کامرس اور صنعت کی وزارتہ
نیشنل ایکریڈیٹیشن بورڈ فار ٹیسٹنگ اینڈ کیلیبریشن لیبارٹریز نے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے لیے بھارت کی پہلی ایکریڈیٹیشن اسکیم شروع کی ہے
کثیر فریقی مفاہمت کے اقرارناموں کے تبادلے سے ضابطہ جاتی ہم آہنگی اور مربوط معیاری بنیادی ڈھانچے کو تقویت حاصل ہوئی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 AUG 2026 7:48PM by PIB Delhi
نیشنل ایکریڈیٹیشن بورڈ فار ٹیسٹنگ اینڈ کیلیبریشن لیبارٹریز (این اے بی ایل)، نے جو کوالٹی کونسل آف انڈیا (کیو سی آئی) کا ایک ذیلی ادارہ ہے، نئی دہلی کے ہوٹل اشوکا میں منعقد’’گُنوتا سمنوے – کثیر فریقی مفاہمت ناموں کے تبادلے کی تقریب‘‘ میں مربوط جائزہ پروگرام کے تحت موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے لیے بھارت کی اپنی نوعیت کی پہلی ایکریڈیٹیشن اسکیم شروع کی ہے۔
اس پہل کا مقصد قابلِ اعتماد، معیاری اور بین الاقوامی معیار کے مطابق خوراک کی جانچ کی خدمات عوام اور مختلف کمیونٹیز کے قریب دستیاب کرانا ہے۔ تقریب میں شریک اداروں کے درمیان کثیر فریقی مفاہمت ناموں کا تبادلہ بھی ہوا، جس سے ضابطہ جاتی ہم آہنگی، مربوط جائزے اور زیادہ جامع و مؤثر معیاری بنیادی ڈھانچے کے قیام کی کوششوں کوتقویت حاصل ہوئی۔
صنعت و داخلی تجارت کے فروغ کے محکمے (ڈی پی آئی آئی ٹی) کے سکریٹری جناب امر دیپ سنگھ بھاٹیا کے علاوہ کوالٹی کونسل آف انڈیا، نیشنل ایکریڈیٹیشن بورڈ فار ٹیسٹنگ اینڈ کیلیبریشن لیبارٹریز، ضابطہ جاتی اداروں اور مربوط جائزہ فریم ورک (آئی اے ایف) سے وابستہ مختلف اجناس کے بورڈز کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
این اے بی ایل کی جانب سے تیار کردہ ایکریڈیٹیشن اسکیم موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے لیے ایک ایسا فریم ورک قائم کرتی ہے، جس کے تحت عوام اور مختلف برادریوں کے قریب قابلِ اعتماد، معیاری اور بین الاقوامی معیار کے مطابق جانچ کی خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔ روایتی لیبارٹریوں کے دائرے سے باہر تسلیم شدہ خوراک کی جانچ کی سہولت فراہم کرنے سے اس اقدام سے خوراک کی حفاظت کی نگرانی کے مضبوط ہونے، معیاری جانچ تک رسائی بہتر ہونے، ضابطہ جاتی اقدامات میں تیزی آنے اور صارفین کے اعتماد میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔
کثیر فریقی مفاہمت ناموں کے تبادلے کے ذریعے شریک اداروں نے مربوط جائزے، ضابطہ جاتی ہم آہنگی اور مربوط جائزہ فریم ورک کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔ اس پہل کا مقصد جائزہ عمل میں غیر ضروری تکرار کو کم کرنا، باہمی تسلیم کو فروغ دینا، ضابطہ جاتی کارکردگی بہتر بنانا اور معیار و ضابطوں کی اعلیٰ سطح برقرار رکھتے ہوئے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنا ہے۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی آئی آئی ٹی کے سکریٹری جناب امر دیپ سنگھ بھاٹیا نے پوری قدر و قیمت کے سلسلے میں معیار کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ سکریٹری موصوف نے کہا کہ ’’گُنوتا سمنوے‘‘ جیسے اقدامات معیاری طریقۂ کار کو فروغ دے کر 2047 تک بھارت کی ترقی کے سفر میں اہم رول ادا کریں گے۔
این اے بی ایل کے چیئرمین ڈاکٹر سندیپ شاہ نے ایکریڈیٹیشن اسکیم اور مربوط جائزہ فریم ورک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بھارت کی ترقی میں معاونت کے لیے باہمی تعاون پر مبنی جائزہ عمل اور قابلِ اعتماد اداروں کے رول پر زور دیا۔
کوالٹی کونسل آف انڈیا (کیو سی آئی) کے سکریٹری جنرل جناب چکرورتی ٹی کنن نے ایک مضبوط معیاری نظام تشکیل دینے میں باہمی تعاون، ہم آہنگی اور باہمی اعتماد کی اہمیت پر زور دیا۔ سکریٹری جنرل نے کہا کہ ’’گُنوتا سمنوے‘‘ اقدام اور موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے لیے ایکریڈیٹیشن اسکیم مل کر بھارت کے معیاری بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور معیاری و قابلِ اعتماد جانچ کی خدمات عوام اور مختلف کمیونٹیز کے قریب پہنچانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
’’گُنوتا سمنوے‘‘ کی کامیاب تقریب کوالٹی کونسل آف انڈیا اور نیشنل ایکریڈیٹیشن بورڈ فار ٹیسٹنگ اینڈ کیلیبریشن لیبارٹریز کے باہمی تعاون پر مبنی معیاری اقدامات کو آگے بڑھانے، ضابطہ جاتی ایکسی لنس کو فروغ دینے، متعلقہ فریقوں کے اعتماد میں اضافہ کرنے اور بھارت کے معیاری بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہے۔


******
ش ح ۔ ش م ۔ م ا
UR No-1819
(ریلیز آئی ڈی: 2297694)
وزیٹر کاؤنٹر : 31