وزارت سیاحت
سیاحت کی وزارت اور نیٹ فلیکس نے کہانی سنانے کے فن کے ذریعہ ہندوستان کے سیاحتی تجربات کو دکھانے کے لیے شراکت داری کی
سینما محض تفریح نہیں، بلکہ ثقافت، ورثے اور سیاحت کو جوڑنے والا ایک مضبوط پل ہے: جناب گجیندر سنگھ شیخاوت
प्रविष्टि तिथि:
05 AUG 2026 10:44PM by PIB Delhi
وزارت سیاحت نے اور نیٹ فلیکس کے اشتراک سے آج ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ہندوستان میں نیٹ فلیکس کی دس پورے ہونے کی یاد منائی گئی۔ اس موقع پر اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ مؤثر داستان گوئی کس طرح دنیا بھر کے ناظرین کو ہندوستان کے شاندار ثقافتی ورثے، متنوع قدرتی مناظر اور منفرد سیاحتی تجربات سے جوڑنے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

اس تقریب میں نئی دہلی کے نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ (این جی ایم اے) میں مرکزی وزیر برائے ثقافت و سیاحت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت اور نیٹ فلیکس کے شریک چیف ایگزیکٹو افسر جناب ٹیڈ سیرینڈوس کے درمیان ایک خصوصی گفتگو کا اہتمام کیا گیا۔ اس تبادلۂ خیال میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ مستند اور حقیقت پر مبنی داستان گوئی کس طرح لوگوں کو سیاحت کی جانب راغب کر سکتی ہے۔ مختلف ثقافتوں کے بارے میں گہری سمجھ پیدا کر سکتی ہے اور ہندوستان کے منفرد سیاحتی مقامات، تہذیبی روایات اور ثقافتی ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کرکے عالمی سطح پر ملک کے نرم اثر و رسوخ کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔
اس اشتراک کے تحت وزارتِ سیاحت نے ‘‘نیٹ فلیکس پر دیکھی گئی جھلکیاں’’ کے عنوان سے ایک خصوصی حصہ ناقابل یقین بھارت کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم میں شامل کیا ہے۔ جس کے ذریعہ سیاح ہندوستان کے اُن مقامات سے واقف ہو سکیں گے جو نیٹ فلیکس کی مقبول فلموں اور سلسلہ وار پیشکشوں میں دکھائے گئے ہیں۔ یہ اقدام ہندوستان کے دلکش قدرتی مناظر، رنگا رنگ تہواروں، عظیم ثقافتی ورثے، متنوع جنگلی حیات اور مشہور سیاحتی مقامات کو اجاگر کرتا ہے، ساتھ ہی ناظرین کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ پردۂ اسکرین پر دیکھے گئے مناظر کو حقیقی سفر کا حصہ بنا کر خود بھی ان مقامات کی سیر کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے سیاحت و ثقافت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ سینما صرف تفریح کا ذریعہ نہیں ہے، بلکہ یہ ثقافت، ورثے اور سیاحت کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ ہندوستان کی ہر کہانی میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ دنیا کے کسی نہ کسی حصے میں موجود کسی شخص کوہندوستان کو جاننے ،یہاں آنے اور اس کے تجربات سے لطف اندوز ہونے کے لیے متاثر کر سکے۔
‘‘نیٹ فلیکس کے ساتھ ہمارا اشتراک، جس میں ’ناقابلِ یقین بھارت‘ پورٹل پر ’نیٹ فلیکس پر دیکھی گئی جھلکیاں‘ کے خصوصی حصے کا شامل کیا جانا بھی شامل ہے۔ ہندوستان کی مالا مال ثقافتی گوناگونی کو دنیا کے سامنے پیش کرنے اور مستند کہانی گوئی کے ذریعے عالمی سطح پر اس کے نرم اثر و رسوخ کو مضبوط بنانے کے ہمارے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
ہم مل کر ہندوستان کی کہانیوں کو مزید دور تک پہنچانے اور دنیا بھر کے لوگوں کو ان شاندار مقامات کی سیر کے لیے ترغیب دینے کے منتظر ہیں، جن کے پس منظر میں یہ کہانیاں تخلیق کی گئی ہیں۔’’
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزارتِ سیاحت کے سکریٹری جناب بھونیش کمار نے سیاحتی مقامات کی کشش پیدا کرنے اور لوگوں کے سفری انتخاب کو متاثر کرنے میں کہانی گوئی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور تخلیقی شعبے کے درمیان نئی دور کی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی مدد سے قائم ہونے والی اسٹریٹیجک شراکت داریاں اس طریقے کو تبدیل کر رہی ہیں۔ جس کے ذریعہ سیاحتی مقامات کو دریافت کیا جاتا ہے اور ان کے تجربات حاصل کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستند اور حقیقی کہانیاں سیاحوں کو سفر کے لیے ترغیب دینے، پائیدار سیاحت کو فروغ دینے اور مقامی برادریوں کے لیے بامعنی معاشی مواقع پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
اس تقریب میں ہندوستان کی جنگلی حیات پر مبنی ایک خصوصی فلم بھی پیش کی گئی۔ جسے وزارتِ سیاحت اور نیٹ فلیکس نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ اس فلم میں ہندوستان کی غیر معمولی حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیات سے متعلق سیاحتی تجربات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے عظیم ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے والی ایک الگ فلم بھی پیش کی گئی، جو وزارتِ ثقافت اور نیٹ فلیکس کے باہمی اشتراک کا حصہ ہے۔
یہ اشتراک اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ کہانی گوئی کی عالمی کشش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستان کو دنیا کے پسندیدہ سیاحتی مقامات میں شامل مقام دلایا جائے۔ اس شراکت داری کے ذریعے پردۂ اسکرین پر دکھائی جانے والی کہانیوں کو متاثر کرنے والے مقامات، لوگوں اور روایات سے ناظرین کو جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ وہ حقیقی تجربات پر مبنی سفر کے لیے راغب ہوں اور ساتھ ہی ہندوستان کی بے مثال ثقافتی اور قدرتی تنوع کو دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔
***
ش ح۔م ح۔ش ت
UN-1462
(रिलीज़ आईडी: 2295360)
आगंतुक पटल : 4