سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
مرکزی حکومت نے ایل جی بی ٹی کیو اے آئی پلس برادری کے حقوق کے تحفظ اور سماجی شمولیت کے فروغ کے اقدامات کا اعادہ کیا
اقدامات میں قانونی تحفظ، راشن کارڈ، بینکنگ، صحت کی سہولیات اور ایل جی بی ٹی کیو اے آئی پلس برادری کی سلامتی شامل ہے
प्रविष्टि तिथि:
13 AUG 2026 7:57PM by PIB Delhi
مرکزی حکومت نے ایل جی بی ٹی کیو اے آئی پلس برادری، بشمول انٹر سیکس افراد، کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور سماجی شمولیت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ حکومت نے اس مقصد کے لیے مختلف سماجی شعبوں میں قانونی، انتظامی اور فلاحی اقدامات کیے ہیں۔
راجیہ سبھا میں محترمہ راجاتھی کے ایک تحریری سوال کے جواب میں سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیر مملکت بی ایل ورما نے تعلیم، روزگار، شناختی دستاویزات اور دیگر سہولیات تک ایل جی بی ٹی کیو اے آئی پلس برادری کی رسائی اور شرکت بہتر بنانے کے لیے مختلف وزارتوں اور محکموں کی جانب سے کیے جارہے اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔
حکومت کے جواب میں ایل جی بی ٹی کیو اے آئی پلس برادری کے تحفظ، خدمات تک رسائی اور سماجی شمولیت کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف وزارتوں کے باہمی تعاون پر مبنی طریقہ کار کو اجاگر کیا گیا، جس میں غذائی تحفظ، مالی خدمات، صحت کی سہولیات، امتیاز سے تحفظ اور سلامتی و وقار کو یقینی بنانا شامل ہے۔
وزارت نے بتایا کہ ٹرانس جینڈر افراد (حقوق کا تحفظ) ایکٹ، 2019 میں 2026 میں کی گئی ترمیم کے بعد ٹرانس جینڈر افراد کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے جامع قانونی نظام فراہم کیا گیا ہے۔ قانون میں پیدائشی جسمانی خصوصیات میں فطری تغیرات کے ساتھ پیدا ہونے والے انٹر سیکس افراد کو بھی ٹرانس جینڈر فرد کی تعریف میں شامل کیا گیا ہے۔ قانون اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد امتیاز سے تحفظ فراہم کرتے ہیں اور فلاحی اقدامات اور دیگر سہولیات تک رسائی کو آسان بناتے ہیں۔
محکمہ خوراک اور عوامی تقسیم نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ایک ہدایت جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ موجودہ دفعات کے تحت کسی کوئیر رشتے میں رہنے والے ساتھیوں کو راشن کارڈ کے مقاصد کے لیے ایک ہی گھرانے کا حصہ سمجھا جائے گا۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو یہ بھی یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے کہ راشن کارڈ جاری کرتے وقت ایسے ساتھیوں کے ساتھ کسی قسم کا امتیاز نہ برتا جائے۔
محکمہ مالی خدمات نے بھی ایک ہدایت جاری کرکے واضح کیا ہے کہ کوئیر برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے مشترکہ بینک اکاؤنٹ کھولنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ ہدایت کے مطابق کسی کوئیر رشتے میں شامل شخص کو اکاؤنٹ ہولڈر کی موت کی صورت میں اکاؤنٹ میں موجود رقم حاصل کرنے کے لیے نامزد بھی کیا جاسکتا ہے۔

وزارت صحت و خاندانی بہبود نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سمیت متعلقہ فریقوں کو ایل جی بی ٹی کیو اے آئی پلس برادری کے صحت سے متعلق حقوق کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔ ان اقدامات میں بیداری پروگرام، کنورژن تھراپی پر پابندی، جنسی تبدیلی کی سرجری کی سہولت، نصاب میں ضروری تبدیلیاں، ٹیلی مشاورت کی سہولت، مختلف سطحوں پر عملے کی حساسیت اور تربیت، نیز ایسے معاملات میں لاش حاصل کرنے سے متعلق انتظامات شامل ہیں جہاں کوئی قریبی رشتہ دار، قریبی عزیز یا خاندان کا فرد موجود نہ ہو۔
صحت خدمات کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے بھی ریاستی محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ فریقوں کو ایل جی بی ٹی کیو اے آئی پلس برادری کے لیے صحت کی سہولیات تک رسائی یقینی بنانے اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک کم کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔
وزارت صحت و خاندانی بہبود نے جنسی تفریق سے متعلق عوارض کے ساتھ پیدا ہونے والے شیر خوار بچوں اور بچوں (انٹر سیکس) کے لیے ضروری طبی مداخلت سے متعلق رہنما خطوط بھی تیار کیے ہیں، جن کا مقصد انہیں پیچیدگیوں سے پاک معمول کی طبی زندگی گزارنے کے قابل بنانا ہے۔ وزارت کوئیر برادری کی ذہنی صحت اور بہبود سے متعلق امور کے لیے بھی رہنما خطوط تیار کر رہی ہے۔
وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو کوئیر برادری کے جیل میں ملاقات کے حقوق کے حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ امن و قانون سے متعلق اقدامات کے بارے میں بھی ایک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، تاکہ کوئیر برادری کے ارکان کو تشدد، ہراسانی یا زبردستی کی دھمکیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے.
************
ش ح ۔ م د۔ م ص
(U :2061 )
(रिलीज़ आईडी: 2299231)
आगंतुक पटल : 3