سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مہاراشٹر میں پی ایم-یَشَسوی اسکیم کے نفاذ کا باقاعدگی سے جائزہ لیا گیا، وظائف کے دائرۂ کار کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحی اقدامات کئے گئے


سال 2025-26 کے دوران مہاراشٹر میں قبل از میٹرک وظائف اسکیم کے تحت 1,940 لاکھ روپے جاری کئے گئے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 10 AUG 2026 6:58PM by PIB Delhi

مرکزی حکومت نے بتایا ہے کہ مہاراشٹر میں پی ایم-یَشَسوی جامع اسکیم کے نفاذ کا باقاعدگی سے جائزہ، ماہانہ ویڈیو کانفرنسوں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور قومی سطح کی کانفرنسوں کے ذریعے لیا جاتا ہے۔

سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے وزیر مملکت جناب بی۔ ایل۔ ورما نے یہ تحریری جواب، لوک سبھا میں جناب بھاسکر مرلی دھر بھاگڑے، محترمہ سپریا سولے، پروفیسر ورشا ایکناتھ گائیکواڑ، جناب موہتے پاٹل دھیر یاشیل راج سنگھ اور ڈاکٹر امول رام سنگھ کولہے کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں دیا۔

پی ایم-یَشَسوی جامع اسکیم کے تحت دیگر پسماندہ طبقات اور دیگر مستحقین کے لیے قبل از میٹرک وظائف اسکیم، دیگر پسماندہ طبقات اور دیگر مستحقین کے لیے بعد از میٹرک وظائف اسکیم، اسکولوں میں دیگر پسماندہ طبقات اور دیگر مستحقین کے لیے اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی اسکیم، اور کالجوں میں دیگر پسماندہ طبقات اور دیگر مستحقین کے لیے اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی اسکیم شامل ہیں۔

وزیر موصوف نے بتایا کہ قبل از میٹرک اور بعد از میٹرک وظائف اسکیموں کے لیے مرکزی حکومت منظور شدہ مختص رقم کی بنیاد پر نافذ کرنے والی ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو مالی وسائل فراہم کرتی ہے، جبکہ اہل مستحقین کا انتخاب، ان کی تصدیق اور وظائف کی ادائیگی متعلقہ ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی جانب سے کی جاتی ہے۔

جناب ورما نے بتایا کہ تعلیمی سال 2026-2025 سے مہاراشٹر کو دیگر پسماندہ طبقات کے لیے قبل از میٹرک اور بعد از میٹرک وظائف کی دونوں اسکیموں کے لیے قومی وظائف پورٹل سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

فراہم کردہ معلومات کے مطابق، مالی سال 2026-2025 کے دوران مہاراشٹر میں دیگر پسماندہ طبقات، معاشی طور پر پسماندہ طبقات اور غیر درج شدہ قبائل سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے پی ایم-یَشَسوی قبل از میٹرک وظائف اسکیم کے تحت 1,079 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ان میں سے 1,072 درخواستوں کی آدھار کے ذریعے تصدیق کی گئی، جبکہ 575 درخواستوں کی مکمل جانچ اور تصدیق کی گئی۔

دیگر پسماندہ طبقات، معاشی طور پر پسماندہ طبقات اور غیر درج شدہ قبائل سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے پی ایم-یَشَسوی بعد از میٹرک وظائف اسکیم کے تحت مالی سال 2026-2025میں 1,971 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ان میں سے 1,965 درخواستوں کی آدھار کے ذریعے تصدیق کی گئی، جبکہ 576 درخواستوں کی تصدیق مکمل کی گئی۔

وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ حکومت نے 2025-2024 کے دوران مہاراشٹر کی ریاستی حکومت کو دیگر پسماندہ طبقات، معاشی طور پر پسماندہ طبقات اور غیر درج شدہ قبائل سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے قبل از میٹرک وظائف اسکیم کے تحت 555.74 لاکھ روپے جاری کیے، جو 2025-26 میں بڑھ کر 1,940 لاکھ روپے ہو گئے۔ مالی سال 2024-2023  میں ریاست کی جانب سے کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث اس سال کوئی رقم جاری نہیں کی گئی۔

بعد از میٹرک وظائف اسکیم کے تحت گزشتہ تین مالی برسوں کے دوران کوئی مرکزی امداد جاری نہیں کی گئی۔ جواب میں بتایا گیا کہ اس کی وجوہات میں مالی سال 2025-2024  میں تجاویز موصول نہ ہونا، مالی سال 2025-2024  میں ریاست کے خصوصی اکاؤنٹ میں غیر استعمال شدہ رقم کا موجود ہونا، اور مالی سال 2026-2025  کے دوران مہاراشٹر حکومت کی جانب سے رقم کی تقسیم میں پیش آنے والا تکنیکی مسئلہ شامل ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001QKRA.jpg

دیگر پسماندہ طبقات، معاشی طور پر پسماندہ طبقات اور غیر درج شدہ قبائل کے لیے اسکولوں میں اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی اسکیم کے تحت 2025-2024  میں 3,470 نئی درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 2,324 کی حتمی تصدیق کی گئی۔ 2025-2024  میں 2,192 نئی درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 1,195 کی حتمی تصدیق ہوئی۔ 2026-2025  میں 8,402 نئی درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 4,533 کی حتمی تصدیق کی گئی۔

اسکولوں میں اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی اسکیم کے تحت مہاراشٹر کو جاری کی جانے والی رقم 2025-2024  میں 52.31 لاکھ روپے سے بڑھ کر 2025-2024  میں 258.55 لاکھ روپے اور 2026-2025  میں 509.37 لاکھ روپے ہو گئی۔

دیگر پسماندہ طبقات، معاشی طور پر پسماندہ طبقات اور غیر درج شدہ قبائل کے لیے کالجوں میں اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی اسکیم کے تحت 2025-2024  میں 363 نئی درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 342 کی حتمی تصدیق کی گئی۔ 2025-2024  میں 731 نئی درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 611 کی حتمی تصدیق ہوئی۔

کالجوں میں اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی اسکیم کے تحت جاری کی جانے والی رقم 2025-2024  میں 1,000.39 لاکھ روپے سے بڑھ کر 2025-2024  میں 2,712.14 لاکھ روپے اور 2026-2025  میں 2,857.95 لاکھ روپے ہو گئی۔

وزیر موصوف نے بتایا کہ مہاراشٹر میں وظائف کے محدود دائرۂ کار کے مسئلے کو دور کرنے کے لیے ضروری اصلاحی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات میں اہل مستحقین کو اسکیم کے بارے میں آگاہ کرنا، رسائی کو بہتر بنانے کے لیے تعلیمی اداروں اور ضلعی حکام کے ساتھ قریبی تال میل قائم کرنا، اور درخواستوں و تصدیق کے عمل کی باقاعدگی سے نگرانی کرنا شامل ہے، تاکہ وظائف کی رقم بروقت اور درست طور پر تقسیم کی جا سکے۔

حکومت نے یہ بھی بتایا کہ وظائف کی رقم جاری کرنے میں تاخیر کی بنیادی وجوہات میں ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی جانب سے نامکمل تجاویز پیش کرنا، پہلے سے جاری کی گئی رقم کے استعمال کے سرٹیفکیٹ جمع نہ کرانا، بعض ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کا ایس این اے-اسپارَش نظام سے منسلک نہ ہونا اور بینک کھاتوں کو آدھار سے منسلک نہ کرنا شامل ہیں۔ حکومت نے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے لیے ایس این اے-اسپرَش نظام سے منسلک ہونا لازمی قرار دیا ہے، تاکہ رقم کے حقیقی وقت میں استعمال کی بنیاد پر نگرانی کے ذریعے وظائف کی رقم کی تقسیم میں کارکردگی اور شفافیت کو بہتر بنایا جا سکے۔

حکومت علاقائی اور قومی سطح کے جائزہ اجلاسوں اور ویڈیو کانفرنسوں کے ذریعے تجاویز اور استعمال کے سرٹیفکیٹس بروقت جمع کرانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ مہاراشٹر میں پی ایم-یَشَسوی اسکیم کے تحت مستحقین تک رسائی، درخواستوں کی تصدیق اور وظائف کی بروقت تقسیم کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

********

ش ح۔ع ح   ۔رض

U-1792


(ریلیز آئی ڈی: 2297479) وزیٹر کاؤنٹر : 34