سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے بزرگ شہریوں کی قومی کونسل کے  پانچویں  اجلاس  کی صدارت کی ؛ بزرگوں کی فلاح و بہبود ، صحت کی دیکھ بھال اور انہیں بااختیار بنانے سے متعلق اہم اقدامات ، پالیسی امور کا جائزہ لیا


ای-بک ’’سنیہا – پرورش، شمولیت، خوشی اور فعال عمر رسیدگی کی کہانیاں‘‘ کا اجرا

प्रविष्टि तिथि: 14 AUG 2026 7:52PM by PIB Delhi

سینئر سٹیزنز کی قومی کونسل (این سی ایس آر سی) کی پانچویں میٹنگ آج قومی دارالحکومت میں ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار کی صدارت میں منعقد ہوئی۔

میٹنگ میں سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کے سکریٹری جناب سدھانش پنت، سینئر سٹیزن ڈویژن کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ مونالی پی ڈھکاٹے، کونسل کے اراکین، مرکزی وزارتوں اور محکموں، ریاستی حکومتوں کے نمائندوں، ماہرین، غیر سرکاری تنظیموں اور بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود، صحت کی دیکھ بھال اور انہیں بااختیار بنانے سے متعلق اہم پالیسی امور پر غور و خوض کے لیے بزرگ شہریوں کی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وریندر کمار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ ہر بزرگ شہری وقار، سلامتی، اچھی صحت اور معاشرے میں فعال شرکت کے ساتھ زندگی گزارے۔ انہوں نے زور دیا کہ بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانا وکست بھارت @2047 کے وژن کا ایک لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں سے ایک جامع، عمر دوست اور نگہداشت پر مبنی معاشرے کی تعمیر کے لیے باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کی۔

کونسل نے اٹل ویو ابھودے یوجنا (اے وی وائی اے وائی) کے نفاذ کا جامع جائزہ لیا اور اس کی رسائی، تاثیر اور اثرات کا جائزہ لیا۔ کونسل نے آیوشمان بھارت-پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (اے بی-پی ایم جے اے وائی) کے تحت 60 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام بزرگ شہریوں کو، ان کے مالی پس منظر سے قطع نظر، صحت بیمہ کی کوریج فراہم کرنے کے حکومت کے تاریخی اقدام کے نفاذ پر بھی غور کیا۔ کونسل نے سنٹرل گورنمنٹ ہیلتھ اسکیم (سی جی ایچ ایس) کے ریٹ کارڈ میں جیریاٹرک کیئر گیور خدمات (بزرگوں کی نگہداشت کرنے والے کارکنوں کی خدمات) کو شامل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا۔

کونسل نے بزرگ شہریوں کی قومی کونسل کے چوتھے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں پر کی گئی کارروائی کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر موصوف نے بزرگ شہریوں کو فلاحی خدمات اور فوائد کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور محکموں اور ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے درمیان قریبی تال میل کے ذریعے سفارشات پر تیزی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

کونسل نے بزرگ شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سماجی تحفظ، ادارہ جاتی نگہداشت، فعال عمر رسیدگی، صلاحیت سازی اور کمیونٹی کی شمولیت سے متعلق امور پر غیر سرکاری اراکین، ریاستوں اور متعلقہ وزارتوں و محکموں سے موصول ہونے والی مختلف تجاویز اور سفارشات پر بھی غور کیا۔

اس موقع پر وزیر موصوف نے اکتوبر 2024 سے جون 2026 تک بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے محکمہ کے اہم پروگراموں، اقدامات اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے والی ایک ای بک، ’’سنیہا—پرورش، شمولیت، خوشی اور فعال عمر رسیدگی کی کہانیاں‘‘، کا اجرا کیا۔ ای بک میں صحت مند عمر رسیدگی کو فروغ دینے، قوم کی تعمیر کی سرگرمیوں میں بزرگ شہریوں کی فعال شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے اور وقار کے ساتھ عمر رسیدگی‘‘ کے موضوع کو فروغ دینےکے سلسلے میں وزارت کی مسلسل کوششوں کے 21 ماہ کے سفر کو اجاگر کیا گیا ہے۔

کونسل نے بزرگ شہریوں کے شعبے میں ٹیکنالوجی سے چلنے والی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے دو اہم ڈیجیٹل اقدامات شروع کرنے کے سلسلے میں محکمہ کی کوششوں کو بھی سراہا۔

جے ای وی اے این (جوائنٹ ایلڈرلی امپاورمنٹ اینڈ ورچوئل اسسٹنس نیٹ ورک) ایپ بزرگ شہریوں اور ان کے اہل خانہ کو صارف دوست موبائل پلیٹ فارم کے ذریعے فلاحی اسکیموں اور خدمات تک بلا رکاوٹ اور یکجا رسائی فراہم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ شتایو (ایس ایچ اے ٹی اے وائی یو ) (سینئر ہولسٹک کیئر اسسٹنس اینڈ ٹریننگ فار یور یوٹیلیٹی) کو ایک مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جہاں اپنی جگہ پر عمر رسیدگی کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئےتربیت یافتہ بزرگ نگہداشت کارکنوں کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

میٹنگ میں بین الوزارتی تال میل کو مضبوط بنانے، حکمرانی اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے اور ملک بھر میں بزرگ شہریوں کے لیے صحت مند، فعال اور باوقار عمر رسیدگی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

***

UR-2134

(ش ح۔اس ک  )


(रिलीज़ आईडी: 2299682) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Tamil