناب کووند کی خودنوشت جدوجہد، عزم اور کامیابی کے غیر معمولی سفر کی عکاس ہے: لوک سبھا اسپیکر
جناب کووند نے سماجی ہم آہنگی اور جامع ترقی کے تئیں غیر متزلزل عزم کے ساتھ آئینی روایات کو برقرار رکھا: لوک سبھا اسپیکر
کووڈ-19 عالمی وبا کے دوران جناب کووند نے عوام میں حوصلہ اور اعتماد پیدا کیا اور راشٹرپتی بھون کو عوام کے لیے مزید قابلِ رسائی بنایا: لوک سبھا اسپیکر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 AUG 2026 9:08PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج نئی دہلی کے وگیان بھون میں سابق صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند کی خودنوشت ‘‘جمہوریۂ ہند کی فتح: میری زندگی، میری جدوجہد’’ کی رسمِ اجرا انجام دی۔ اس موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کتاب کی رونمائی کو باعثِ فخر اور انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
اس موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ اعلیٰ آئینی اقدار کی عملی تصویر سابق صدر جناب رام ناتھ کووند کی خودنوشت عزم، جدوجہد اور کامیابی کے ایک غیر معمولی سفر کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے جناب کووند کی ابتدائی زندگی کے چیلنجوں، بالخصوص تعلیم حاصل کرنے کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک سادہ اور معاشی طور پر پسماندہ پس منظر سے ملک کے اعلیٰ ترین آئینی عہدے تک ان کا سفر ان کے غیر معمولی عزم و حوصلے کی عکاسی کرتا ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ ایک تحریک کا سر چشمہ رہے گا۔
لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ آئینی اقدار کے تئیں جناب کووند کی غیر متزلزل وابستگی نے انہیں ایک وکیل کی حیثیت سے بھی نمایاں خدمات انجام دینے اور اپنی لازوال چھاپ چھوڑنے کے قابل بنایا۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے ان کی مدتِ کار درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی فلاح و بہبود، سماجی انصاف اور عوامی زندگی میں دیانت داری کے لیے ان کی لگن سے عبارت رہی۔
جناب برلا نے جناب کووند کے گورنر کی حیثیت سے دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں شفافیت، معیار اور تکنیکی اختراع کو ایک نئی سمت فراہم کی۔ صدرِ جمہوریۂ ہند کی حیثیت سے انہوں نے بھارتی جمہوریت کی آئینی روایات کو برقرار رکھا اور سماجی ہم آہنگی اور جامع ترقی کے تئیں اپنی غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعدد ممالک کے دوروں کے ذریعے بھی انہوں نے بھارت کے بین الاقوامی سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
جناب برلا نے یہ بھی ذکر کیا کہ کووڈ-19 عالمی وبا کے مشکل دور میں جناب کووند نے ملک کے عوام میں حوصلہ، اتحاد اور اعتماد پیدا کیا اور راشٹرپتی بھون کو عوام کے لیے مزید قابلِ رسائی بنایا۔ انہوں نے اسے جناب کووند کی اہم کامیابیوں میں سے ایک قرار دیا۔
لوک سبھا کے اسپیکر نے مزید کہا کہ صدرِ جمہوریہ کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد بھی جناب کووند اپنے وسیع تجربے، عوامی زندگی کے بارے میں اپنے مشاہدات اور سماجی انصاف کے تئیں اپنی وابستگی کے ذریعے ملک، آئین اور معاشرے کے لیے مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جناب برلا نے یقین ظاہر کیا کہ ‘‘جمہوریۂ ہند کی فتح: میری زندگی، میری جدوجہد’’ کے ذریعے قارئین کو جناب کووند کی زندگی کے اہم واقعات سے واقفیت حاصل ہوگی اور انہیں عوامی زندگی میں بامقصد کردار ادا کرنے کی ترغیب ملے گی۔ انہوں نے اپنی گفتگو کا اختتام کتاب کی اشاعت پر جناب رام ناتھ کووند کو دلی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کیا۔
********
ش ح۔ا ک۔ر ب
U-2218
(ریلیز آئی ڈی: 2300492)
وزیٹر کاؤنٹر : 17