امور داخلہ کی وزارت
درخشاں گاؤں پروگرام-II
प्रविष्टि तिथि:
12 AUG 2026 4:46PM by PIB Delhi
مرکزی حکومت نے 15 فروری 2023 کو اروناچل پردیش، ہماچل پردیش، لداخ (مرکز کے زیر انتظام علاقہ)، سکم اور اتراکھنڈ کی شمالی سرحد سے متصل 46 بلاکس میں واقع منتخب دیہاتوں کی جامع ترقی کے لیے درخشاں گاؤں پروگرام-I (وی وی پی-I) کو مرکز کی اعانت سے چلنے والی اسکیم کے طور پر منظوری دی تھی۔
مرکزی حکومت نے 2 اپریل 2025 کو درخشاں گاؤں پروگرام-II (وی وی پی-II) کو مرکزی شعبے کی اسکیم کے طور پر منظوری دی ہے، جس کے تحت مالی سال 2028-29 تک 6,839 کروڑ روپے کی مجموعی رقم مختص کی گئی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد اروناچل پردیش، آسام، بہار، گجرات، جموں و کشمیر (مرکز کے زیر انتظام علاقہ)، لداخ (مرکز کے زیر انتظام علاقہ)، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، پنجاب، راجستھان، سکم، تریپورہ، اتراکھنڈ، اتر پردیش اور مغربی بنگال میں بین الاقوامی زمینی سرحدوں (آئی ایل بی) سے متصل 334 بلاکس میں واقع 1,954 منتخب دیہاتوں کی جامع ترقی کرنا ہے۔ اس میں وہ شمالی سرحدی علاقے شامل نہیں ہیں جو پہلے ہی وی وی پی-I کے تحت آ چکے ہیں۔ پروگرام کا مقصد ایسے مخصوص اور منفرد چیلنجوں سے نمٹنا ہے جن کے لیے علاقے کی مخصوص ضروریات کے مطابق حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے وی وی پی-I کے تحت اور مرکزی وزارتوں اورمحکموں کے ذریعے مختلف اسکیموں کو باہم مربوط کرکے مجموعی طور پر 2,906 پروجیکٹوں کی منظوری دی گئی ہے۔ اب تک وی وی پی-I کے تحت ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو 959.66 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔
مرکزی حکومت نے وی وی پی-II کے تحت سرحدی دیہات میں مؤثر نفاذ کے لیے مختلف وزارتوں کی اسکیموں کے رہنما خطوط میں ضروری نرمی فراہم کرنے کی غرض سے کابینہ سکریٹری کی صدارت میں ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی (ایچ پی سی) کی تشکیل کی منظوری دی ہے، جس میں داخلہ سکریٹری، سکریٹری (سرحدی انتظام)، سکریٹری (اخراجات) اور متعلقہ وزارت اورمحکمے کے سکریٹری بطور اراکین شامل ہیں۔
یہ معلومات وزارتِ داخلہ میں وزیرِ مملکت جناب نتیا نند رائے نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں دیں۔
******
(ش ح ۔ م م ع۔م ا(
UR.No-1934
(रिलीज़ आईडी: 2298496)
आगंतुक पटल : 9