شہری ہوابازی کی وزارت
شہری ہوا بازی کے وزیرجناب رام موہن نائیڈو کی موجودگی میں پون ہنس اور ناروے کی نویمی ایرو اسپیس کے درمیان مفاہمت نامہ پر دستخط
الیکٹرک سی پلین کی ٹیکنالوجی اور پائیدار ہوا بازی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
प्रविष्टि तिथि:
05 AUG 2026 9:24PM by PIB Delhi
شہری ہوابازی کی وزارت کے تحت حکومت ہند کے ادارے پون ہنس لمیٹڈ (پی ایچ ایل) نے آج ناروے کی نومی ایرو اسپیس (ایلفلائی اے ایس) کے ساتھ اگلی نسل کی پائیدار ہوابازی ٹیکنالوجیز، بشمول الیکٹرک سی پلین کے حل، میں باہمی تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے لیے ایک غیر پابند مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے۔
اس مفاہمت نامے پر شہری ہوابازی کے وزیر جناب رام موہن نائیڈو کنجاراپو اور شہری ہوابازی کی وزارت کے سکریٹری جناب سمیر کمار سنہا کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔
معاہدے پر پون ہنس لمیٹڈ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر جناب سنیل کمار ناگڈونے اور ناروے کی نومی ایرو اسپیس (ایلفلائی اے ایس) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب ایرک فرانسوا لیتھون نے دستخط کیے۔
مجوزہ تعاون کے تحت الیکٹر سی پلین کی ٹیکنالوجیز،ہنرمندی کی ترقی اور صلاحیت سازی،تکنیکی معلومات کا تبادلہ اور ورکشاپس،فزیبلٹی اسٹڈیز کےشعبوں میں ممکنہ اشتراک کے امکانات تلاش کرنے کے لیے ایک فریم ورک قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
یہ اقدام حکومت ہند کے علاقائی رابطے، ماحول دوست ہوابازی، جدت پر مبنی ترقی، جزائر کے درمیان رابطے اور ابھرتی ہوئی ہوابازی ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔
اس موقع پر شہری ہوابازی کے وزیر جناب رام موہن نائیڈو کنجاراپو نے کہاکہ‘‘یہ تعاون شہری ہوابازی کے شعبے میں مقامی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے امکانات تلاش کرنے کے ہمارے وسیع تر وژن کی عکاسی کرتا ہے۔’’
جناب رام موہن نائیڈو نے مزید کہاکہ ‘‘ہمارا وژن صرف ہندوستان میں سی پلین چلانے تک محدود نہیں ہے؛ ہم انہیں ہندوستان میں تیار بھی کرنا چاہتے ہیں، جو وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ‘میک اِن انڈیا’ وژن کے مطابق ہے۔ اس کے علاوہ، مرکزی بجٹ 2026 میں سی پلین کے فروغ کے لیے حکومت کے وژن کو مضبوطی سے پیش کیا گیا ہے۔ اس میں سی پلین کی تیاری میں مقامی سطح پر اجزا اور ٹیکنالوجی کی تیاری کو فروغ دینے کے لیے مراعات دینے کی تجویز ہے۔ آپریشنز میں معاونت فراہم کرنے کے لیے سی پلین کے لیے وی جی ایف اسکیم بھی متعارف کرائی جائے گی۔ اگر ہم عالمی ٹیکنالوجی شراکت داری کو بھارت کی مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کے ساتھ جوڑ دیں تو ہم سی پلین کی مقامی اور علاقائی مانگ پوری کر سکتے ہیں۔’’
وزیر موصوف نے مزید کہاکہ‘‘گزشتہ دو برسوں کے دوران حکومت ہند نے ملک میں سی پلین کے فروغ کے لیے کئی ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ ہم نےسی پلین کے آپریشنز کے لیے خصوصی رہنما خطوط جاری کیے، ضابطہ جاتی نظام کو آسان بنایا اور ملک بھر میں مظاہرے کے طور پر پرواز بھی کی، تاکہ متعلقہ فریقین کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔’’
ناروے کے شہر برگن میں صدر دفتر رکھنے والی نومی ایرو اسپیس (ایلفلائی اے ایس) اگلی نسل کی الیکٹرک سی پلین کی ٹیکنالوجی تیار کرنے کے شعبے میں سرگرم ہے۔ کمپنی کو اپنے ترقیاتی پروگرام کے لیے حکومت ناروے کی جانب سے مالی معاونت بھی حاصل ہے۔
یہ مفاہمت نامہ بنیادی طور پر امکانات تلاش کرنے کی نوعیت کا ہے اور اس میں کسی قسم کی مالی وابستگی، خریداری کا عہد، سرمایہ کاری کی ذمہ داری یا خصوصی شراکت داری شامل نہیں ہے۔ ان مذاکرات کے نتیجے میں مستقبل میں ہونے والا کوئی بھی تعاون الگ سے طے پانے والے حتمی معاہدوں اور مجاز حکام کی ضروری منظوریوں سے مشروط ہوگا، جو قابلِ اطلاق قوانین اور حکومت ہند کے مقررہ طریقۂ کار کے مطابق حاصل کی جائیں گی۔
یہ اقدام پون ہنس لمیٹڈ کے جدت، عملی کارکردگی میں عمدگی اور اسٹریٹجک بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے ہندوستان کے بدلتے ہوئے ہوابازی کے ماحولیاتی نظام کی معاونت کے لیے اس کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔




***
ش ح۔ م م ع۔ش ب ن
U-1706
(रिलीज़ आईडी: 2297000)
आगंतुक पटल : 14